Inquilab Logo Happiest Places to Work

مسلسل ۱۳؍ویں  دن مسجد اقصیٰ میں نماز نہ ہوسکی

Updated: March 13, 2026, 10:48 AM IST | Jerusalem

قبلۂ اول کے دروازوں کے پاس نمازِ تراویح ،مسلم دنیا اسرائیلی پابندیوں پر برہم۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

درجنوں فلسطینی نوجوانوں نے اسرائیلی افواج کی جانب سے مسجد اقصیٰ کو نمازیوں اور اعتکاف کرنے والوں کیلئے بند رکھے جانے کے خلاف احتجاجاً مسجد کے قریب ترین مقامات پر نماز عشا اور نماز تراویح ادا کی۔القدس کے مقامی ذرائع نے بتایا ہے کہ مقبوضہ القدس میں درجنوں فلسطینیوں کو جب مسجد اقصیٰ تک پہنچنے اور وہاں نماز ادا کرنے سے جبراً روک دیا گیا تو انہوں نے شہر کے تاریخی دروازے باب الساہرہ کے قریب نماز ادا کی۔اسرائیلی افواج ایران کے ساتھ جاری جنگ سے وابستہ نام نہاد سیکورٹی حالات کا بہانہ بنا کر مسلسل ۱۳؍ویں  روز بھی قبلۂ اول کی بندش جاری رکھے ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: تیل کے بحران کا اثر، جنوب مشرقی ایشیا میں دفاتر بند اور سفر محدود

اسرائیلی حکام گزشتہ۲۸؍ فروری سے ایران کے خلاف جاری قابض اسرائیل اور امریکہ کی مشترکہ سفاکیت کے تناظر میں نام نہاد ہنگامی حالت کا سہارا لے رہے ہیں۔ اس ظالمانہ فیصلے کے ذریعے اہل قدس اور دیگر فلسطینیوں کو ان بابرکت ایام میں مسجد اقصیٰ میں اپنی عبادات اور شعائر کی ادائیگی سے محروم کر دیا گیا ہے جو کہ ایک انتہائی خطرناک اور غیر معمولی مثال ہے۔ ۱۹۶۷ء میں القدس پر غاصبانہ قبضے کے بعد سے یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے کہ جب نمازیوں کو پہلی بار رمضان کے آخری عشرہ  کے دوران مسجد اقصیٰ کے اندر نماز تراویح اور اعتکاف کی سعادت حاصل کرنے سے روک دیا گیا ہے۔دوسری جانب۸؍ عرب و مسلم ممالک نے مسجد اقصیٰ کی بندش کی شدید مذمت کی اورمطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل فوری طور پر مسجد اقصیٰ کے دروازے کھولے اور قدیم شہر یروشلم میں عائد پابندیاں ختم کرے۔ماہِ رمضان کے دوران مسجد اقصیٰ کی مسلسل بندش اور یروشلم کے قدیم شہر میں عبادت گزاروں کی نقل و حرکت پر پابندیوں کی قطر، اردن، انڈونیشیا، ترکی، پاکستان، سعودی عرب، مصر اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ نے شدید مذمت کی ہے۔مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ ماہِ صیام کے دوران اسرائیل کی جانب سے مسجد اقصیٰ تک فلسطینیوں کی رسائی محدود کرنا بین الاقوامی قوانین اور مذہبی مقامات تک آزادانہ رسائی کے اصول کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK