Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہندو مسلم اتحاد: چینی مانجھے سے زخمی شخص کو ۲؍ مسلم نوجوانوں نے اسپتال پہنچایا

Updated: July 03, 2025, 9:01 PM IST | New Delhi

شمال مشرقی دہلی کی ایک شاہراہ پر پرکاش نامی ایک موٹر سائیکل سوار چینی مانجھے کی زد میں آکر بری طرح زخمی ہوگئے۔ ان کی مدد کیلئے کوئی نہیں آیا مگر دفتر جارہے دو کزن بھائی محمد جزم اور عظیم نے ان کی مدد کی اور فوراً اسپتال پہنچایا۔

Photo: INN.
تصویر: آئی این این۔

شمال مشرقی دہلی کے شاستری پارک فلائی اوور پر منگل (یکم جولائی) کو پرکاش نامی موٹر سائیکل سوار چینی مانجھے سے بری طرح زخمی ہو گیا۔ درجنوں لوگ اس کی مدد کئے بغیر وہاں سے گزر گئے لیکن دو مسلم نوجوانوں نے اس کی جان بچائی۔ واضح رہے کہ چینی مانجھا ایک مصنوعی نایلون کی تار ہے جس پر پاؤڈر گلاس یا دھات جیسا کھرچنے والا مواد لگایا جاتا ہے۔ کلیرئن نیوز کے مطابق پرکاش، شاہدرہ سے اپنی موٹر سائیکل پر سوار گزر رہا تھا کہ تیز دھار چینی مانجھنے اس کے چہرے سے لپٹ گیا۔ شیشے کے دھاگے نے اسے شدید زخمی کردیا اور خون بہنے لگا۔
بہت سے لوگوں نے اسے اس حالت میں دیکھا لیکن مدد کو کوئی قریب نہیں گیا۔ کچھ دیر بعد اسکوٹر پر سوار دو کزن محمد جزم اور عظیم نے زخمی شخص کو دیکھا اور فوراً اس کی مدد کو دوڑے۔ محمد جزم نے کہا کہ ’’ہم دفتر جا رہے تھے۔ لیکن جب میں نے پرکاش بھائی کو اس حالت میں دیکھا تو سب بھول گیا، ہمیں فوری طور پر انہیں بچانا تھا۔‘‘ دونوں بھائی اسے جگ پرویش چندر اسپتال لے گئے۔ ڈاکٹروں نے بتایا کہ پرکاش کو شدید چوٹیں آئی تھیں اور اسے کئی ٹانکے لگے لیکن بروقت طبی امداد ملنے کی وجہ سے زیادہ نقصان نہیں ہوا۔ 
ایک ڈاکٹر نے کہا کہ ’’اس کا چہرہ بری طرح سے کٹا ہوا تھا۔ خوش قسمتی ہے کہ اسے فوری طور پر اسپتال لایا گیا، ورنہ تاخیر خطرناک ہو سکتی تھی۔‘‘ واضح رہے کہ دہلی میں چینی مانجھا کے استعمال پر پابندی ہے۔ اس سے قبل رانی جھانسی فلائی اوور پر اسی قسم کے دھاگے کی وجہ سے ایک شخص کی موت ہو گئی تھی۔ اس دردناک حادثے نے بھی اتحاد کا مضبوط پیغام دیا تھا۔ اس منظر کو دیکھنے والے ایک رہائشی نے کہا، ’’ان دو لڑکوں نے ہمیں دکھایا کہ انسان ہونا کسی بھی مذہب سے زیادہ اہم ہے۔‘‘ پرکاش کی جان بچ گئی اور جزم اور عظیم کی کہانی نے بہت سے دلوں کو چھو لیا ہے۔ یہ ہے اتحاد کی ایک انوکھی مثال۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK