• Sat, 14 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

دونوں این سی پی کے انضمام پرسیاسی بحث پھر تیز

Updated: November 14, 2026, 2:27 PM IST | Agency | Mumbai

پونے میں میٹنگ ۔ ریاستی وزیر چھگن بھجبل نے دعویٰ کیا کہ اجیت پوار اور جینت پاٹل نے میرے سامنے انضمام کے بارے میں گفتگو کی تھی۔ پارٹی کے ریاستی صدر سنیل تٹکرے نے انکشاف کیا کہ اجیت پوار زندہ ہوتے تو انضمام ۱۲؍فروری کو ہی ہوگیا ہوتا۔ این سی پی (شردپوار) کی کارگزارصدر سپریاسُلے نے کہا:بھائی گیا، میرے لئے یہ معاملہ بھی ختم ہوگیا۔

Supriya Sule. Photo: INN
سپریاسُلے۔ تصویر: آئی این این

دونوں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے انضمام کی بحث زوروں پر ہے ۔ ا س دوران اس معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے این سی پی  (اجیت پوار)کے سینئر لیڈر اورریاستی وزیر چھگن بھجبل نے  بڑا انکشاف کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انضمام کے بارے میں پہلے بھی بات ہوئی تھی۔ اجیت پوار اور جینت پاٹل نے میری موجودگی میں انضمام کے بارے میں بات چیت کی تھی۔ اے بی پی ماجھا کی خبر کے مطابق انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ  اجیت پوار پارٹی کی اچھی طرح قیادت کر رہے ہیں، میں نے ان سے کہا تھا کہ آپ اکٹھے ہو جائیں۔ اس وقت۴۰؍ سے ۴۵؍ منٹ تک بحث ہوئی۔ دونوں  این سی پی کے انضمام  کے معاملے پر سیاسی ہنگامہ آرائی جاری ہے، خاص طورپر اس وقت سے جب   پارٹی کے سینئر لیڈران بھی اس پر ردعمل ظاہر کرتے نظر آئے۔ نائب وزیر اعلیٰ اور این سی پی سربراہ سونیترا پوار نے اس بارے میں کہا تھا کہ صحیح فیصلہ صحیح وقت پر کیا جائے گا۔ اس کے بعد اب وزیر چھگن بھجبل نے بھی بڑا دعویٰ کیا ہے۔

چھگن بھجبل کا دعویٰ

ریاستی وزیرچھگن بھجبل نے بتایا کہ ’’میرا آپریشن ہوا تھا، میں بیمارتھا تو  اجیت پوار میری عیادت کیلئے آئے تھے تبھی جینت پاٹل بھی۵؍ منٹ کے اندر آ گئے تھے، اس وقت میں نے جینت پاٹل سے کہا تھاکہ ہم سب کو اکٹھا ہونا چاہئے۔ ہم نے تقریباً ۴۰؍ سے۴۵؍ منٹ تک بات چیت کی لیکن، جینت پاٹل نے کہا کہ آپ اقتدار میں این ڈی اے کے ساتھ ہیں، کیا آپ کی اتحادی پارٹی کو یہ چلے گا؟ تب میں نے کہا کہ پارٹی صدر اجیت پوار ہیں، وہ دیکھیں گے۔ بانی صدر شرد پوار ہیں، بات چیت ہوگی۔ لیکن آگے کچھ نہیں ہوا۔ اجیت پوار تو موجودنہیں  ہیں  لیکن  جینت پاٹل توموجودہیں ۔دونوں این سی پی کے انضمام کے بارے میں چھگن بھجبل نے تبصرہ کیا کہ   انضمام کے بارے میںگفتگو سچ ہے، میڈیا دکھا رہا ہے، ’ مرجر، مرجر ‘کا کھیل  جاری ہے۔ دونوں طرف ٹیم کا کھیل ہونا چاہئے، ہم میں سے ایک جا تا ہے اورگفتگو کرتا ہے۔ کرکٹ میچ جاری ہے، سب کو مل کر گفتگوکرنی چاہئے، ٹکڑے ٹکڑے ہوکر  بات نہیں کرنی چاہئے۔ ہم اسے صرف ٹی وی پر دیکھتے ہیں، پھر ہم اسے سنتے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: اِمپورٹ میں اضافہ، تجارتی خسارہ بڑھ گیا

’’سونیتراتائی ہمیں اعتماد میں لیں گی‘‘

چھگن بھجبل نے مزید کہا کہ ’’میں پوار صاحب سے ملنے بھی گیا تھا، ان کی خیریت دریافت کرنے جانا غلط نہیں ہے۔ میری زندگی میں دو ہی لیڈران  ہیں، بالا صاحب ٹھاکرےجو اب نہیں رہے، دوسرے شرد پوارجو اب دوسری پارٹی میں ہیں۔ تاہم  باقی دیگراتحادی پارٹی کےلیڈران ہیں۔ یہ واضح نہیں ہے کہ سبھی این ڈی اے میں شامل ہوں گے یا ’انڈیا‘ میں۔ سونیترا تائی نے کہا ہےکہ صحیح وقت آئے گا، وہ صحیح وقت پر بتائیں گی، بھجبل نے کہا کہ انضمام کے معاملے پر صحیح وقت پر صحیح فیصلہ کیا جائے گا۔ سونیتراتائی ہمیں اعتماد میں لیں گی۔‘‘

’’ٹھاکرے ایک ساتھ آئے تو سبھی خوش ہوئے‘

انہوں نے واضح طورپر کہا کہ ’’میری زندگی میں مجھے   سرپرست ملے، بالا صاحب اور پوار صاحب۔ ہمارے پوار صاحب کے ساتھ تعلقات ہیں، سیاست میں ہم دشمن ہوں تو بھی ایک دوسرے سے تعلقات برقرار رکھتے ہیں۔ میں آپ سب کو دیوالی کی مبارکباد پیش کرتا ہوں، پوار صاحب ریاست کے سب سے پرانے اور سمجھدار لیڈر ہیں۔ کوئی اکٹھا ہو جائے تو خوشی ہوتی ہے۔ جب ٹھاکرے اکٹھے ہوئے تو سبھی خوش  ہوئے ۔ پوار اور چھگن بھجبل ہی تھے جنہوں نے این سی پی کو بڑا بنایا، باقی بعد میں آئے، کچھ نے ووٹ دیا۔ اتحاد تھا، پرانے جاننے والے اکٹھے ہوجائیں تو خوشی ہوگی ۔

’’انضمام کے معاملے میں میٹنگیں ہوئی تھیں‘‘

این سی پی (اجیت پوار) کے ریاستی صدر سنیل تٹکرے نے دعویٰ کیا ہے کہ ’’اگر اجیت پوار زندہ ہوتے تو این سی پی کا انضمام۱۲؍ فروری کو ہی ہو جاتا۔  اجیت دادا نے   ایسا خیال مجھے تبھی دیاتھا۔ اسی طرح انضمام کے حوالے سے چھگن بھجبل کا دعویٰ بھی درست ہے۔انہوں نے یہ بھی اعادہ کیا ہے کہ انضمام کے معاملے میں میٹنگیں ہوئی تھیں۔ تٹکرے نے ایک بار پھر انضمام کا معاملہ اٹھایا ہے جس سے سیاسی حلقوں میں بحث چھڑ گئی ہے۔

مجھے کوئی تجویز موصول نہیں ہوئی: سپریہ سُلے

مہاراشٹر میں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے دونوںگروپ کے درمیان انضمام کی بازگشت کے درمیان سیاسی بیان بازی تیز ہوگئی ہے۔ اب شرد پوار کی بیٹی اور پارٹی کی کارگزار صدر سپریہ سُلے نے ان قیاس آرائیوں پر جواب دیا ہے۔ انہوں نے انضمام کے حوالے سے کوئی تجویز موصول ہونے سے انکار کیا۔ اپنے بھائی اجیت پوار کا حوالہ دیتے ہوئے  انہوں نے کہا کہ ان کے جانے کے بعد یہ مسئلہ ختم ہو گیا ہے۔ دینک بھاسکر کی خبر کے مطابق این سی پی کے ممکنہ انضمام کے بارے میں سوالوں کا جواب دیتے ہوئے رکن پارلیمان سپریہ سُلے نے کہاکہ ’’کن دو پارٹیوں کے انضمام کی بات کی جا رہی ہے؟ مجھے اس سلسلے میں کوئی تجویز موصول نہیں ہوئی ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ انہیں انضمام کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ہے۔ وہ یہ نہیں جاننا چاہتی تھی کہ کون کس سے مل رہا ہے اور اس کی وجوہات کیا ہیں۔ انہوں نے جذباتی طور پر کہا کہ ان کے بھائی کے انتقال کے دو دن بعد رونما ہونے والے واقعات نے ان کیلئے یہ باب ختم ہوگیا۔ انہوںنے یہ بھی کہا کہ اجیت پوار نے ان سے اس معاملے پرگفتگو کی تھی، اور پوری دنیا کو اس وقت کے حالات کے بارے میں معلوم تھا۔

روہت پوار نے انضمام کی قیاس آرائیوں کو مسترد کردیا

رکن اسمبلی  روہت پوار نے این سی پی کے دوگروپ کے اکٹھے ہونے کی بات چیت پر اپنا موقف واضح کیاہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے اندر انضمام کے حوالے سے کوئی بات چیت نہیں ہو رہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جب تک بی جے پی کے ساتھ اتحاد برقرار ہے، دونوںگروپ کے درمیان انضمام کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔روہت پوار نے بھی وزیراعلیٰ کے اس بیان کا جواب دیا کہ این سی پی کے دو گروپ کا اتحاد ان کے بغیر ناممکن ہے۔ روہت کے مطابق اس طرح کا بیان اقتدار کے غرو ر کو ظاہر کرتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK