Inquilab Logo Happiest Places to Work

الہاس نگر فائرنگ معاملہ: ۲؍ افراد کے قتل میں ملوث اہم ملزم پولیس کی گرفت میں

Updated: May 23, 2026, 11:57 AM IST | Ejaz Abdul Gani | Ulhasnagar

یہاں جمعرات کی شب فائرنگ کا ایک انتہائی ہولناک اور سنسنی خیز واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں ۲؍ سگے بھائی موقع پر ہی ہلاک ہو گئے، جبکہ ایک نوجوان شدید طور پر زخمی ہو گیا۔

The accused who killed two brothers in broad daylight can be seen in police custody. Photo: INN
دن دہاڑے فائرنگ کرکے ۲؍بھائیوں کو قتل کرنے والے ملزمین کو پولیس کی تحویل میں دیکھا جا سکتا ہے۔ تصویر: آئی این این

یہاں جمعرات کی شب فائرنگ کا ایک انتہائی ہولناک اور سنسنی خیز واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں ۲؍ سگے بھائی موقع پر ہی ہلاک ہو گئے، جبکہ ایک نوجوان شدید طور پر زخمی ہو گیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے معاملے میں ملوث ۲ ؍ملزمین کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ فرار ہونے والے دیگر ۳ ؍ملزمین کی گرفتاری کیلئے پولیس کی مختلف ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور ان کی تلاش سرگرمی سے جاری ہے۔ 
کیمپ نمبر ۵ ؍میں واقع مصروف ترین کیلاش کالونی چوک اُس وقت افرا تفری کا ماحول ہو گیا جب نامعلوم مسلح افراد نے سیکڑوں شہریوں کی موجودگی میں اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ اس ہولناک واردات سے پورے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ موقع پر بھگدڑ مچ گئی۔ فائرنگ کے نتیجے میں ۳؍ نوجوان شدید زخمی ہو گئے جنہیں خون میں لت پت حالت میں فوری طور پر قریبی نجی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہاں سرجن موجود نہ ہونے کے باعث انہیں فوری طور پر کیمپ نمبر ۳؍ کے سرکاری سینٹرل اسپتال لے جایا گیا۔ بدقسمتی سے علاج شروع ہونے سے قبل ہی ۲۰ ؍سالہ انل چوہان اور ۲۲؍ سالہ امن چوہان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے جبکہ تیسرے زخمی ارجن چوہان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے کاسلسلہ جاری

عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور اچانک موقع پر پہنچے اور۸؍ سے ۱۰؍ راؤنڈ فائر کی جس سے پورے علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔ فائرنگ کے فوراً بعد ملزمین موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ مقتولین اور قاتلوں کے خاندان کی دشمنی کافی پرانی ہے۔ تقریباً ۷؍ برس قبل بھی ان نوجوانوں کے چچا وجے چوہان کو دن دہاڑے قتل کر دیا گیا تھا جس کے بعد سے دونوں خاندانوں کے درمیان کشیدگی برقرار تھی۔ 
پولیس کو شبہ ہے کہ موجودہ واردات بھی اسی پرانی دشمنی کا شاخسانہ ہو سکتی ہے۔ واقعہ کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ڈپٹی کمشنر آف پولیس سچن گورے نے فوری طور پر پولیس کی ۲؍ خصوصی ٹیمیں تشکیل دیں۔ پولیس نے تیز رفتار کارروائی کرتے ہوئے جمعہ کی صبح وانگنی سے شیکھر براجدار اور اجئے راؤ کو گرفتار کر لیا جبکہ واردات میں ملوث دیگر ۳؍ ملزمین کی تلاش جاری ہے۔ پولیس مختلف مقامات پر چھاپے مار رہی ہے اور جلد مزید گرفتاریوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK