Inquilab Logo

جالنہ میں غزہ کے مظلومین کیلئے دعائیہ اجلاس، ہزاروں افراد کی شرکت

Updated: November 07, 2023, 12:22 PM IST | ZA Khan | Jalna

حکومت سے فلسطینیوں کے ساتھ زبانی ہمدردی کے بجائے عملی اقدامات کا مطالبہ، علماء کی امت کو اسلامی طرز زندگی اختیار کرنے کی تلقین۔

A large number of Jalna residents participated in the meeting organized by Jamaat-e-Islami. Image: Revolution
جماعت اسلامی کی جانب سے منعقدہ اجلاس میں بڑی تعداد میں باشندگان جالنہ نے حصہ لیا۔ تصویر:انقلاب

فلسطینی مظلومیں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور ان کی فتح ونصرت کیلئے جالنہ میں دعائیہ اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ قدیم جالنہ شہر کے پیراڈائز گارڈن ڈی پی روڈ دکھی نگر میں منعقدہ جلسہ میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی ۔ مفتی سید عذیر حسینی ندوی نے تلاوت کلام پاک سے اجلاس کا آغاز کیا جبکہ حافظ عامر راہی نے جلسہ کی غرض و غایت بیان کی،مولانا سیّد نصراللہ حسینی سہیل ندوی نے جالنہ کے باشندوں کے جذبہ کو سلام کیا اوراجلاس کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی ۔ حافظ محمد زبیر فاروقی نے اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کی جانب توجہ دلائی ۔شہر کے بزرگ قائد اقبال پاشاہ نے حکومت ہند سے مطالبہ کیا کہ ظالم اسرائیل کی عملاً مخالفت کرے، فلسطینیوں کی صرف زبانی ہمدردی سے کا م نہیں چلے گا۔مفتی عبد الرحمٰن اشرفی نائیگاؤں نے اپنے خطاب میں اللہ ربّ العزت کی جانب رجوع ، دعاؤں کے اہتمام اور اپنی زندگی کو اسلامی طرز پر استوار کرنے کی نصیحت کی۔ بعد ازاں عبدالمجیب سیکریٹری جماعت اسلامی نے قرارداد پڑھ کر سنائی اور حاضرین سے تائید حاصل کی۔محمد ایوب خاں جنرل سیکریٹری جمعیۃ علماء نے رسم شکریہ ادا کیا۔ قاری محمد امین کی نہایت مؤثر اور رقت آمیز دعا پر یہ اجلاس ختم ہوا ۔
پروگرام کا انعقاد جماعت اسلامی جالنہ کی طرف سے کیا گیا تھا۔ پروگرام کے کنوینر حافظ عامر تھے۔ ناظم ضلع سید شاکر اور امیر مقامی شیخ اسماعیل اور ایس آئی او ، یوتھ ونگ ایم پی جے جالنہ کے ممبران نے انتھک محنت کرکے پروگرام کو کامیاب بنایا۔یاد رہے کہ گزشتہ ایک ماہ سے اسرائیل کی غزہ پر بمباری جاری ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK