سیکولرفرنٹ نے میئر اور ڈپٹی میئر کیلئے چار عریضے حاصل کئے ہیں، کانگریس اور بی جے پی نے ’بھارت وکاس اگھاڑی‘ بنائی
EPAPER
Updated: February 03, 2026, 7:31 AM IST | Mukhtar Adeel | Malegaon
سیکولرفرنٹ نے میئر اور ڈپٹی میئر کیلئے چار عریضے حاصل کئے ہیں، کانگریس اور بی جے پی نے ’بھارت وکاس اگھاڑی‘ بنائی
اگلے چار دنوں بعد (۷؍فروری ۲۰۲۶ءکو) مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کے میئر اور ڈپٹی میئر کیلئے انتخابی عمل کا مرحلہ درپیش ہوگا۔اس کیلئے سیاسی جماعتوں کی صف بندی کم وبیش پوری ہوچکی ہے۔یہاں کی شہری بلدیہ میں کُل ۸۴؍نشستیں ہیں۔اقتدار حاصل کرنے کیلئے ۴۳؍اراکین کی اکثریت لازمی ہے۔سیکولر فرنٹ کا دعویٰ ہے کہ اُس کے پاس ۴۵؍کارپوریٹرز کی اکثریت پر مشتمل حصولِ اقتدار کیلئے تعداد پوری ہے۔
میئر و ڈپٹی میئر کیلئے امیدوار نامزد
سیکولر فرنٹ نے میئر عہدے کیلئے (۱)نسرین شیخ خالد (۲) طاہرہ شیخ رشید کو امیدوار نامزد کیا ہے۔ان دونوں نے میئرعہدے کے انتخاب کیلئے عریضے حاصل نیز جمع بھی کروائے ہیں۔ان دونوں میں سے کسی ایک کا اپنا نام واپس لینے کا موقع بھی ملے گا۔ڈپٹی میئر کیلئے (۱)شانِ ہند (۲) محمد مستقیم نے عرضیاں بھری ہیں۔اس طرح سیکولر فرنٹ نے میئر اور ڈپٹی میئر کیلئے چار امیدواروں کا میدان میں اُتارا ہے۔ان میں سے دو امیدوار اپنے نام واپس لیں گے۔ اس خبر کے لکھے جانے ( ۲؍فروری کی شام ) تک سیکولر فرنٹ کے علاوہ کسی بھی سیاسی جماعت بشمول کُل ہند مجلس اتحاد المسلمین نے میئر اور ڈپٹی میئرعہدے کیلئے امیدوار نامزد نہیں کیا ہے اور اس کیلئے انتخابی پرچے بھی حاصل نہ کئے جانے کی اطلاع ہے۔
کانگریس اور بی جے پی نے بھارت وِکاس اگھاڑی بنائی
شہری بلدیہ پر برسر اقتدار گروپ کے ساتھ رہنے کیلئے کانگریس کے تین اور بی جے پی کے دو ارکانِ بلدیہ نے بھارت وکاس اگھاڑی بناکر اس کا اندراج ڈیویژنل کمشنر آفس میں کروایا ہے۔تین اور دو نے پانچ کی شکل اختیار کی اور سیکولر فرنٹ (انڈین سیکولر لارجیسٹ ۳۵؍ اور سماج وادی پارٹی ۵؍ کُل ۴۵) کے ساتھ سیاسی اتحاد کا اعلان کردیا ۔اس کی تصدیق اعجاز بیگ ( نومنتخب رکن بلدیہ و صدر کانگریس) نے کی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’’آئے ایم دا بَوس ‘‘۔
مجلس اور شیوسینا کے بارے میں
رُکن اسمبلی مفتی محمد اسماعیل قاسمی نے کہا کہ ’’شہری بلدیہ پر اقتدار کیلئے فرقہ پرست سیاسی پارٹیوں سے دور رہنے کا فیصلہ مجلس کے قومی سربراہ بیرسٹر اسد الدین اویسی کرچکے ہیں ۔ مالیگاؤں میں میئر عہدے کیلئے ہمارے پاس تجربے کار خاتون نہیں ہے ۔کانگریس کے نومنتخب رُکن بلدیہ اعجاز بیگ لااعتبار ہیں۔اِن وجوہات کے باعث اقتدار سازی کیلئے توڑ جوڑ کرنے میں مجلس نے کوئی پیش رفت نہیں کی۔مجلس سے بلا شرط تائید وحمایت سیکولر فرنٹ نے مانگی تھی تب ہمارا موقف یہی رہا کہ ہم کوئی غلام یا بندھوا مزدور نہیں جو ۲۱؍اراکین بلدیہ کی حمایت بلا شرط دیں۔‘‘ کابینی وزیر اسکولی تعلیم دادا بھسے (شیوسینا ، شندے) کی جانب سے ملی خبروں کے مطابق ۱۸؍ کارپوریٹر شیوسینا کے تیر کمان نشان پر منتخب ہوئے۔ نلیش آہیر کو گٹ نیتا بنایا گیا ۔اقتدار سازی کے معاملے میں شیوسینا کی پالیسی واضح نہیں ہے۔پارٹی کے مقامی لیڈران نے ابھی تک اپنے پتّے نہیں کھولے ہیں۔