وزیر ٹرانسپورٹ نے ہدایت جاری کی ۔شیئرنگ رکشا اور ٹیکسی کے کرایے جوں کے توں رہیں گے ۔ خلاف ورزی پر سخت کارروائی کا انتباہ۔
رکشا ڈرائیوروں کے ذریعہ برسوں سے من مانا کرایہ وصول کرنے کی شکایت پر وزیر ٹرانسپورٹ پرتاپ سرنائیک نے اعلان کیا ہے کہ ۱۵؍ نومبر سے وسئی اور ویرار کے رکشا اور ٹیکسی میٹر سے ہی چلائے جائیں گے اور حکومت کے ذریعہ طے شدہ کرایہ وصول کیا جائے گا۔
وسئی اورویرار میں ٹریفک کے مسئلہ کا حل تلاش کرنے کیلئے منترالیہ میں پیر کو ایک میٹنگ منعقد کی گئی تھی۔ اس میٹنگ میں ویرار کی رکن اسمبلی اسنیلا دوبے نے بتایا کہ وسئی ویرار میں ٹیکسی اور آٹو رکشا ڈرائیوروں کے تعلق سے شکایتیں موصول ہوتی رہی ہیں کہ وہ برسوں سے من مانا کرایہ وصول کرتے ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کو سخت پریشانیاں ہوتی ہیں۔اس پر میٹنگ میں موجود آر ٹی او اور ٹریفک محکمہ کے سینئر افسران سے تبادلہ خیال کیا گیا کہ اس شکایت کا کیا ازالہ ہوسکتا ہے۔ اسی میٹنگ میں انہوں نے ٹریفک افسران کو ہدایت دی کہ وہ اس بات کو حتمی بنائیں کہ ٹیکسی اور آٹو رکشا ڈرائیور حکومت کے ذریعہ طے شدہ کرایہ ہی وصول کریں۔
شہر میں مخصوص راستوں پر بشمول ریلوے ٹرمنل سے مختلف مقامات کیلئے شیئرنگ ٹیکسی اور رکشا بھی چلتے ہیں اور مسافروں کو ان کی منزلوں تک لے جانے کیلئے بھی یہ خدمات دستیاب ہیں جن کا اپنا کرایہ طے ہے۔ البتہ مسافروں کو ان کی منزلوں تک لے جانے والے میٹر سے چلنے والی ٹیکسی اور رکشا سرکار کے ذریعہ طے شدہ کرایے سے زیادہ پیسے وصول کرتے ہیں جس کے تعلق سے لوگوں کوزیادہ شکایت ہے۔ میٹنگ میں یہ طے ہوا ہے کہ شیئرنگ رکشا جن راستوں پر اور جن کرایے پر چلائے جاتے ہیں، وہ اسی طرح جاری رہیں گے۔ البتہ انفرادی طور پر مسافروں کو ان کی منزلوں تک میٹر پر لے جانے والے ٹیکسی اور رکشا ڈرائیورں کو میٹر کے حساب سے پیسے لینے کا پابند بنایا جائے گا۔وسئی ویرار میونسپل کارپوریشن کی حدود میں اس حکم کے نفاذ کیلئے آر ٹی او اور ٹریفک محکمہ کے افسران کو بھی ۱۵؍ نومبر تک کی مہلت دی گئی ہے۔ اس کے بعد میٹر سے زیادہ پیسے لینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ دیا گیا ہے۔
مذکورہ میٹنگ میں رکن اسمبلی ایس ٹی کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر مادھو کوسیکر، وسئی ویرار میونسپل کارپوریشن کے کمشنر منوج سوریہ ونشی، ایڈیشنل ٹرانسپورٹ کمشنر بھرت کالسکر اور دیگر افسران و اہلکار موجود تھے۔
وزیر ٹرانسپورٹ پرتاپ سرنائیک نے کہا کہ وسئی ویرار میونسپل کارپوریشن کے علاقے میں شیئرنگ ٹیکسی اور رکشا سروس کی اجازت ہے۔ ٹیکسی اور رکشا ڈرائیور مسافروں کے ساتھ دھوکہ نہ کریں ۔اگر مسافروں نے شکایت کی تو متعلقہ ڈرائیورکے خلاف کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے یہ بھی مشورہ دیا کہ شہری انتظامیہ کو وسئی ویرار میونسپل کارپوریشن علاقہ سے تھانے، کلیان روٹ تک لمبی دوری کی بس سروس شروع کرنی چاہئے۔ مسافروں کی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئےاسٹیٹ بس ٹرانسپورٹ کو پوری صلاحیت کے ساتھ چلایا جائے۔ انہوںنے یہ ہدایت بھی دی کہ میونسپل حدود میں کارپوریشن کی زمینوں کو پارکنگ کے لئے استعمال کیا جائے، اگر جگہ کی ضرورت ہو تو میونسپل کارپوریشن اس جگہ کی منصوبہ بندی کرے۔
وزیر ٹرانسپورٹ نے ہدایت دی کہ وسئی ویرار میونسپل کارپوریشن کے علاقوں ویرار، وسئی اور نالاسوپارہ میں بس ڈپو شروع کئے جائیں۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت دی کہ میونسپل کارپوریشن طریقہ کار وضع کرے اور اس پر عمل درآمد کرے تاکہ شہریوں کو ٹرانسپورٹ خدمات آسانی سے مل سکے۔