Inquilab Logo Happiest Places to Work

قبول ِاسلام پر ریزرویشن سے محرومی کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ میں پٹیشن

Updated: July 09, 2026, 12:36 PM IST | Agency | Chennai

تمل ناڈو سرکار خود مدراس ہائی کورٹ کے اس فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ پہنچی جس میں ریاستی حکومت کے حکم نامہ کو کالعدم قراردیاگیاہے۔

Chief Minister Joseph Vijay.Photo:INN
وزیراعلیٰ جوزف وجے-تصویر:آئی این این
 تمل ناڈوسرکار  نے مدراس ہائی کورٹ کے اس فیصلے کو چیلنج کیا ہے جس میں یہ کہاگیا ہے کہ اسلام قبول کرنے والے شخص کو پسماندہ طبقہ کے ریزرویشن کا فائدہ نہیں  دیاجاسکتا۔ ہائی کورٹ نے ۲۰۲۴ء  کے  تمل ناڈو سرکار کے حکم نامے کو غیر آئینی قرار دیا ہے جس میں پسماندہ طبقات، انتہائی پسماندہ طبقات، یا درج فہرست ذاتوں سے اسلام قبول کرنے والے شخص کو پسماندہ قرار دیا گیاتھا اورریاست میں ۷؍نوٹیفائی برادری میں سے کسی ایک سے تعلق رکھنے پر کمیونٹی سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا انتظام تھا،تاہم ہائی کورٹ نے اس حکم کو غیر آئینی قرار دیا۔
 
 
تمل ناڈو میں مسلمانوں کی۷؍برادریوں کو ۱۹۹۳ء کے ایک ایکٹ کے تحت پسماندہ قرار دیا گیا  ہے اورانہیں تعلیمی اداروں نیز سرکاری نوکریوں میں  ریزرویشن دیا جارہاتھا۔یہ برادریاں انصاری، دکنی مسلم، دوبے کولا، لبائی، راتھر، ماراکائر اور ماپیلا ہیں۔ جسٹس جی آر سوامی ناتھن اور جسٹس پی بی بالاجی کی ہائی کورٹ بنچ نے فیصلہ سنایا کہ سرکاری حکم ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ کی طرف سےدئیے گئے عدالتی فیصلوں کے  خلاف ہے، جس میں کہا گیا  ہےکہ اسلام قبول کرنے والے شخص کے ساتھ مسلمان کے طورپر سلوک کیا جائےگا اور ریزرویشن نہیں دیا جائیگا۔ اس کو چیلنج کرتے ہوئے تمل ناڈو سرکار  سپریم  کورٹ  میں  دائر اپنی عرضی میں دلیل دی ہے کہ سرکاری حکم من مانے طور پر جاری نہیں کیا گیا  بلکہ تمل ناڈو بیک ورڈ کلاسیز کمیشن نے۶؍فروری ۲۰۲۴ء کے خط کے ذریعے حکومت سے سفارش کی تھی۔یہ دلیل بھی  دی گئی کہ تفصیلی غور و خوض کے بعد سرکاری حکم صرف اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پاس کیا گیا تھا کہ جو لوگ پہلے ہی ریزرویشن  سے فیض یاب ہو رہے ہیں وہ اسلام قبول کرنے کی وجہ سے اس سے محروم نہ ہوں۔  ریاست نے دلیل دی کہ ایسے افراد کو ریزرویشن دینے سے سماجی توازن متاثر نہیں ہوگا۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK