Inquilab Logo Happiest Places to Work

جنوبی ممبئی کے ۵؍ وارڈوں میں بجلی کی آنکھ مچولی ،مکین پریشان

Updated: May 20, 2026, 4:05 PM IST | Nadeem Asran | Mumbai

ایک طرف شدید گرمی سے شہریوں کا برا حال ہے ، دوسری جانب جنوبی ممبئی کے ۵؍وارڈوں کے مکینوں کو بجلی کے کئی کئی گھنٹہ منقطع ہونے کے سبب دُہری پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

Digging Concrete Roads Is Difficult.Photo:INN
کنکریٹ روڈ کی کھدائی مشکل ہوتی ہے - تصویر:آئی این این
ایک طرف بجلی جانے سے گرمی سے اوردوسری طرف بجلی کے منقطع ہونے سے پانی کیلئے استعمال ہونے والی موٹر کے بند ہونے سے پانی سے محروم ہونا پڑا ہے ۔برہن ممبئی الیکٹر سٹی سپلائی اینڈ ٹرانسپورٹ (بیسٹ) ایک طرف جہاں شہریوں کو درکار بجلی فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ثابت ہوا ہے تو دوسری طرف کیبل لائنوں کے پرانے ہونے، ان کی مرمت کیلئےکنکریٹ کی سڑکوںکی کھدائی کی جلد اجازت نہ ملنے اور آبادی میں اضافہ کا جواز پیش کررہا ہے۔
 
 
شہر اور مضافات کی اکثر گنجان آبادیوں میں ۸؍ دہائی سے زائد پرانی الیکٹرک کیبل لائن موجود ہے جو نہ صرف شہر میں بڑھتی آبادی کے لئے ناکافی ہے بلکہ انتہائی پرانی اور خستہ حال ہونے کی وجہ سے بجلی کے بڑھتے استعمال کی صورت میں مدد گار ثابت نہیں ہورہی ہیں ۔ وہیں بجلی محکمہ ناقص اور ۸۰؍ سال سے زائد پرانی الیکٹرک کیبل لائنوں کو تبدیل کرنے کی ملنے والی ہزاروں شکایتوں کے باوجود اسے حل کرنے میں بھی بری طرح ناکام ہے ۔ جنوبی ممبئی کے اے ، بی ، سی ، ڈی اور ای وارڈ جس میں قلابہ ، کف پریڈ ، مرین ڈرائیو، کالبا دیوی ، بھولیشور، زویری بازار ، مسجد بندر ،محمد علی روڈ ، بھنڈی بازی ، ناگپاڑہ مدنپورہ،بائیکلہ مجگاؤں کے علاقے اکثر مکین بجلی کے منقطع ہونے سے کئی طرح کی دقتوں کا سامنا کرنے پر مجبور ہیں ۔ ان علاقوں میں کبھی لوڈ شیڈنگ کا تصور نہیں کیا جاتا تھا لیکن اب آئے دن ۸۰؍ سال پرانے کیبلز کے انتہائی ناقص ہونے، روڈ کنکریٹ اورپرانے کیبلز کی مرمت کے کام ایک ساتھ ہونے سے بجلی سپلائی کے مسائل پیدا ہورہے ہیں۔
 
 
جنوبی ممبئی کے مذکورہ علاقوںسے بیسٹ انڈر ٹیکنگ کو ایک دو نہیں بلکہ ڈھائی ہزار سے زائد شکایتیں روانہ کی گئی ہیں اور پرانی الیکٹرک کیبل لائنوں کو تبدیل کرنے اور بجلی کی سپلائی  نظام کو درست کرنے کی اپیل کی گئی ہے ۔ تاہم بجلی محکمہ نئی کیبل لائن ڈالنے میں ناکامی کے علاوہ ضرورت کے مطابق بجلی سپلائی کرنےمیں بری طرح ناکام ثابت ہوا ہے ۔ قابل ذکر   ہے کہ جنوبی ممبئی کے مذکورہ پانچ وارڈوں میں ساڑھے ۱۲؍ لاکھ سے زائد صارفین آباد ہیں جبکہ بجلی سپلائی اور اسے کنٹرول کرنے کیلئے صرف ایک ہی فیوز کنٹرول روم ہے ۔اس دوران بیسٹ انتظامیہ کے ایک سینئر افسر نے شہر و مضافات اور خصوصی طور پر جنوبی ممبئی کے اکثر گنجان آبادی والے علاقوں میں ۸۰؍ سال پرانی کیبل لائن کے موجودہونے اور ان کے ناقص ہونے کا اعتراف کیا ۔ ساتھ ہی صارفین کو ضرورت کے مطابق بجلی سپلائی نہ کئے جانے ، بار بار بجلی کے منقطع ہونے کا جواز پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’’ آبادی بڑھنے کے ساتھ چھوٹی بلڈنگیں فلک بوس عمارتوں میں تبدیل ہوگئی  ہیں،جہاں اے سی کے ساتھ بجلی کا استعمال ۱۰؍ گنا بڑھ گیا ہے۔ دوسری جانب پرانی کیبل لائنو ں کو تبدیل کرنے کیلئے بیسٹ انتظامیہ کو دو طرح کے مسائل کا سامنا ہے۔ ایک طرف افرادی قوت کی کمی اور دوسرے شہر میں اکثر و بیشتر سڑکیں سیمنٹ کنکریٹ کی بنتی جاری ہیں جنہیں بی ایم سی دوبارہ کھودنے کی اجازت نہیں دیتی ہے ۔یہی وجہ ہے کہ نئی کیبل لائن ڈالنے میں تاخیر کے ساتھ ساتھ ضرورت کے مطابق بجلی سپلائی نہیں ہوپا رہی ہے ۔انہوںنے یہ بھی بتایا کہ جنوبی ممبئی کے پانچ واڈروں میں بجلی کی سپلائی کو بحال کرنے کیلئےتاردیو میں ۱۲۰؍ کلو میٹر لمبی کیبل لائن ڈالی جارہی ہے جس کا ۵۰؍ فیصد کام مکمل ہوچکا ہے ۔تاہم باقی کیبلوں کو تبدیل کرنے میں مزید۲؍ سال کا وقت لگے گا ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK