Updated: November 09, 2026, 9:01 PM IST
| Washington
امریکہ میں غیر قانونی تارکینِ وطن کے خلاف سخت کارروائیوں پر صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے پہلی بار نرمی کا اشارہ دیا ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا ہے کہ ان کی ملک بدری کی پالیسی نے انتخابی نتائج پر بھی اثر ڈالا اور ایسے افراد بھی اس کی زد میں آئے جو امریکہ میں ملازمتیں کررہے تھے اور ٹیکس ادا کرتے تھے۔
امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اعتراف کیا ہے کہ غیر قانونی طور پر مقیم تارکینِ وطن کی بڑے پیمانے پر ملک بدری کی ان کی پالیسی ضرورت سے زیادہ سخت تھی اور اس کے باعث ریپبلکن پارٹی کو وسط مدتی انتخابات میں نقصان بھی اٹھانا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ اس پالیسی سے فائدہ بھی ہوا اور نقصان بھی، کیونکہ حکومت نے ایسے افراد کو بھی ملک سے نکالا جو برسوں سے امریکہ میں مقیم تھے، ملازمتیں کررہے تھے اور ٹیکس ادا کررہے تھے۔ ٹرمپ نے اتوار کو سی بی ایس نیوز کے پروگرام ’۶۰؍ منٹس‘ کو دئیے گئے انٹرویو میں یہ بات کہی۔ ۳؍ نومبر کو ہونے والے وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کو کانگریس کے دونوں ایوانوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ انتخابات کے بعد پہلی مرتبہ تفصیلی انٹرویو دیتے ہوئے ٹرمپ نے اپنی امیگریشن پالیسی کے انتخابی اثرات پر بھی گفتگو کی۔
یہ بھی پڑھئے: شیخ حسینہ کی بنگلہ دیش واپسی کی تیاری، نئے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کی درخواست
انہوں نے کہا، ’’میرے خیال میں اس پالیسی سے فائدہ بھی ہوا اور نقصان بھی۔ سرحد بند کرنے پر مجھے اے پلس (A+) ملنا چاہئے اور برے لوگوں کو ملک سے نکالنے پر بھی مجھے بہت اچھے نمبر ملے ہیں۔ لیکن ہمیں اس وجہ سے نقصان ہوا کہ ہم نے ایسے لوگوں کو بھی نکال دیا جن کے پاس اچھی ملازمتیں تھیں اور ان کی خلاف ورزی صرف یہ تھی کہ وہ غیر قانونی طور پر امریکہ میں داخل ہوئے تھے۔‘‘ ٹرمپ نے مزید کہا کہ ملک میں ایک طبقہ ایسا ہے جو سمجھتا ہے کہ غیر قانونی طور پر مقیم تمام افراد کو واپس بھیج دینا چاہئے، جبکہ دوسرا طبقہ ایسے لوگوں کو امریکہ میں رہنے دینے کا حامی ہے جو محنت سے روزگار کمارہے ہیں، ہوٹلوں اور دیگر اداروں میں کام کررہے ہیں اور ٹیکس بھی ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ ان کی ملک بدری کی پالیسی بعض معاملات میں ضرورت سے زیادہ سخت رہی۔
ٹرمپ نے انٹرویو میں کہا کہ وہ ایسے تارکینِ وطن کو قانونی حیثیت دینے کے معاملے پر ڈیموکریٹس کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہیں جو غیر قانونی طور پر امریکہ میں داخل ہوئے، لیکن اب وہاں ملازمت کررہے ہیں اور ٹیکس ادا کررہے ہیں۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا ڈیموکریٹس اس معاملے پر ان کے ساتھ تعاون کریں گے تو انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ پہلے ہی ان سے رابطہ کرچکے ہیں۔ ٹرمپ کے مطابق، اس سلسلے میں کسی معاہدے تک پہنچنا ممکن ہے۔ تاہم ان کے اس بیان کے ساتھ ہی ایک اہم پیش رفت یہ ہوئی کہ انہوں نے جمعہ کو اسٹیفن ملر کو وائٹ ہاؤس کا نیا چیف آف اسٹاف مقرر کردیا۔ ملر ٹرمپ انتظامیہ کی سخت گیر امیگریشن پالیسی کے اہم معمار سمجھے جاتے ہیں۔ وہ سوسی وائلز کی جگہ یہ ذمہ داری سنبھالیں گے۔ اس تقرری کو ڈیموکریٹس کے ساتھ امیگریشن کے معاملے پر تعاون کی ٹرمپ کی خواہش کے تناظر میں اہم قرار دیا جارہا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: سعودی عرب میں غیرقانونی تارکین وطن کیخلاف کارروائیاں، ۹؍ ہزار ۱۳۹؍ کو ان کے آبائی وطن بھیجا گیا
وسط مدتی انتخابات سے قبل ۱۰۰؍ رکنی امریکی سینیٹ میں ریپبلکن پارٹی کو ۵۳؍ جبکہ ڈیموکریٹس کو ۴۷؍ نشستیں حاصل تھیں۔ اسی طرح ایوانِ نمائندگان میں ریپبلکنز کو ۲۱۹؍ اور ڈیموکریٹس کو ۲۱۴؍ نشستوں کے ساتھ معمولی اکثریت حاصل تھی۔ انتخابات کے بعد ڈیموکریٹس نے کانگریس کے دونوں ایوانوں میں برتری حاصل کرلی۔ دستیاب نتائج کے مطابق سینیٹ میں ڈیموکریٹس کو ۵۴؍ اور ریپبلکنز کو ۴۴؍ نشستیں ملیں، جبکہ دو نشستوں کے نتائج کا اعلان ہونا باقی تھا۔ ایوانِ نمائندگان میں ڈیموکریٹس نے ۲۵۴؍ اور ریپبلکنز نے ۱۶۲؍ نشستیں حاصل کیں، جبکہ ۱۹؍ نشستوں کے نتائج زیرِ انتظار تھے۔ ایوانِ نمائندگان میں اکثریت کے لیے ۲۱۸؍ نشستیں درکار ہوتی ہیں۔
ان انتخابات کو ٹرمپ کی دوسری صدارتی مدت کے بارے میں عوامی رائے کے اظہار کے طور پر دیکھا جارہا تھا۔ مہنگائی، روزمرہ اخراجات میں اضافہ، ٹرمپ کے محصولات کے باعث پیدا ہونے والی معاشی بے یقینی اور ایران کے ساتھ جنگ کے نتیجے میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کو ریپبلکن پارٹی کی انتخابی مشکلات کی اہم وجوہات قرار دیا گیا۔ کانگریس کے دونوں ایوانوں میں ڈیموکریٹس کی اکثریت کے بعد توقع ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کو اپنی باقی ماندہ دو سالہ مدت کے دوران پالیسیوں اور حکومتی اقدامات کے حوالے سے زیادہ سخت جانچ پڑتال کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ٹرمپ کی دوسری صدارتی مدت میں امیگریشن کے خلاف کارروائیوں کے تحت بڑی تعداد میں تارکینِ وطن کو فوجی طیاروں کے ذریعے ملک بدر کیا گیا۔ اس کے علاوہ ملازمت کی بنیاد پر گرین کارڈ پروگرام معطل کرنے، غیر ملکی طلبہ کے لیے اضافی حفاظتی شرائط نافذ کرنے اور طلبہ و صحافیوں کے ویزوں کی مدت محدود کرنے کے لیے نئے ضابطے تجویز کرنے جیسے اقدامات بھی کیے گئے۔
یہ بھی پڑھئے: پولینڈ کے کراکوف میں فائرنگ، ۶؍افراد ہلاک، ۱۵؍سے زائد افراد زخمی
اگست ۲۰۲۵ء میں ٹرمپ انتظامیہ نے اعلان کیا تھا کہ وہ امریکہ کے درست ویزے رکھنے والے ۵؍ کروڑ ۵۰؍ لاکھ سے زائد افراد کے ریکارڈ کا جائزہ لے رہی ہے تاکہ ویزا ضوابط کی کسی بھی خلاف ورزی کا پتا لگایا جاسکے، جو ملک بدری کی وجہ بن سکتی ہے۔ امریکہ میں امیگریشن کی ان کارروائیوں کو لے کر سیاسی سطح پر بھی اختلافات سامنے آئے ہیں۔ سی بی ایس نیوز کے مطابق، وسط مدتی انتخابات کے بعد کیے گئے ایگزٹ پول میں ۵۸؍ فیصد رائے دہندگان نے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ کی امیگریشن سے متعلق کارروائیاں حد سے آگے بڑھ گئی ہیں۔
ہندوستان کی وزارتِ خارجہ نے جون ۲۰۲۶ء میں بتایا تھا کہ ۲۰۲۵ء کے آغاز سے اب تک ۴؍ ہزار ۷۰۰؍ سے زائد ہندوستانیوں کو امریکہ سے ملک بدر کیا جاچکا ہے۔ ان میں سے ۳؍ ہزار ۵۷۰؍ سے زیادہ افراد کو ۲۰۲۵ء میں، جبکہ ۲۰۲۶ء میں جون تک ایک ہزار ۱۷۰؍ سے زائد ہندوستانیوں کو واپس بھیجا گیا تھا۔ ملک بدری کی کارروائیاں شروع ہونے کے بعد ہندوستانی اپوزیشن نے مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ اس کی وجہ وہ ویڈیوز تھیں جن میں امریکہ سے واپس بھیجے جانے والے ہندوستانیوں کو فوجی طیاروں میں ہتھکڑیاں لگی ہوئی دکھایا گیا تھا۔ تاہم وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے فروری ۲۰۲۵ء میں پارلیمنٹ کو بتایا تھا کہ امریکہ سے ملک بدر کیے جانے والے افراد کو ہتھکڑیاں لگانے کا طریقہ ماضی کے طریقۂ کار کے مطابق تھا اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی تھی۔