یہ مشین گزشتہ ۵؍ سال سے پڑی ہوئی تھی۔ ریگولر ایکسرے مشین خراب ہونے سے مریضوں کو دیگر سرکاری اسپتالو ں میں بھیجا جارہا تھا۔ پورٹیبل سسٹم شروع ہونے سےمریضوںکو راحت ملے گی۔
بالاصاحب ٹھاکرے ٹراما کیئر اسپتال۔ تصویر: آئی این این
جوگیشوری کے ہندو ہردیے سمراٹ بالاصاحب ٹھاکرے ٹراما کیئر اسپتال میں موجود ریگولر ایکسرے سسٹم کے خراب ہونے سے یہ مشین اکثر بند رہتی ہے جس کی وجہ سے ایکسرے کیلئے مریضوںکو کوپر اسپتال یا دیگر سرکاری اسپتالوںمیں بھیجا جا رہا ہے ۔ ایسے میں مریضوں کو ہونے والی تکالیف کو دیکھتے ہوئے اسپتال انتظامیہ نے گزشتہ ۵؍سال سے پڑی پورٹیبل ایکسرے مشین کو استعما ل کرنا شروع کیا ہےجس سے مریضوں کو راحت ملے گی۔
کووڈ ۱۹؍ کے دوران ۲۰۲۱ء میں جوگیشوری ٹراما کئیر اسپتال کو ۵۵؍لاکھ روپے کی پورٹیبل ایکسرے مشین عطیہ کی گئی تھی جو گزشتہ ۵؍سال سے استعمال میں نہیں آ رہی تھی لیکن اب اس سسٹم کو استعمال کرنا شروع کر دیا گیا ہے۔
جوگیشوری ٹراما کیئر اسپتال میں موجود ریگولر ایکسرے سسٹم اکثر بند رہتا ہے جس کی وجہ سے مریضوں کو ہونے والی تکالیف کو دیکھتے ہوئے اسپتال کی ڈین ڈاکٹر چھایا شندے اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر نرنجن کشر ساگر نے ایک نیا سسٹم خریدنے کا فیصلہ کیا ہے لیکن نئی مشین کی آمد میں تقریباً ۶؍ ماہ سے ایک سال لگنے کا امکان ہے۔ دریں اثناء ایکسرے ڈپارٹمنٹ کے معائنہ کے دوران افسران نے ڈاکٹر کشر ساگر کو بتایا کہ پورٹیبل ایکسرے سسٹم ۵؍سال سے استعمال میں نہیں لایا گیا ہے۔ ڈاکٹر کشر ساگر نے ڈین ڈاکٹر چھایا شندے کو اس معاملے سے آگاہ کیا۔ انہوں نے فوری طور پر مشین کو ٹھیک کرنے کی ہدایت دی۔ ڈاکٹر کشر ساگر نے ممبئی میونسپل کارپوریشن اور یونائیٹڈ وے آف ممبئی کے تکنیکی ماہرین کو مشین کا معائنہ کرنے کیلئے بلایا۔ معلوم ہوا کہ مشین کی تنصیب اور سافٹ ویئر کے حوالے سے کچھ تکنیکی مسائل ہیںجنہیں حل کرنے کے بعد پورٹیبل ایکسرے مشین نے کام کرنا شروع کر دیا۔