لال بہادر شاستری اورگاندھی جینتی کی مناسبت سے نشہ کے خلاف کام کرنے والی ۶۷؍ تنظیموں اورنشہ بندی منڈ ل کےاشتراک سے زبردست ریلی نکالی گئی۔
EPAPER
Updated: October 01, 2023, 10:14 AM IST | Saeed Ahmed Khan | CSMT
لال بہادر شاستری اورگاندھی جینتی کی مناسبت سے نشہ کے خلاف کام کرنے والی ۶۷؍ تنظیموں اورنشہ بندی منڈ ل کےاشتراک سے زبردست ریلی نکالی گئی۔
نشہ کی لت کے خلاف نوجوانوں ،طلبہ ، نشہ کی لت کے خلاف کام کرنے والی ۶۷؍ تنظیموں اور مہاراشٹر حکومت کے نشہ بندی منڈل کےاشتراک سےلال بہادر شاستری اورمہاتما گاندھی کی جینتی کی مناسبت سے سنیچر۳۰؍ ستمبر کی دوپہر کو آزاد میدان سے گیٹ وے آف انڈیا تک زبردست ریلی کا اہتمام کیا گیا۔ اس میں’ہم ودیارتھی نشہ مکتی کے سارتھی، نوجوانوں کا ایک ہی نعرہ نشہ مکت ہو مہاراشٹر سارا ‘اورنشہ چھوڑوبوتل توڑو‘کا نعرہ بلند کیا گیا۔
دریں اثناء ریلی میںشامل ہونے والوں نے نشہ نہ کرنے اورنشہ کے خلاف مہم چلانے میں اپنی جانب سے ہرممکن تعاون کیلئے عہد کیا ۔ نشہ مخالف ریلی کو زون ون کے ڈی سی پی ڈاکٹر پروین منڈے ، سماج کلیان ،ممبئی ضلع کے معاون کمشنر پرساد کھیرنار اور تیسری صنف سے تعلق رکھنے والوں کی تنظیم کی سربراہ سلمیٰ خان نے ہری جھنڈی دکھا کرروانہ کیا ۔ شام کو ۵؍بجے یہ ریلی گیٹ وے آف انڈیا پر ختم ہوئی۔
نشہ کی لت کے خلاف سبھی کو کام کرنے کی ضرورت
نشہ کی لت نے معاشرے کوتباہ کردیا ہے اور گھربرباد ہورہے ہیں،طلبہ اورنسلِ نو پر اس کے تباہ کن اثرات مرتب ہورہے ہیںاس لئے اس کے خلاف منظم طریقے سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر پروین منڈے نےکہاکہ’’ یہ ریلی اپنے آپ میںبہت اہم اس لئے ہے کہ ایک ایسی خرابی کو دور کرنے کے لئےنکالی گئی ہے جس سے سماج پربہت خراب اثر پڑرہا ہے،پولیس اپنی جانب سے کارروائی کرتی ہے مگر سماج کو بیدار ہونے کی ضرورت ہے۔‘‘ انہوں نےیہ بھی کہاکہ ’’نشہ، جسم کو کھوکھلا کردیتا ہے اور جب صحت خراب ہو جاتی ہے توآپ سمجھ سکتے ہیںکہ بیمار جسم کس لائق رہ جاتا ہے۔اس لئے سبھی کو اس تعلق سےآگے آنا چاہئے۔‘‘
سلمیٰ خان نےکہا کہ’’ اس ریلی کے ذریعے خاص پیغام عام ہوگا اورلوگ نشہ سے دور ہوں گے۔ ‘‘ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’’ نشہ ایک ایسی بیماری بن چکی ہے جس سےشاید ہی کوئی علاقہ محفوظ ہو ، اس لئے اس طرح کی سماجی برائیو ں کے خاتمے کیلئے اس طرح کی کوششیں خوش آئند ہیں اور بلاشبہ اس کے اچھے اثرات مرتب ہوں گے اور لوگ نشہ کےخلاف چلائی جانےوالی مہم کا حصہ بن کر ایک ذمہ دار شہری کا رول ادا کریں گے۔‘‘
ہر قسم کانشہ صحت اورگھر کے لئے مضر ہے
پرساد کھیرنارنے کہاکہ ’’ لال بہادر شاستری اور گاندھی جینتی کی مناسبت سے اسی لئے نشہ مخالف ریلی کااہتمام کیا گیا ہے تاکہ مزیدٹھوس طریقے سے اس برائی کے خلاف پیغام عام ہو۔ اس میں طلبہ اورنشہ مخالف مہم چلانے والی تنظیموں کے ذمہ داران اورکارکنان نے بڑی تعداد میںحصہ لیا اور نشہ چھوڑنے کا پیغام دیا ۔‘‘ان کاکہنا تھا کہ ’’کسی بھی قسم کانشہ خواہ شراب ہو، گٹکھا ،تمباکو ،بیڑی سگریٹ یا اس طرح کی دیگر نئی نئی چیزیں، جن سے نشہ ہوتا ہے ، صحت کے لئے انتہائی نقصان دہ ہے اوراس سے گھر بھی تباہ ہوجاتا ہے۔ اس لئے اس کے خلاف سماج میںبیداری لانے کی اشد ضرورت ہے۔‘‘
نشہ بندی منڈل کی سیکریٹری ورشا ودیا ولاس نے کہاکہ’’ ہرسال مختلف مواقع پراس طر ح کی ریلی کا اہتمام کیا جاتا ہے اوریہ پیغام دیا جاتا ہے کہ لوگ نشہ کے قریب نہ جائیں، نشہ صحت کے لئے ، گھرخاندان کے لئے اورمعاشرے کےلئے تباہ کن ہے ۔‘‘
انہوںنےیہ بھی کہا کہ ’’جس گھرمیںنشہ کرنے والے ہوتے ہیںوہاں بچوں پر بھی خراب اثر پڑتا ہے اور وہ بھی اس جانب مائل ہونے لگتے ہیںاورپھرایک دن ایسا آتا ہے کہ وہ نشے کے عادی ہوجاتے ہیں۔اس لئے یہ ضروری ہے کہ نشہ کے خلاف سماج کے ہرطبقے سے مہم چلائی جائے اور جو لوگ یا تنظیمیں اس کام میںلگے ہوئے ہیں، ان کاہرطرح سے ساتھ دیا جائے تاکہ اس پر قابو پایا جائے اور نشہ ختم ہو اورایک صحت مند معاشرہ تشکیل پاسکے۔‘‘