Inquilab Logo Happiest Places to Work

’ کاکروچ جنتا پارٹی‘ کے خلاف سپریم کورٹ میں پٹیشن

Updated: May 25, 2026, 9:42 AM IST | New Delhi

کورٹ کے تبصرہ کو غلط استعمال کرنےکا الزام، بی جےپی نے پاکستان سے حمایت کا الزام لگایا، دِپکےنے تردید کی۔

Cockroach Janata Party.Photo:INN
کاکروچ جنتا پارٹی- تصویر:آئی این این
 کاکروچ جنتا پارٹی  کے خلاف  اتوار کوسپریم کورٹ میں ایک عرضی دائر کر دی گئی ہے جس میں اس کی ’’سرگرمیوں‘‘ کی جانچ کا مطالبہ کرتے ہوئے اس پر عدالت کے تبصرہ کے تجارتی استعمال اور ان کو  مالی فائدہ کیلئے استعمال کرنے کا الزام عائد کیاگیا ہے۔  اُدھر بی جےپی  لیڈروں نے دعویٰ کیا ہے کہ سوشل میڈیا کی اس پارٹی کو ملنےوالی ۴۹؍ فیصد حمایت  پاکستان سے ہے۔ ابھیجیت دپکے جنہوں نے بطور احتجاج اور طنز  کے طورپر پارٹی  بنائی ہے، نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے ویڈیو جاری کر کے بتایا ہےکہ  سوشل میڈیا کےپلیٹ فارموں پر پارٹی  کے ۹۴؍  فیصد حامی ہندوستان  سے ہیں۔
 
 
یاد رہے کہ مرکزی وزیر کرن رجیجو بھی کاکروچ جنتا پارٹی کو اس کا نام لئے بغیر یہ کہہ کر نشانہ بنا چکے ہیں کہ ’’ان لوگوں پر افسوس ہوتا ہے جو سوشل میڈیا پر پاکستان اور جارج سوروس سے حامی حاصل کرتے ہیں۔‘‘ اس بیچ ابھیجیت دپکے نے اتوار کو اطلاع دی کہ پارٹی کے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر ان کا کنٹرول بحال ہوگیا ہے۔ سنیچر کو انہوں نے  الزام لگایاتھا کہ تمام اکاؤنٹ ہیک ہو گئے ہیں اور  پارٹی کےانسٹا گرام اکاؤنٹ پر بھی  ان کا کنٹرول نہیں ہے۔ البتہ پارٹی کی ویب سائٹ جو سنیچر کو بلاک کی گئی تھی،   اب بھی بلاک ہے۔ 
 
 
سپریم کورٹ میں کاکروچ جنتا پارٹی کے خلاف  پٹیشن راجا چودھری نامی وکیل  نے دائر کی ہے۔ اس  میں مرکزی حکومت، وزارتِ الیکٹرانکس  اور  انفارمیشن ٹیکنالوجی، بار کونسل آف انڈیا اور  سی بی آئی کو فریق بنایا گیا ہے۔راجا چودھری کا کہنا ہےکہ سپریم کورٹ میں داخل کی گئی ان کی عرضی منصفانہ تنقید، اختلافِ رائے کے اظہار یا  طنز پر حملہ نہیں   ہے بلکہ عدالت کی سنجیدہ کارروائی کو آن لائن ’’وائرل تماشہ‘‘ میں بدلنے اور اس کے منظم تجارتی استحصال کے خلاف ایک چیلنج ہے۔ 

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK