Inquilab Logo Happiest Places to Work

پیرس میں بڑی کمپنیوں کے عہدیداروں سے وزیر اعظم مودی کی ملاقات

Updated: June 18, 2026, 10:03 PM IST | Paris

وزیر اعظم نریندر مودی نے پیرس میں مسٹرل اے آئی، السٹوم اور سینٹ گوبین جیسی کئی بڑی کمپنیوں کے عہدیداروں سے الگ الگ ملاقات کی۔

Narendra Modi.Photo:PTI
نریندر مودی۔ تصویر:پی ٹی آئی

 وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو پیرس میں مسٹرل اے آئی، السٹوم اور سینٹ گوبین جیسی کئی بڑی کمپنیوں کے عہدیداروں سے الگ الگ ملاقات کی اور انہیں خاص طور پر مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے شعبے میں ہندوستانی نوجوانوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کی دعوت دی۔ ملاقات کے بعد مودی نے سوشل میڈیا پر سلسلہ وار پوسٹ میں ان کے ساتھ ہوئی بات چیت شیئر کی۔

یہ بھی پڑھئے:اٹلی کو باہر کرنے والی بوسنیا کی توجہ اب سوئزرلینڈ پر مرکوز


مسٹرل اے آئی کے شریک بانی آرتھر مینش کے ساتھ ملاقات کے بعد انہوں نے کہا کہ بدلتے ہوئے عالمی منظر نامے پر بامعنی بات چیت ہوئی۔ انہوں نے قابل بھروسہ اے آئی، اختراع اور یہ یقینی بنانے کی ضرورت پر خیالات کا تبادلہ کیا کہ اے آئی انسانیت پر مرکوز اور جامع بنے۔ انہوں نے کہاکہ ’’اے آئی سے جڑے مختلف پہلوؤں میں ہندوستان میں پارٹنرشپ کے امکانات پر بات ہوئی۔ ہندوستان ایسے اے آئی سلوشنز تیار کرنے کے لیے پرعزم ہے جو اختراع، بھروسے اور بین الاقوامی تعاون کو فروغ دیتے ہوئے انسانیت کو بااختیار بنائیں۔‘‘ 
السٹوم کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر مارٹن سیان کے ساتھ گفتگو کے بعد مودی نے کہا کہ ہندوستان میں السٹوم کی پہلے سے ہی مضبوط موجودگی ہے۔ ہندوستان کی ترقی کی کہانی میں ان کا بھروسہ اورمیک ان انڈیا  اورمیک فار دی ورلڈ  کی سمت میں ان کی کوششیں تعریف کے قابل ہیں۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ آنے والے وقت میں یہ مواقع اور بھی بہتر ہونے والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ دنیا کو ہندوستانی  نوجوانوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے مدعو کرتے ہیں۔مودی نے سینٹ-گوبین کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر بینوئٹ بازن کے ساتھ بات چیت میں کہا کہ ہندوستان انفراسٹرکچر اور شہری ترقی میں غیر معمولی تبدیلی سے گزر رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ’’ہندوستان میں سینٹ-گوبین کی موجودگی کو مزید بڑھانے اور اختراع، سرکولر معیشت نیز دیگر شعبوں میں شراکت داری کے طریقوں پر بحث ہوئی۔ ہندوستان کا تنوع اور بڑے پیمانے کا مآخذ گلوبل ساؤتھ  کے لیے حل تیار کرنے کا ایک مثالی پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے:راجکمار ہیرانی نے ’’پی کے ‘‘ایلین کو مرکزی کردار میں کیوں منتخب کیا ؟


 وزیر اعظم نے ٹرانسپورٹ سیکٹر کی کمپنی سی ایم اے سی جی ایم کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر روڈولف ساڈے کے ساتھ سمندری رابطے، عالمی جہاز رانی کے رجحانات اور ہندوستان کے تیزی سے بڑھتے ہوئے سمندری شعبے میں ابھرتے ہوئے مواقع پر بامعنی گفتگو کی۔ انہوں نے کہاکہ ’’جہاز سازی، کنٹینر کی تعمیر، ڈجیٹل سمندری اختراع، لاجسٹکس اور مہارت کی ترقی میں بہتر تعاون کے راستوں پر بحث ہوئی۔ ہندوستان میں بڑھتا ہوا بندرگاہوں کا انفراسٹرکچر عالمی سمندری کمپنیوں کے لیے شاندار مواقع فراہم کرتا ہے۔‘‘وزیر اعظم جی ۷؍ سربراہ اجلاس میں حصہ لینے کے لیے فرانس کے دورے پر ہیں۔ وزیر اعظم نے سربراہ اجلاس کے اختتام کے بعد ان کمپنیوں کے عہدیداروں کے ساتھ میٹنگ کی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK