Inquilab Logo Happiest Places to Work

وسئی -ویرار سیکشن پر لوکل ٹرینیں بند ہونے سے مسافربے حال

Updated: July 08, 2026, 9:09 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

سینٹرل ریلوے میں بھی ٹرینوں میں تاخیر ۔ ۱۷؍ طویل مسافتی ٹرینیں رد ۔۲۹؍ ٹرینوں کے روٹ بدلے گئے۔ بعض ٹرینیں ۱۸؍ گھنٹے تاخیر سےممبئی پہنچیں۔

Rain.Photo:INN
بارش۔ تصویر:آئی این این
تیز بارش کی وجہ سے پٹریوںپر پانی بھرجانے سے  منگل کو بھی وسئی -ویرار سیکشن پر لوکل ٹرینیں بند رہیں جس سے  ہزاروں مسافروں کو زبردست دقتوں کا سامناکرناپڑا۔ دیگر لوکل ٹرینیں بھی تاخیر سے چلائی گئیں۔ مسافروں کو اپنی منزل تک پہنچنے کیلئے کافی تگ ودو کرنی پڑی اور دیگر ذرائع سفر کااستعمال کرنا پڑا جو مسافروں کی کثرت کے سبب ناکافی ثابت ہورہے تھے۔ ان حالات سے ریلوے انتظامیہ کے تمام تیاریوں کے دعوے کی قلعی کھل گئی ۔
 
 
و یسٹرن ریلوے میں ٹرین خدمات متاثر
۶؍ جولائی کو ہونے والی تیزبارش کے سبب جہاں پیر کے دن وسئی ویرار سیکشن پر لوکل اور طویل مسافتی ٹرین خدمات بری طرح متاثر ہوئی تھیں وہیں یہ مسئلہ دوسرے دن بھی    برقرار رہا۔ ویسٹرن ریلوے کے چیف پی آر او ونیت ابھیشیک نے نمائندۂ انقلاب کوبتایا کہ ’’منگل کو  علی الصباح ساڑھے ۴؍ بجے سے طویل مسافتی ٹرینیں آہستہ آہستہ گزاری گئیں مگر لوکل ٹرینوں کی آمد و رفت بند کردی گئی تھی۔ شام کوساڑھے ۶؍بجے کے بعد اس سیکشن پر سلولائن کی لوکل سروسیز شروع کی گئیں مگر فاسٹ لوکل بند رکھی گئیں اور اس پر سے طویل مسافتی ٹرینوں کو گزارا گیا۔ ‘‘ انہوں نے یہ بھی بتایاکہ ’’چرچ گیٹ- وسئی اور ویرار- دہانو روڈ سیکشن پر ٹرینیںمعمول کے مطابق چلائی گئیں، کوشش کی گئی کہ کسی طرح پٹریو ںپرجمع پانی نکلے اورپوری طرح سے ٹرینیں معمول پرآجائیں۔‘‘ انہوں نے مزیدبتایاکہ’’ مسافروں کو یقیناً پریشانی ہوئی ہوگی لیکن ان کی حفاظت اس سےکہیںاہم ہے، اسی لئے اس پرخاص توجہ دی گئی ۔‘‘ 
اس موقع پرریلوے کی جانب سے بار بار اعلان کیا جاتا رہا کہ دیگر ٹرین خدمات بھی اپنے مقررہ وقت سے ۲۰؍ تا ۲۵؍ منٹ تاخیر سے چلائی جارہی ہیں ۔ اس سے مسافروں کو ہونے والی پریشانی کا بآسانی اندازہ کیا جاسکتا ہے۔
اسی طرح سینٹرل ریلوے میںبھی ٹرین خدمات تاخیر سے چلائی گئیں۔ سینٹر ل ریلوے کے سینئر پی آر او پاٹل نے بتایاکہ ’’لوکل ٹرینیںکچھ تاخیر سے چلائی گئیں مگرمین لائن یا ہاربر لائن یا ٹرانس ہاربر لائن بند نہیں ہوئی ۔ ‘‘ انہوں نےیہ بھی بتایا کہ ’ منگل کو سینٹرل ریلوے میں۱۷؍ طویل مسافتی ٹرینیں رَد اور ایک جزوی طور پرمنسوخ کی گئی ۔اس کے علاوہ ۲۹؍ ٹرینوں کےروٹ بدلے گئے، ۱۴؍ جزوی طور پررد کی گئیں، ۱۲؍ ٹرینیں ری شیڈول  کی گئیں اور ۱۲؍ٹرینوں کے روٹ مْختصر کرکے انہیںواپس روانہ کیا گیا۔‘‘
 
 
سینٹرل ریلوے میں بھی مسافروں کو دشواریاں
مسافروں کو کس قدر شدید دشواری ہوئی ہے، اس کا اندازہ اس سےبھی کیا جاسکتا ہے کہ ۰۱۰۸۰؍گورکھپور- سی ایس ایم ٹی اسپیشل ٹرین سے منگل ۷؍جولائی کی دوپہر کے بعد بستی سے ممبئی پہنچنے والے رویندر کمار یادو اور ان کے ساتھی اشتیاق خان نے بتایاکہ ’’ یہ ٹرین ۱۸؍ گھنٹے تاخیر سے ممبئی پہنچی۔اس پر طرّہ یہ کہ اسے سی ایس ایم ٹی لانے کے بجائے تھانے   ہی میں ختم کردیا گیا۔ اس کی وجہ سے مسافروں کا اور برا حال تھا ۔‘‘ 

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK