• Sat, 07 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

شمالی غزہ میں انسداد پولیو مہم کا دوسرا مرحلہ شروع

Updated: November 03, 2024, 9:55 PM IST | Gaza

اقوام متحدہ کے بچوں کے فنڈ (یونیسیف) کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ شمالی غزہ میں پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کی دوسری خوراک کا انتظام دوبارہ شروع ہو گیا ہے۔ ہزاروں باشندے سنیچر کو اپنے بچوں کو قطرے پلانے کیلئےدوپہر تک شمالی غزہ میں قائم کئے گئے طبی مراکز میں لے کر آئے۔

A doctor administers polio drops to a Palestinian child in Khan Yunis, Gaza. Photo: INN.
غزہ کے خان یونس میں ڈاکٹر ایک فلسطینی بچے کو پولیو کے قطرے پلا رہا ہے۔ تصویر: آئی این این۔

اقوام متحدہ کے بچوں کے فنڈ (یونیسیف) کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ شمالی غزہ میں پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کی دوسری خوراک کا انتظام دوبارہ شروع ہو گیا ہے۔ ترجمان نے جرمن نیوز ایجنسی (DPA) کو دیئے گئے ایک بیان میں وضاحت کی کہ اس مہم کو آسان بنانےکیلئے جس انسانی بنیادوں پر جنگ بندی پر اتفاق کیا گیا تھا وہ صرف غزہ شہر تک محدود تھا۔ اس وقت اس حوالے سے متنبہ کیا گیا تھا کہ صحت کے کارکنان شمالی غزہ میں دس سال سے کم عمر کے تقریباً۱۵؍ہزاربچوں تک پہنچنے سے قاصر رہے ہیں۔ غزہ میں طبی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ ہزاروں باشندے سنیچر کو اپنے بچوں کو قطرے پلانے کیلئےدوپہر تک شمالی غزہ میں قائم کئے گئے طبی مراکز میں لے کر آئے۔ یونیسیف کے مطابق شمالی غزہ میں تقریباًایک لاکھ ۱۹؍ ہزار بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کی دوسری خوراک دی جائے گی۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے گزشتہ اکتوبر میں کہا تھا کہ بڑے پیمانے پر نقل مکانی اور شمالی غزہ تک رسائی میں دشواری کی وجہ سے انسداد پولیو مہم کو ملتوی کیا گیا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: پاکستان: اکتوبر میں دہشت گردانہ حملوں میں ۱۹۸؍ افراد ہلاک، ۱۱۱؍ زخمی ہوئے: رپورٹ

یاد رہے کہ ٹیکہ کاری مہم گزشتہ ستمبر کی پہلی تاریخ کو شروع ہوئی تھی جب اگست میں عالمی ادارہ صحت کی جانب سے اس بات کی تصدیق کی گئی تھی کہ ٹائپ ٹو پولیو وائرس کی وجہ سے ایک شیر خوار بچہ جزوی طور پر مفلوج ہو گیا ہے۔ یہ۲۵؍ برسوں میں غزہ میں ریکارڈ ہونے والا پہلا کیس تھا۔ تنظیم نے کہا کہ مہم کے آخری مرحلے کا مقصد شمالی غزہ میں دس سال سے کم عمر کے تقریباًایک لاکھ ۱۹؍ ہزاربچوں کو۲؍ اورل پولیو ویکسین کی دوسری خوراک فراہم کرنا ہے۔ 
اسرائیلی فوج کا غزہ میں پولیو مرکز پر حملہ، ۴؍بچوں سمیت ۶؍ افراد زخمی
اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ میں پولیو مرکز پر حملے میں ۴؍بچوں سمیت ۶؍ افراد زخمی ہوگئے۔ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق اسرائیلی فورسز نے غزہ میں پولیو مرکز پر گرینیڈ سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں ۴؍ بچوں سمیت ۶؍ افراد زخمی ہوگئے۔ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال (یونیسیف) نے اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق اسرائیلی حملوں کے باعث غزہ کے متعدد علاقوں میں پولیو ورکر کی رسائی ممکن نہیں ہے۔ یونیسیف کے مطابق ۴۸؍گھنٹوں کے دوران غزہ پر اسرائیلی حملوں میں ۵۰؍ سے زائد بچے شہید ہوچکے ہیں۔ یونیسیف کا کہنا ہےکہ پولیو کے خلاف ویکسینیشن مہم شمالی غزہ میں انتہائی سخت حالات کے باوجود دوبارہ شروع کی جارہی ہے جس میں پہلے ہی کافی تاخیر ہوچکی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK