Inquilab Logo Happiest Places to Work

پیوش گوئل کےدورہ کنیڈا میں دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے عزم کا اعادہ

Updated: May 29, 2026, 1:17 PM IST | New Delhi

مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ کنیڈا کے وزیر تجارت منیندر سدھو اور پیوش گوئل نے اپنی ملاقاتوں کے دوران دوطرفہ تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے مشترکہ عزم کی توثیق کی۔

Piyush Goyal.Photo:PTI
پیوش گوئل۔ تصویر:پی ٹی آئی

ہندوستان اور کنیڈا نے باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کو مزید مضبوط بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ تجارت و صنعت کے وزیر پیوش گوئل کے تین روزہ کنیڈا کے دورے کے بعد جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ کینیڈا کے وزیر تجارت منیندر سدھو اور پیوش گوئل نے اپنی ملاقاتوں کے دوران دوطرفہ تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے مشترکہ عزم کی توثیق کی، تاکہ دونوں ممالک کی اقتصادی ترقی اور کاروباری مواقع میں اضافہ ہو سکے۔
بیان کے مطابق منیندر سدھو نے پیوش گوئل اور ان کے ہمراہ کنیڈا پہنچنے والے ہندوستانی تجارتی وفد کا خیرمقدم کیا اور صاف ستھری توانائی، اہم معدنیات، زرعی و غذائی شعبہ، جدید مینوفیکچرنگ، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور ہنرمندی کے فروغ جیسے تکمیلی شعبوں میں تعاون بڑھانے کے مواقع پر زور دیا۔
 پیوش گوئل کے ساتھ آنے والے تجارتی وفد میں صنعت و تجارت کے شعبے سے وابستہ ۱۰۰؍ سے زائد نمائندے شامل تھے، جو کسی بھی ملک کیلئے ہندوستان کی جانب سے بھیجا گیا اب تک کا سب سے بڑا کاروباری وفد تھا۔ دونوں وزراء نے ایک جامع اور باہمی طور پر فائدہ مند جامع اقتصادی شراکت داری معاہدے (سی ای پی اے) کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا اور رواں سال کے اختتام تک مذاکرات مکمل کرنے کے مشترکہ ہدف کی توثیق کی۔
انہوں نے منڈیوں تک رسائی میں توسیع، سپلائی چین کو مضبوط بنانے اور دوطرفہ اقتصادی ترقی کو فروغ دینے میں مجوزہ سی ای پی اے کی اہمیت پر زور دیا۔قابل ذکر ہے کہ دونوں ممالک اس معاہدے پر مذاکرات کر رہے ہیں اور توقع کی جا رہی ہے کہ سال کے اختتام تک اس پر اتفاق ہو جائے گا۔دونوں وزرائے تجارت نے کنیڈا-ہندوستان تجارت و سرمایہ کاری فورم کا بھی آغاز کیا، جو کینیڈین اور ہندوستانی کاروباری لیڈروں کو ایک پلیٹ فارم پر لا کر نئی تجارتی شراکت داریوں اور کاروباری روابط کو فروغ دے گا۔

یہ بھی پڑھئے:کنگنا کی فلم ’’بھارت بھاگیہ ودھاتا‘‘ کا طاقتور موشن پوسٹر جاری


وزراء نے عوامی روابط، کاروباری نقل و حرکت اور براہ راست تجارتی رابطوں کی اہمیت پر بھی زور دیا، جو تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے بنیادی عوامل سمجھے جاتے ہیں۔منیندر سدھو نے تصدیق کی کہ کنیڈا رواں سال کے آخر میں ہندوستان کیلئے ٹیم کنیڈا تجارتی مشن روانہ کرے گا۔ کنیڈا اور ہندوستان نے ترجیحی شعبوں میں طویل مدتی اور معیاری سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی جاری رکھنے اور دونوں ممالک کے کاروباری اداروں، اختراع کاروں اور ادارہ جاتی شراکت داروں کے درمیان مزید گہرے تعاون کی حمایت پر بھی اتفاق کیا۔

یہ بھی پڑھئے:بارش نے دوسرے کوالیفائر کو دھو دیا تو فائنل کے لیے کون کوالیفائی کرے گا؟


دونوں وزراء نے آنے والے مہینوں میں باقاعدہ رابطے برقرار رکھنے اور ٹھوس نتائج حاصل کرنے کیلئے اپنے عزم کا اظہار کیا۔پیوش گوئل کا تین روزہ کنیڈا دورہ گزشتہ روز مکمل ہوا۔ اس دوران انہوں نے کنیڈا کے وزیر اعظم مارک کارنی، وزیر تجارت منیندر سدھو اور دیگر وزراء سے ملاقاتیں کیں، جبکہ کینیڈا کے سرکردہ سرمایہ کاروں اور بڑی کمپنیوں کے سربراہان سے بھی الگ الگ تبادلۂ خیال کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK