Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھیونڈی کو ملبے سے پاک کرنےکا منصوبہ

Updated: May 23, 2026, 11:56 AM IST | khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

تعمیراتی ملبہ ٹھکانے لگانے کیلئے۴ ؍ عارضی مقامات مقرر۔

Construction debris has been instructed to be dumped at designated locations. Photo: INN
تعمیراتی ملبہ کومقررہ مقامات پر ڈمپ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ تصویر: آئی این این

شہر کو تعمیراتی ملبے کے ڈھیروں، بند نالوں اور گندگی سے پاک رکھنے کے مقصد سے میونسپل کارپوریشن نے تعمیراتی اور انہدامی ملبہ کی منظم تلفی کیلئے نئی حکمت عملی نافذ کر دی ہے۔ اس منصوبے کے تحت شہر میں تعمیراتی ملبہ جمع کرنے کیلئے ۴؍ عارضی مقامات مقرر کئے گئے ہیں، جہاں بلڈرز، ٹھیکیداروں اور شہریوں کو ملبہ منتقل کرنا لازمی ہوگا۔ 
میونسپل کارپوریشن کے کچرا نظم و نسق محکمہ کی جانب سے جاری عوامی اطلاع میں کہا گیا ہے کہ شہر میں جاری تعمیراتی سرگرمیوں اور پرانی عمارتوں کے انہدام سے بڑی مقدار میں ملبہ پیدا ہو رہا ہے۔ یہ ملبہ اکثر سڑکوں کے کنارے، خالی پلاٹوں اور نالوں میں پھینک دیا جاتا ہے جس کے نتیجے میں نہ صرف شہر کی خوبصورتی متاثر ہوتی ہے بلکہ نکاسیٔ آب کا نظام بھی متاثر ہوتا ہے اور عوامی صحت کے مسائل پیدا ہونے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔ اسی پس منظر میں انتظامیہ نے ملبے کی مناسب تلفی کو یقینی بنانے کیلئے ۴؍ مخصوص مقامات کا انتخاب کیا ہے۔ ان میں پِمپلگاؤں علاقے میں گھرکُل آواس یوجنا ریزرویشن نمبر ۴۴، فائر اسٹیشن ریزرویشن نمبر ۱۰؍، نارپولی علاقے کے ریزرویشن نمبر ۲۹۵؍۔ ’اے‘ اور ۲۸۷؍شامل ہیں۔ میونسپل حکام کے مطابق یہ مقامات عارضی بنیادوں پر ملبہ جمع کرنے کیلئے مختص کئے گئے ہیں اور آئندہ احکامات تک یہی نظام نافذ رہے گا۔ 

یہ بھی پڑھئے: شہر کے اطراف قربانی کے جانوروں کوبلاوجہ روکے جانے کی شکایت

کارپوریشن نے شہریوں، بلڈرز اور تعمیراتی شعبے سے وابستہ افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ شہر کو صاف ستھرا رکھنے میں انتظامیہ کا تعاون کریں اور تعمیراتی ملبہ صرف مقررہ مقامات پر ہی منتقل کریں۔ انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ سڑکوں، عوامی مقامات، خالی پلاٹوں یا نالوں میں ملبہ پھینکنے والے افراد، ٹھیکیداروں اور تعمیراتی اداروں کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت جرمانہ اور دیگر تادیبی کارروائی کی جائے گی۔ میونسپل حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف تعمیراتی ملبہ کی بہتر نگرانی ممکن ہوگی بلکہ نالوں کی بندش، ماحولیاتی آلودگی اور شہری مسائل میں بھی نمایاں کمی آئے گی جس سے بھیونڈی کو صاف، منظم اور ملبے سے پاک شہر بنانے کے مقصد کو تقویت ملے گی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK