• Wed, 21 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

وراٹ کوہلی کو پچھاڑ کر ڈیرل مچل ایک بار پھر دنیا کے نمبر ون بلے باز بنے

Updated: January 21, 2026, 5:11 PM IST | Dubai

ہندوستان میں نیوزی لینڈ کو دو طرفہ ون ڈے سیریز میں تاریخی فتح دلانے اور سب سے زیادہ رنز بنانے والے اسٹار بلے باز ڈیرل مچل، وراٹ کوہلی کو پیچھے چھوڑ کر دوبارہ دنیا کے نمبر ون ون ڈے بلے باز بن گئے ہیں۔

Daryll Mitchell.Photo:PTI
ڈیرل مچل۔ تصویر:پی ٹی آئی

ہندوستان میں نیوزی لینڈ کو دو طرفہ ون ڈے سیریز میں تاریخی فتح دلانے اور سب سے زیادہ رنز بنانے والے اسٹار بلے باز ڈیرل مچل،  وراٹ کوہلی کو پیچھے چھوڑ کر دوبارہ دنیا کے نمبر ون ون ڈے بلے باز بن گئے ہیں۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین رینکنگ کے مطابق، مچل ۸۴۵؍ ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ  ٹاپ پوزیشن پر براجمان ہو گئے ہیں۔ 
دوسری جانب، ہندوستانی اسٹار وراٹ کوہلی ۷۹۵؍ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر کھسک گئے ہیں۔ یہ دوسرا موقع ہے جب مچل نے ون ڈے رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔ اس سے قبل گزشتہ سال کے اختتام پر بھی وہ کچھ عرصے کے لیے نمبر ون بلے باز رہے تھے۔۳۴؍ سالہ ڈیرل مچل نے ہندوستان کے خلاف تین میچوں کی سیریز میں دو سنچریوں کی مدد سے مجموعی طور پر۳۵۲؍ رنز بنائے۔ ان کی اس غیر معمولی کارکردگی کی بدولت نیوزی لینڈ نے اندور میں کھیلا گیا فیصلہ کن میچ جیت کر سیریز ۱۔۲؍ سے اپنے نام کی۔

یہ بھی پڑھئے:اے آئی کچھ ملازمتوں کو بہتر بنا رہا ہے، مہارتوں پر توجہ دینا ضروری ہے: آئی ایم ایف

فیصلہ کن میچ میں مچل کی ۹؍ویں ون ڈے سنچری نے کیویز کی تاریخی جیت کی بنیاد رکھی۔ وراٹ کوہلی نے بھی ہندوستان کی جانب سے بھرپور مقابلہ کیا اور۱۰۸؍ گیندوں پر ۱۲۴؍ رنز کی شاندار اننگز کھیلی، مگر وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔

یہ بھی پڑھئے:پی سی بی نے وینیو تنازع پر بنگلہ دیش کی حمایت کی ، آئی سی سی کو باقاعدہ خط لکھا

مچل کا اس سیریز میں بنایا گیا اسکور (۳۵۲؍ رنز) کسی بھی کیوی کھلاڑی کا تین میچوں کی سیریز میں سب سے بڑا اسکور ہے۔ وہ تین میچوں کی سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والوں میں بابر اعظم اور شبھ من گل کے بعد مجموعی طور پر تیسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔ مچل محض ۵۴؍ اننگز میں۹؍ ون ڈے سنچریاں مکمل کرنے والے دنیا کے چوتھے تیز ترین کرکٹر بن گئے ہیں۔بیٹنگ کے علاوہ مچل نے فیلڈنگ میں بھی میچ کا پانسہ پلٹا۔ انہوں نے فیصلہ کن موڑ پر وراٹ کوہلی کا ایک انتہائی اہم کیچ پکڑا، جس نے  ہندوستان کی جیت کی تمام امیدیں ختم کر دیں اور میچ پر ان کے مکمل غلبے کو ثابت کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK