Inquilab Logo

کرلا ایل ٹی ٹی میں ۱۸؍ فروری تک پاور بلاک، طویل مسافتی ٹرینیں متاثر

Updated: February 16, 2024, 11:33 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

ریلوے حکام مسافروں کو آگاہ کر رہے ہیں تاکہ وہ ٹرینوں کے تبدیل شدہ وقت کے مطابق سفر پرنکلیں۔

Lokmanya Tilak Terminus of Kurla. Photo: INN
کرلا کا لوک مانیہ تلک ٹرمنس۔ تصویر : آئی این این

ممبئی کے کرلا علاقے میں واقع لوکمانیہ تلک ٹرمنس (ایل ٹی ٹی) میں ۱۸؍فروری تک رات میں پاور بلاک کیا جائے گا۔ اس دوران کوچنگ سہولت بڑھانے کیلئے یارڈ میں کام کیاجارہا ہے۔ اس کی وجہ سے۴۰؍ سے زائد طویل مسافتی ٹرینیں متاثر ہوں گی۔ اس سےمسافروں کوپیغام بھیج کرآگاہ کیا جا رہا ہے۔ اس ٹریفک بلاک کی وجہ سے رات میں ۱۰؍بجکر ۳۰؍منٹ تا ۳؍بجکر ۳۰؍ منٹ کام کیا جائے گاجبکہ ۱۸؍فروری( اتوار) کو اتوار صبح سے دوپہر تک بلاک کیا جائے گا۔ ا س دوران کچھ ٹرینیں مقررہ وقت کےبعد روانہ کی جائیں گی جبکہ کچھ ٹرینیں مقررہ وقت سے تاخیر سے پہنچیں گی اور کچھ کےروٹ مختصر کردیئے گئے ہیں۔ 
 اسے یوں   سمجھا جاسکتا ہے کہ ۱۸؍فروری جو پاور بلاک کا آخری دن ہوگا، اس دن صبح ۸؍بجکر دوپہر سوا ۲؍بجے تک بلاک ہوگا۔ اسکے نتیجے میں ۱۱۰۵۵؍ ایل ٹی ٹی چھپرا گودان ایکسپریس ۱۰؍ بجکر ۵۵؍منٹ کے بجائے ۳؍بجکر ۲۰؍ منٹ پر روانہ ہوگی۔ ٹرین نمبر ۱۱۰۶۱؍ ایل ٹی ٹی جے نگر ایکسپریس ۱۱؍بجکر ۳۰؍ منٹ پرروانہ ہونے کے بجائے ۳؍بجکر ۳۰؍منٹ پرروانہ ہوگی۔ ٹرین نمبر ۱۱۰۷۱؍ ایل ٹی ٹی بلیا کاماینی ایکسپریس دوپہرایک بجکر ۵۰؍منٹ پرروانہ ہوتی ہے، وہ ۳؍بجکر ۵۰؍ منٹ پرروانہ ہوگی۔ ٹرین نمبر ۱۳۲۰۲؍ ایل ٹی ٹی پٹنہ ایکسپریس ۲؍بجکر ۴۵؍منٹ پر روانہ ہونے کے بجائے ۵؍بجکر ۲۰؍منٹ پرروانہ ہوگی۔ اسی طرح ۱۲۱۴۳؍ایل ٹی ٹی سلطان پور ایکسپریس ۳؍بجکر ۴۵؍منٹ پرروانہ ہونےکے بجائے ۴؍بجکر ۱۰؍ منٹ پرروانہ ہوگی۔ اسی طرح آنے والی ٹرینوں کے اوقات بھی بدلے گئے ہیں۔ یہ تبدیلی محض ۱۸؍فروری تک کیلئے ہے، کام پورا ہو جانے کےبعد سابقہ ترتیب اورنظام الاوقات کےمطابق ٹرینیں چلائی جائیں گی۔ 
 سینٹرل ریلوےکے چیف پی آر اوڈاکٹرنیلا کے مطابق ’’یہ کام مسافروں کو آئندہ بہتر سہولت کیلئے کیا جارہا ہے۔ جو تبدیلی کی گئی ہے، اس سے تمام اسٹیشن ماسٹروں اور ریلوے اہلکاروں کومطلع کرنے کیساتھ مسافروں کوبھی باخبر کیا جارہا ہے تاکہ وہ اس تبدیلی کوذہن میں رکھتے ہوئے سفر کےلئے گھر سے نکلیں۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK