Inquilab Logo

یوپی میں پولیس بی جےپی کے ایجنٹ کی طرح کام کررہی ہے

Updated: February 05, 2023, 9:53 AM IST | muradabad

اکھلیش یادو کا یوگی سرکار پر حملہ، اعظم خان کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کی، اپنے سابق وزیر کی حمایت کی اور امید ظاہر کی کہ اعظم خان کو کورٹ سے مکمل انصاف ملے گا

Azam Khan welcomed Akhilesh Yadav with his supporters near Kosi river.
اعظم خان نے کوسی ندی کے نزدیک اپنے حامیوں کے ساتھ اکھلیش یادو کا خیر مقدم کیا۔

:سماج وادی پارٹی(ایس پی) کے صدر اکھلیش یادو نے سنیچر کو ریاست کی بی جےپی سرکار کو نشانہ بناتے ہوئے الزام لگایا کہ یوگی کے دور حکومت میں اتر پردیش میں ناانصافی اپنے عروج پر ہے، لوگوں کو بلا وجہ پریشان کیا جا رہاہے اور پولیس اہلکار بی جےپی کے کارکنوں اور ایجنٹ کی طرح کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب پولیس اہلکار ہی بی جےپی کے ایجنٹ کے رول میں ہوں گے تو عوام کو انصاف کیسے ملے گا۔  وہ  سابق وزیرمحمد اعظم خان کے ساتھ تھے جنہیں  یوگی سرکار نے یکے بعد دیگرے ۱۰۰؍ سے زائد مقدمات میں ماخوذ کیا ہے۔ اعظم خان کی تائید کرتے ہوئے سماجوادی سربراہ نے امید ظاہر کی کہ عدلیہ سے اعظم خان کو انصاف ضرور ملے گا۔ 
اعظم خان کے ساتھ پریس کانفرنس
 اکھلیش یادو نے الزام لگایا کہ   اترپردیش میں  سماجوادی پارٹی  کے کارکنوں اور لیڈروں کو پریشان کیا جارہاہے اور وہ  پولیس کے  نشانے پر ہیں۔  ایس پی لیڈر اعظم خان کے ساتھ مرادآباد میں ایک  پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یادو نے کہا کہ اعظم خان پر جھوٹے مقدمے درج کرائے گئے۔ ناانصافی شباب پر ہے۔  کسان، نوجوان اور چھوٹے کاروباری سمیت سماج کا ہر طبقہ بی جے پی کی پالیسیوں اور طرز عمل سے پریشان ہے لیکن کہیں کوئی شنوائی نہیں ہورہی ہے۔
 یادو بریلی سے سڑک راستے سے رامپور ہوتے ہوئے اعظم خان کو اپنی کرار میں ساتھ لے کر مرادآباد پہنچے تھے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی شہ پر کام کرنے والے بدعنوانی افسران پر کوئی کارروائی نہیں ہوتی۔ بی جے پی کے ایجنٹ کی طرح کام کرنے کی  یہ روایت جمہوریت کے لئے خطرہ ہے۔
رامپور الیکشن میں مظالم کا حوالہ دیا
 انہوں نے کہا کہ رامپور کے ضمنی الیکشن میں رائے دہندگان کو گھر سے باہر نہیں نکلنے دیا گیا جبکہ الیکشن کمیشن ووٹ فیصد بڑھانے پر زور دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مین پوری میں عوام نے حکومت کی بےایمانی نہیں چلنے دی۔سماجوادی پارٹی کے سربراہ نے الزام لگایا کہ’’ گریجویٹ اور ٹیچر حلقہ کے  ایم ایل سی الیکشن میں بی جےپی نے بے ایمانی سے جیت حاصل کی ہے۔‘‘
’یہ بی جےپی کا آخری بجٹ تھا‘
 مرکزی بجٹ پرتبصرہ کرتے ہوئے یادو نے کہا کہ بی جےپی نے اپنا آخری بجٹ پیش کیا ہے۔اڈانی معاملے میں بھی مودی سرکار کو گھیرنے کی کوشش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ  ایل آئی سی کے آئی پی او میں لوگوں کا پیسہ چلا گیا اور حکومت کہتی ہے کہ ہم سرمایہ کاری لائیں گے۔ 
کوسی ندی کے قریب حامیوں سے ملاقات
 بریلی کے سڑک راستے مرادآباد جاتے وقت یادو کا استقبال اعظم  خان  نے اپنی حامیوں کے ساتھ زیرو پوائنٹ پر کوسی ندی کے نزدیک کیا۔   یہاں  سے  اعظم خان ایس پی صدر کے ساتھ انہیں کی کار میں سوار ہوکر مرادآباد کے لئے روانہ ہوگئے۔
 اعظم خان اور اکھلیش یادو مرادآباد میں ایس پی لیڈرحاجی یوسف انصاری کے گھر  ان کے بیٹے کی شادی تقریب میں شرکت کرنے  پہنچے تھے۔ اس سے ٹھیک ایک دن پہلے مرادآباد میں ان کا ہیلی کاپٹر اترنے نہیں دیا گیا تھا۔ اجازت نہ ملنے کی وجہ سے اعظم  خان اور اکھلیش یادو بریلی کی جانب کار سے رامپور پہنچے اور اعظم خان کے ساتھ سوار ہوکر مرادآباد کے لئے روانہ ہوگئے۔
 مراد آباد میں پارٹی کارکنوں سے ملاقات
شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد اکھلیش یادو نے دیہاتی حلقے سے رکن  اسمبلی حاجی ناصر قریشی کی رہائش گاہ پہنچ کر سماج وادی پارٹی کے لیڈروں اور کارکنان سے ملاقات کی اور متحد ہوکرپارٹی کو مضبوط کرنے کی اپیل کی۔ بعد میں  انہوں  نے صحافیوں سے بھی گفتگو کی  اوربی جےپی  کے ساتھ ساتھ  انتظامیہ اور پولیس کی کارکردگی پر بھی سوال اٹھائے۔ 
’ جمہوریت کو کمزور کیا جارہاہے‘
  اکھلیش یادو نے یوگی سرکار کے طرز عمل پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’’  اگر آپ سیاسی مخالفین کے خلاف جھوٹے مقدمے درج کریں گے تو جمہوریت کمزور ہو جائے گی۔‘‘ انہوں نے  سماجوادی لیڈروں  اور کارکنوں کے خلاف جھوٹے مقدمات کا حوالہ دیتے ہوئے  کہا کہ اس طرح کی کارروائیاں جمہوریت کو کمزور کرنے اس کیلئے  خطرہ  پیدا کرنے کا باعث بن رہی ہیں۔اعظم خاں خان پر ہونے والے مظالم کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’اتنی مصیبت، اتنی تکلیف اور اس طرح کی ناانصافی کسی سیاسی خاندان کے ساتھ نہیں ہوئی ہوگی جیسی کارروائی اعظم خاں کے ساتھ ہوئی ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK