شہریوں سے بی ایم سی ہیلپ لائن ۱۹۱۶؍ اور ویب سائٹ پر شکایت کرنے کی اپیل۔ پلاسٹک کے بجائے کپڑے اور ماحول دوست چیزوں سے بنےبینر استعمال کرنے کی رہنمائی کی جائے گی۔
EPAPER
Updated: October 06, 2026, 10:57 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai
شہریوں سے بی ایم سی ہیلپ لائن ۱۹۱۶؍ اور ویب سائٹ پر شکایت کرنے کی اپیل۔ پلاسٹک کے بجائے کپڑے اور ماحول دوست چیزوں سے بنےبینر استعمال کرنے کی رہنمائی کی جائے گی۔
ممبئی کو غیرقانونی بینرس سے پاک کرنے کیلئے میئر ریتو تاؤڑے نے بی ایم سی کمشنر کو خط لکھ کر خصوصی مہم چلانے کی درخواست کی ہے۔ اس مہم میں غیرقانونی بینرس کے ساتھ پلاسٹک کے استعمال سے بنائے گئے پی وی سی اور فلیکس کے بینرس اور پوسٹرس کو خاص طور پر نشانہ بنایا جائے گا۔ میئر نے وارننگ دی ہے کہ غیرقانونی بینرس وغیرہ بنانے والے پرنٹروں اور ایجنسیوں کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔
میئر نے تمام سیاسی لیڈروں، عہدیداروں، کارکنوں اور عام شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ غیر مجاز بینرس اور ہورڈنگز کو لگانے سے روکیں اور تعاون کریں۔ اس کیلئے شہریوں کو بی ایم سی کے ہیلپ لائن نمبر ۱۹۱۶، آفیشیل ویب سائٹ اور ’مائی بی ایم سی‘ ایپ پر شکایت کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ موصولہ شکایات پر زیادہ سے زیادہ ۷۲؍ گھنٹوں میں کارروائی کرنی ہوگی۔ ہر وارڈ میں کی گئی کارروائی، جمع کئے گئے جرمانہ اور درج کئے گئے جرائم کی ہفتہ وار تفصیلات میئر کو پیش کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھئے: ایس آئی آر کی آڑ میں نوٹس بھیجے جانے سے شہریوں کو شدید دقتوں کا سامنا
میئر نے بی ایم سی کمشنر اشوینی بھیڈے کو خط لکھ کر غیرقانونی بینرس کے خلاف مہم کی درخواست تو کی ہی ہے ساتھ ہی انہوں نے پی وی سی فلیکس، بینرس، پوسٹرس اور اسٹیکرس کے خلاف ’زیرو ٹالرنس ( ناقابل برداشت ) کی پالیسی نافذ کرنے کی سخت ہدایت دی ہے۔
ایجنسیوں کو پی وی سی کے بجائے کپڑے، ماحول دوست چیزیں اور ڈیجیٹل ایل ای ڈی استعمال کرنے کیلئے رہنمائی کی جائے گی۔ ضبط شدہ پی وی سی اور پلاسٹک کی چیزکو سالیڈ ویسٹ مینجمنٹ (ایس ڈبلیو ایم) ڈپارٹمنٹ کے ذریعے سائنسی طریقے سے دوبارہ قابل استعمال بنایا جائے گا۔
چونکہ اکثر و بیشتر مقام پر سیاسی بینرس نظر آتے ہیں اس لئے میئر ذاتی طور پر تمام سیاسی پارٹیوں کے سربراہان اور قائدین کو خط لکھ کر اس کام میں تعاون کی اپیل کریں گی۔ البتہ انہوں نے وضاحت کی ہے کہ اگر سیاسی پارٹیوں کے غیرقانونی بینرس ملتے ہیں تو قصورواروں کے خلاف ممبئی میونسپل کارپوریشن ایکٹ کی دفعہ ۳۲۸، ۳۲۸ (اے) اور مہاراشٹر پریونشن آف ڈیفیسمنٹ آف پراپرٹی ایکٹ ۱۹۹۵ء کے تحت براہ راست تعزیری کارروائی کی جائے گی اور جہاں ضرورت محسوس ہوگی، وہاں پولیس سے رابطہ قائم کرکے ایف آئی آر بھی درج کروائی جائے گی۔
یہ بھی پڑھئے:محرم کے جلوس میں زہریلے کیپسول کیس میں چارج شیٹ داخل
پرنٹراور ایجنسیوں پرسخت کارروائی کی جائے گی
اطلاع کے مطابق اگرچہ تمام بینرس پر کیو آر کوڈ لازمی قرار دیا جاچکا ہے، تاہم سرکاری بینرس پر سے اگر کیو آر کوڈ غائب پایا گیا تو اس کے پرنٹر اور ایجنسیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور ان کے ذریعہ اس طرح کی غلطی بار بار دہرانے پر انہیں بلیک لسٹ کردیا جائے گا۔ قانونی بینرس پر پرنٹر اور ایجنسی کا لائسنس نمبر اور متعلقہ بینر کتنے دنوں تک لگانے کی اجازت ملی ہے، اس کی تاریخ بھی درج ہوتی ہے۔ اس تعلق سے میئر کی صدارت میں رکن اسمبلی امیت ساٹم کی موجودگی میں انتظامیہ کی مشترکہ میٹنگ بھی جلد ہی منعقد کی جائے گی۔
’آؤٹ ڈور اشتہارات‘ کیلئے ’سنگل ونڈوسسٹم‘
’آئوٹ ڈور اشتہارات‘ کیلئے شہری انتظامیہ سے منظوری حاصل کرنا دشوار گزار مرحلہ ہوتا ہے اس لئے اس کام کو ’سنگل ونڈو سسٹم‘ سے کیا جائے گا جس کے تحت تمام پرمٹ موجودہ ’آؤٹ ڈور ایڈورٹائزمنٹ پالیسی‘ کے تحت وقتی ترمیم کے ساتھ سنگل ونڈو ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے جاری کئے جائیں گے۔ اس سے میونسپل کارپوریشن نہ صرف غیرقانونی ہورڈنگز سے ہونے والے کروڑوں روپے کے نقصان سے بچ سکے گی بلکہ اسے لائسنس ریوینیو سے کروڑوں روپے آمدنی بھی ہوگی۔