کانگریس پر غیر قانونی دراندازوں کو بچانے ،پاکستانی دہشت گردوں کی حمایت اور ہندوستانی فوج کی مخالفت کا سنسنی خیز الزام بھی عائد کیا۔
EPAPER
Updated: September 15, 2025, 10:15 AM IST | Agency | Guwahati
کانگریس پر غیر قانونی دراندازوں کو بچانے ،پاکستانی دہشت گردوں کی حمایت اور ہندوستانی فوج کی مخالفت کا سنسنی خیز الزام بھی عائد کیا۔
وزیراعظم نریندر مودی جو اتوار کو آسام کے دورہ کے موقع پر دراندازی کا موضوع چھیڑتے ہوئےالزام لگایا کہ سرحدی علاقوں میں دراندازی کے ذریعہ ہندوستان میں آبادی کا تناسب بگاڑنے کی سازش رچی جارہی ہے ، جس کا مقابلہ کرنے کیلئے مرکزی حکومت ’’ڈیموگریفی مشن‘‘ تشکیل دینے جارہی ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے کانگریس پر الزام لگایا کہ وہ نہ صرف غیر قانونی دراندازوںکو پناہ دیتی ہے بلکہ پاکستان کے حمایت یافتہ دہشت گردوں کی بھی حامی ہے اور ہندوستانی فوج کی مخالفت کرتی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ آپریشن سیندور میں کانگریس نے فوج کی مخالفت اور پاکستانی دہشت گردوں کی حمایت کی۔
الزام ہے کہ وزیراعلیٰ ہیمنت بسوا شرما نے’غیر قانونی دراندازی‘ کےنام پر آسام میں بنگالی بولنےوالےمسلمانوں کے خلاف مہم چھیڑ رکھی ہے۔ گزشتہ دنوں انہوں نے بتایا کہ اب تک ۳۰؍ ہزار افراد کو بنگلہ دیش کی سرحد کے اس پار دھکیلا جاچکاہے۔ اتوار کو وزیراعظم نے یہاں خطاب کرتے ہوئے ’’دراندازی‘‘ کو قومی سلامتی کیلئے بہت بڑا خطرہ قراردیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت کا ہدف ملک کے عوام کا تحفظ اور انہیں دراندازوں سے محفوظ رکھنا ہے۔ کانگریس کی جانب اشارہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’جولوگ دراندازوں کو بچارہے ہیں،وہ بھگتیں گے۔ملک انہیں کبھی معاف نہیں کریگا۔‘‘ انہوں نے الزام لگایا کہ کانگریس اقتدار میں تھی تواس نے دراندازوں کی حمایت کی۔ہیمنت بسوا شرما کی پالیسی کی تائید کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ ’’ہیمنت بسوا شرما کی قیادت میں دراندازوں سے لاکھوں بیگھہ زمین خالی کروائی گئی ہے۔‘‘