شیواجی پارک کے قریب واقع میئر بنگلہ جسے آنجہانی بال ٹھاکرے کی یادگار میں تبدیل کیا گیا ہے ، کی زمین کو محض ایک روپیہ فٹ سالانہ کرایہ پر دینے کے فیصلہ کو بامبے ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا ۔
EPAPER
Updated: July 02, 2025, 12:15 PM IST | Mumbai
شیواجی پارک کے قریب واقع میئر بنگلہ جسے آنجہانی بال ٹھاکرے کی یادگار میں تبدیل کیا گیا ہے ، کی زمین کو محض ایک روپیہ فٹ سالانہ کرایہ پر دینے کے فیصلہ کو بامبے ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا ۔
ممبئی(ندیم عصران):شیواجی پارک کے قریب واقع میئر بنگلہ جسے آنجہانی بال ٹھاکرے کی یادگار میں تبدیل کیا گیا ہے ، کی زمین کو محض ایک روپیہ فٹ سالانہ کرایہ پر دینے کے فیصلہ کو بامبے ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا ۔ تاہم منگل کو اس پر سماعت کرتے ہوئے چیف جسٹس بامبے ہائی کورٹ نے سبھی عرضداشتوں کو خارج کر دیا ہے۔
میئر بنگلہ کو آنجہانی بال ٹھاکرے میموریل میں تبدیل کرنے اور اس اراضی کو ایک روپے کرایہ پر دینے کے خلاف اعتراض کرتے ہوئے ۲۰۱۷ء میں کئی عرضداشتیں داخل کی گئی تھیں ۔۴؍ عرضداشتوں پر بحث کرتے ہوئے وکلاء نے کہا کہ انہیں میئر بنگلہ کو آنجہانی بال ٹھاکرے میموریل میں تبدیل کرنے پر اعتراض نہیں ہے بلکہ ایک ہزار کروڑ روپے کی جائیداد کو محض ایک روپے فٹ سالانہ کرایے پر دینے پر اعتراض ہے ۔ انہوں نے حکومت کے طریقہ کار کو سراسر غلط قرار دیتے ہوئے عوامی جائیداد کو اس طرح سے منتقل کرنے کی مخالفت کی تھی۔
بامبے ہائی کورٹ کے چیف جسٹس آلوک آرادھے اور جسٹس سندیپ مارنے کے روبرو حکومت کی جانب سے بحث کرتے ہوئے وکیل جیوتی چوان نے دلیل پیش کی کہ میئر بنگلہ کو آنجہانی بال ٹھاکرے میموریل میں تبدیل کرنے کے لئے سبھی قانونی طریقہ کار کو عمل میں لایا گیا ہے ۔یہی نہیں اس کے لئے عوامی اعتراضات اور تجاویز بھی طلب کی گئی تھیں اس کے علاوہ یہ فیصلہ پالیسی کے تحت اور ایک عظیم مقصد کو مد نظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے ۔اسی درمیان وکیل ڈائیورس کھمباٹا نےکورٹ کو بتایا کہ آنجہانی بال ٹھاکرے کا میموریل زیرزمین بنایا گیاہے اور بنگلہ کی ساخت کو نقصان نہیں پہنچایا گیا ہے اور یہ کہ اسے ۲۰۲۶ء میں آنجہانی بال ٹھاکرے کے یوم پیدائش کے موقع پر عوام کے لئے کھو دیا جائے گا ۔ چیف جسٹس نے فراہم کردہ اطلاعات اور سبھی فریق کی بحث سننے کے بعد حکومت کے فیصلہ کو درست قرار دیتے ہوئے عرضداشتوں کو خارج کر دیا۔