Updated: September 25, 2023, 3:32 PM IST
| New Delhi
مدھیہ پردیش کی راجدھانی بھوپال میں اپنے پارٹی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ مودی ہے تو ممکن ہے اس لئےخواتین ریزرویشن بل کو بھی منظوری دینا ممکن تھا۔ دعویٰ کیا کہ مودی کا مطلب تمام گارنٹیوں کا نفاذ ہے۔ کانگریس کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کانگریس نے مجبوری کے تحت اس بل کی حمایت کی ہے اگر اسے موقع دیا جائے تو وہ اس بل سے پیچھے ہٹ جائے گی۔
وزیر اعظم نریندر مودی شیوراج سنگھ چوہان کے ساتھ۔ تصویر: پی ٹی آئی
مدھیہ پردیش کے اسمبلی الیکشن پر نظرے جمائے ہوئے وزیراعظم نریندرمودی نے آج بھوپال میں اپنے پارٹی کارکنان سے بات چیت کرتے ہوئے کانگریس کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کانگریس اور اس کے انڈیا بلاک کے گھمنڈیا اتحادیوں نے مجبوری کے تحت خواتین ریزرویشن بل کی حمایت کی ہے اور ناری شکتی کی طاقت کو سمجھ کر انہیں ہچکچاہٹ محسوس ہو رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر کانگریس کا موقع دیا جائے تو وہ اس بل پر پیچھے ہٹ جائے گی۔ خیال رہے کہ مدھیہ پردیش کی راجدھانی بھوپال میں ’کاریہ کرتا مہاکمبھ‘ جن سنگھ کے شریک بانی دین دیال اپادھیائے کی یوم پیدائش پر منعقد کیا گیا تھا جس میں مودی نے اپنے کارکنان سے خطاب کیا ہے۔ مودی نے کانگریس کو اپنے اقتدار میں خواتین ریزرویشن نافذ نہ کرنے پر نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کانگریس نے خواتین ریزرویشن بل کی حمایت مجبوری کے تحت کی ہے۔ مودی ہے تو سب ممکن ہے اس لئے اس بل کو بھی منظوری دینا ممکن تھا۔
مودی نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ مودی کا مطلب ہر گارنٹی کا نفاذ ہے۔ بعد ازیں کانگریس کو اپنے اقتدار میں خواتین ریزرویشن نافذ نہ کرنے پربھی تنقید کی اور کہا کہ کانگریس کروڑوں بد عنوانی کی تاریخ کے ساتھ ایک پریوار واد پارٹی ہے۔ کانگریس ایک زنگ آلود لوہے کی طرح ہے جسے بارش میں رکھا جائے تو وہ ختم ہو جائے گا۔
انہوں نے نام لئے بغیر راہل گاندھی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کانگریسی لیڈران چاندی کے چمچوں کے ساتھ پیدا ہوتے ہیں۔ ان کیلئے غریبوں کی زندگی ایک ایڈوینچر سیاحت اور پکنک کی طرح ہے اور اس کیلئے غریب شخص کا زرعی میدان ویڈیو شوٹنگ اور فوٹو سیشن کی جگہ ہے۔
انہو ں نے یہ بھی دعویٰ کیاکہ مدھیہ پردیش میں پہلی بار ووٹ دینے والے لوگ خوش قسمت ہیں کہ انہوں نے ریاست میں صرف بی جے پی کا راج دیکھا ہے جو ہندوستانی کی ترقی کیلئے ایک چابی ہے۔ ایک ترقی یافتہ ہندوستان کیلئے مدھیہ پردیش کو بھی تبدیل ہونے کی ضرورت ہے۔
دوبارہ کانگریس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس چاہتی ہے کہ لوگ ہمیشہ غریب ہی رہیں۔ کانگریس نے اپنے اقتدار میں مدھیہ پردیش کو ایک ’بیمارو (سست رفتار) ریاست‘ بنا دیا تھا۔
انہوں نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے ۵؍برسوں میں بی جے پی کے اقتدارمیں ۵ء۱۳؍ کروڑ افراد خط افلاس سےاوپر آئے ہیں۔
مودی نے پارلیمنٹ کی نئی عمارت، جدید اسٹیشن اور معیاری سڑکوں کی تعمیر پر بھی کانگریس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کانگریس ہر جگہ نفرت پھیلا رہی ہے۔ اسے ملک کی ترقی پسند نہیں ہیں۔ وہ ملک کو ۲۰؍ ویں صدی میں لے جانا چاہتی ہے۔ کانگریس نے اپنی اقتدار والی ریاستوں کو بد عنوانی سے تباہ کر دیا ہے۔