تعمیراتی کاموں میں سرکاری محکموں کی رقم کے استعمال کا الزام، سابق ریاستی وزیر اعظم خان کی پریشانی میں اضافہ۔
EPAPER
Updated: October 01, 2023, 11:36 AM IST | Abdullah Arshad | Lucknow
تعمیراتی کاموں میں سرکاری محکموں کی رقم کے استعمال کا الزام، سابق ریاستی وزیر اعظم خان کی پریشانی میں اضافہ۔
سماجوادی پارٹی کے سینئر لیڈر و سابق ریاستی وزیر محمد اعظم خان کی پریشانی بڑھ سکتی ہے۔ چند رو زقبل جوہر ٹرسٹ کے عہدیداروں کے یہاں چھاپہ کے بعد یونیورسٹی کی دستاویزات میں کئی بے ضابطگیوں کے علاوہ سرکاری محکموں کی رقم کا غلط استعمال کرنے کا بھی الزام عائد کیا گیا تھا۔ محکمہ انکم ٹیکس سے ملی جانکاری کے مطابق ان محکموں میں تعینات افسران نے سابق ریاستی وزیراعظم خان کے دباؤ میں یونیورسٹی کے تعمیراتی کاموں میں روپیوں کو پانی کی طرح بہایا ہے۔ چندہ کی شکل میں کئی اراکین اسمبلی سے بڑی بڑی رقم وصول کرنے کی بات بھی سامنے آئی ہے۔ محکمہ انکم ٹیکس نے اس پورے معاملہ کی ای ڈی سے جانچ کرانے کی سفارش کی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ جلد ہی ای ڈی اس معاملہ میں جوہر ٹرسٹ کے عہدیداران اور چندہ دینے والوں کو پوچھ گچھ کیلئے نوٹس جاری کرکے طلب کرسکتی ہے۔بی جے پی کے رکن اسمبلی آکاش سکسینہ نے بھی پورے معاملہ کی جانچ کا مطالبہ کیا ہے ۔واضح رہےکہ کچھ دنوں قبل محکمہ انکم ٹیکس نے مولانا محمدعلی جوہر ٹرسٹ سے وابستہ عہدیداروں کے ٹھکانوں پر تقریباً ۷۲ ؍گھنٹے تک چھاپہ ماری کی تھی ۔ اس کارروائی کے دوران محکمہ انکم ٹیکس کو کچھ ایسے دستاویز حاصل ہوئے تھے جس میں سرکاری محکمہ کے روپیوں کا استعمال پرائیوٹ یونیورسٹی میں کروڑوں روپے لگانے کےثبوت ملے تھے ۔محکمہ کاالزام ہےکہ پرائیویٹ یونیورسٹی کی تعمیر پر سرکاری فنڈ خرچ کرنے کا کوئی بندوبست نہیں ہے لیکن اکھلیش یادو کے دورا قتدار میں اعظم خان نے اپنے عہدے کا غلط استعمال کیا ۔ محکمہ انکم ٹیکس کی سفارش کے بعدمعاملے کی جانچ ای ڈی کرسکتی ہے۔ واضح رہےکہ یوگی حکومت کے دور میں اعظم خان پرکم وبیش۸۰؍ مقدمات درج کئے گئے ہیں۔