ریلوے نے گزشتہ سال تہوار میںبھیڑبھاڑکے دوران مچنے والی بھگدڑ سے سبق لیتے ہوئے یہ فیصلہ کیا۔ معذور، بزرگ اور حاملہ خواتین مستثنیٰ
ویسٹرن اور سینٹرل ریلوے انتظامیہ نے ممبئی سینٹرل ڈویژن کے بڑے اسٹیشنوں اور ٹرمنس پر پلیٹ فارم ٹکٹوں کی فروخت پر بدھ (آج) سے عارضی پابندی عائد کردی ہے ۔یہ پابندی ۳۱؍اکتوبر تک برقرار رہے گی۔ریلوے انتظامیہ نے گزشتہ سال اسی تہواروں کے موسم میںمچنے والی بھگدڑ سے سبق لیتے ہوئے یہ فیصلہ کیا ہے۔
ویسٹرن ریلوے میںباندرہ ٹرمنس، واپی، اُدھنا اور سورت میںیہ پابندی عائد کی گئی ہے۔ اس تعلق سے ویسٹرن ریلو ے کے چیف پی آر او ونیت ابھیشیک نےنمائندۂ انقلاب کوبتایاکہ ’’تہواروں کے موسم میں بھیڑ بھاڑ پر کنٹرول کرنے اور حادثے سے بچنے کیلئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے مگر بزرگ شہریوں، خاتون مسافروں، معذور مسافر یا مسافروں کی مدد کرنے والے افراد اس پابندی سے مستثنیٰ قرار دیئے گئے ہیں۔
اسی طرح سینٹرل ریلوے میں ۱۶؍ اکتوبر سے ۲۸؍ اکتوبر تک پلیٹ فارم ٹکٹوں کی فروخت پر پابندی لگائی گئی ہے۔ جن اسٹیشنو ں یا ٹرمنس پرپابندی لگائی گئی ہے، ان میںچھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمنس ، دادر، لوکمانیہ تلک ٹرمنس، تھانے، کلیان اور پنویل اسٹیشن شامل ہیں۔
اس تعلق سے سینٹرل ریلوے کے چیف پی آر او ڈاکٹر سوپنل نیلا نے انقلاب کو بتایا کہ ’’بزرگ شہری، حاملہ خواتین ،بچے اور معذور مسافر اس سے مستثنیٰ قرار دیئے گئے ہیں۔ ‘‘ انہوں نےیہ دعویٰ کیا کہ ’’ یہ فیصلہ مسافروں کے حق میںکیا گیا ہے تاکہ پلیٹ فارم پر زیادہ بھیڑ بھاڑ نہ ہو اور مسافروں کوٹرینوں میں سوار ہونے یا اسٹیشن سے باہرآنے میںدقت نہ ہو اورنہ ہی کسی قسم کے حادثے کا اندیشہ رہے ۔‘‘