Inquilab Logo Happiest Places to Work

’ایس آئی آر‘ کیلئے سیاسی پارٹیوں کی جانب سے’بی ایل اے‘کے تقرر میں سست روی

Updated: March 31, 2026, 9:46 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

الیکشن کمیشن نے ہر ووٹرلسٹ کیلئے ایک بوتھ لیول آفیسر (بی ایل او) کے تقرر کا اعلان کیا ہے اورسروے میں سہولت کیلئے سیاسی پارٹیوں سے بوتھ لیول ایجنٹ کا تقرر کرنے کی درخواست کی ہے۔

Blos Mapping Voters For SIR In Mumbra.Photo:INN
ممبرا میں بی ایل او ایس آئی آر کیلئےووٹروں کی میپنگ کرتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این
مہاراشٹر میں   اپریل سے ووٹرلسٹ کی باریکی سے جانچ  کا سروے’ اسپیشل انٹینسیو ریویژن(ایس آئی آر) ‘ شروع ہونے والا ہے۔ اس سروے میں سہولت کیلئے الیکشن کمیشن کی جانب سے جہاں ہر ووٹر لسٹ کیلئے ایک بوتھ لیول آفیسر ( بی ایل او) کے تقرر کا اعلان کیا گیا ہے وہیں اس سروے میں سہولت کیلئے سبھی سیاسی پارٹیوں کو بوتھ لیول ایجنٹ(بی ایل اے) کا تقرر کرنے کی درخواست بھی کی گئی ہے لیکن ان کے تقرر میں سست روی نظر آرہی ہے اور کئی علاقوں میں   بی ایل اے کیلئے کسی طرح کی سرگرمی نظر نہیں آرہی ہے۔
پیر کو نمائندۂ انقلاب نے متعدد اپوزیشن پارٹیوں کے ممبئی کے عہدیداروں سے رابطہ قائم کیا اور ان سے بوتھ لیول ایجنٹ (بی ایل اے) کے تقرر  کے تعلق سے پوچھا تو کسی نے یہ دعویٰ کیا کہ ان کا تقرر جاری ہے لیکن علاقائی سطح پر ووٹروں کی میپنگ کا کام شروع ہو چکا ہے بلکہ کئی ہزار ووٹروں کی میپنگ   بھی ہوچکی ہے جبکہ چند اپوزیشن پارٹیوں نے ابھی اس سلسلے میں میٹنگیں منعقد کرنے اور بی ایل اے بننے کیلئے پارٹی ورکروں سے درخواست دینے کی بات کہی ہے۔
اس سلسلے میں بی ایم سی میں کانگریس کے گروپ لیڈر اشرف اعظمی سے رابطہ قائم کرنے پر انہوں نے بتایا کہ ’’ چونکہ اب تک بی ایل او کا تقرر حتمی نہیںہواہے اور انہوں نے کام کرنا شروع نہیں کیا ہے  اس لئے اسی لئے بی ایل اے کے تقرر کا کام بھی جاری ہے۔ بی ایل اے کے تقرر سے قبل ہی پارٹی ورکروں کی جانب سے ایس آئی آر کیلئے ووٹروں کی میپنگ کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ ہمارے نہرو نگر میں ۲۰۰۲ءمیں  تقریباً ۲؍ لاکھ ۲۴؍ ہزار ووٹرس تھے جو اب بڑھ کر تقریباً ۳؍ لاکھ ووٹر ہو گئے ہیں لیکن یہاں تقریباً ۹۰؍ ہزار ووٹروں کی میپنگ کر دی گئی ہے۔‘‘ انہوںنے مزید کہا کہ’’ کانگریس پارٹی اور غیر سرکاری تنظیموں کی جانب سے ایس آئی آر کا کام تیزی سے جاری ہے۔ ایم آئی جی میں میرے   اور میری بیٹی ڈاکٹر سمن اعظمی کے دفتر میں پرانی ۲۰۰۲ءکی ووٹر لسٹ میں نام تلاش کرنے کاسلسلہ جاری ہے۔اور عوام اس سے استفادہ بھی کر رہے ہیں۔اسی طرح حبیب اسپتال کے پاس کانگریس کے مقامی صدر ارشد اعظمی کی دفتر میں، جماعت اسلامی اور مسجد ٹرسٹ کے دفتر میں بھی یہ کام ہو رہا ہے۔ ان مراکز پر نہ صرف ممبئی بلکہ بیرون ممبئی او ر دیگر ریاستوں کی ۲۰۰۲ء کی ووٹر لسٹ سے بھی نام تلاش کر کے دیئے جارہے ہیں۔‘‘اس ضمن میں کرلا کے تحصیلدار آفس کے ایک افسر نے بتایا کہ اب تک ۲۹۷؍ میں سے ۱۶۲؍ بی ایل اوکو ایس آئی آر کا آرڈر جاری کیاگیا ہے اور جیسے جیسے بی ایل او رجوع ہو رہے ہیں ، ویسے ویسے انہیں کام کرنے کا آرڈر اوعلاقے تفویض کئے جارہے ہیں۔
 
 
اس ضمن میں سماجوادی پارٹی کے ممبئی اورریاست کے صدر ابو عاصم اعظمی سے رابطہ کرنے پر انہوں نے بتایا کہ ’’ابھی الیکشن کمیشن کی جانب سے بی ایل او کا تقررہی عمل میں نہیں آیا ہے ۔ اسی سلسلے میں مَیں نے پیر کو الیکشن آفیسر سے ملاقات بھی کی اور ان سے گوونڈی شیواجی نگر اور دیگر علاقوں میں بی ایل او نہ آنے کی شکایت کی جس پر انہوںنے بتایاکہ لوکل باڈی انتخابات کے سبب کئی بی ایل او مصروف تھے ۔ البتہ آہستہ آہستہ وہ حاضر ہو رہے ہیں ۔اسی عتبار سے انہیں ایس آئی آر کی ڈیوٹی پر مامور کیاجارہا ہےلہٰـذا یہ سروے شروع ہونے میں تاخیر ہوگی۔جیسے جیسے بی ایل او مقرر ہوتے جائیں گے، ہم ہر وارڈ میں بی ایل اے بھی مقرر کرتے جائیں گے،اس کی پوری تیار ہو چکی ہے۔‘‘ انہوںنے مزید بتایاکہ ’’ بی ایل او کا انتظار کئے بغیر ہی ہم نے ہمارے رابطہ دفاتر پر پرانی ۲۰۰۲ء کی ووٹر لسٹ میں نام تلاش کرنے کا نظم کیا ہے جہاں پر شہری اس سے استفادہ کر رہے ہیں۔بی ایل او کو ہر گھر پر ۳؍ مرتبہ جانا لازمی ہے۔جن ووٹروں کا نام یا ان کے قریبی رشتہ داروں (والد، والدہ ، دادا ، دادی ، نانا یا نانی)کا نام ۲۰۰۲ء کی ووٹر لسٹ میں موجود ہے تو انہیں مزید کوئی دستاویز دینے کی ضرورت نہیں لیکن جن اور ان کے رشتہ داروں کا نام ووٹر لسٹ میںنہیں ، وہ ۱۲؍ دستاویزات پیش کر کے ایس آئی آر میں اپنا نام درج کروا سکتے ہیں۔‘‘ ابو عاصم اعظمی نے دعویٰ کیا کہ ان کے اسمبلی حلقہ کے اب تک ۵۰؍ فیصد ووٹروں کی میپنگ ہو چکی ہے۔
 
 
اس ضمن میں مجلس اتحادالمسلمین (ایم آئی ایم) ممبئی کے گروپ لیڈر وجے اوبالے سے رابطہ قائم کرنے پر انہوںنے بتایاکہ ’’ہمارے بی ایل اے کے تقرر کا کام جاری ہے ، اس سے قبل ہمارے سینئر لیڈروں نے ایس آئی آر کس طرح کیاجائے گا، اس کا انتہائی آسان طریقے سے سمجھانے کی ویڈیو بنایا ہے۔اسے وائرل بھی کیاجارہا ہے اور عوام اس سے استفادہ کر تے ہوئے اپنی میپنگ بھی کر رہے ہیں۔ انہوںنے مزید کہاکہ’’ منگل کو سینئر عہدیداروں سے میٹنگ میں بی ایل اے کے تقرر کے تعلق سے بھی تبادلۂ خیال کیاجائےگا۔‘‘
اس تعلق سے این سی پی(شرد پوار) کے ممبئی کے ترجمان ملند کامبلے سے رابطہ کرنے پرانہوں نے کام میں مصروف ہونے کا عذر پیش کرتے ہوئے گفتگو سے معذرت کی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK