خلاء کیلئے ہندوستان کے پہلے انسانی مشن پر جانےوالے خلاء بازو ں کے اعزاز میں تقریب، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے بھی شرکت کی
EPAPER
Updated: August 25, 2025, 2:26 PM IST | Agency | New Delhi
خلاء کیلئے ہندوستان کے پہلے انسانی مشن پر جانےوالے خلاء بازو ں کے اعزاز میں تقریب، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے بھی شرکت کی
انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن (اسرو) نے گگن یان مشن کیلئے ایک بڑا قدم اٹھایا ہے۔ اس نے کامیابی کے ساتھ انٹیگریٹڈ ایئر ڈراپ ٹیسٹ مکمل کرلیا ہے۔ یہ ٹیسٹ گگن یان مشن کے پیراشوٹ سسٹم کو جانچنے کیلئے تھا۔ ہندوستانی فضائیہ، ڈی آر ڈی او، ہندوستانی بحریہ اور ہندوستانی کوسٹ گارڈ نے اس کام میں اسرو کی مدد کی۔ اس بیچ دہلی میں خلاء سے حال ہی میں لوٹنےوالے شبھانشو شکلا اوران کی ٹیم کے ان اراکین کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جو گگن یان مشن کا حصہ ہوںگے۔
راج ناتھ سنگھ نے خلابازوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ صرف ایک سائنسی کامیابی نہیں بلکہ ہندوستانی عوام کے جذبات، یقن اور خود انحصاری کی علامت ہے۔ وزیر دفاع نےشبھانشو شکلا، پی وی نائر، اجیت کرشنن اور انگد پرتاپ کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ ’’ان بہادر خلابازوں نے نہ صرف ملک کا نام روشن کیا بلکہ پوری دنیا کو ہندوستان کی خلائی صلاحیتوں کا احساس دلایا ہے۔‘‘ انہوں نےبتایا کہ ’’ تربیت کے دوران ان خلابازوں نے جس محنت، جذبے اور عزم کا مظاہرہ کیا وہ بے مثال ہے، اور پورے ملک کو ان پر فخر ہے۔ ‘‘ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ گگن یان مشن صرف ایک خلائی سفر نہیں بلکہ ’’آتم نربھر ہندوستان‘‘ کی شروعات ہے۔ یہ مشن۲۰۲۷ء میں ۳؍روزہ ہو گا جس میں ۳؍ رکنی ٹیم زمین سے۴۰۰؍کلومیٹر کی بلندی پر خلا میں بھیجی جائے گی۔
مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے ڈراپ ٹیسٹ کی کامیابی پرکہا کہ گگن یان کیلئے ہیومن ریٹیڈ لانچ وہیکل(ایچ ایل وی ایم۳) بھی تیار ہے۔ گگن یان ہندوستان کا پہلا انسانی خلائی مشن ہے۔ ہندوستان کا مقصد۲۰۳۵ء تک اپنا خلائی اسٹیشن بنانا ہے اور ۲۰۴۰ء تک انسانوں کو چاند پر بھیجنا ہے۔ اسرو نے گگن یان مشن کیلئے ایک بہت اہم ٹیسٹ کیا ہے۔تجربہ یہ دیکھنے کے لیے کیا گیا کہ آیا گگن یان مشن میں پیراشوٹ ٹھیک سے کام کرتے ہیں یا نہیں۔ یہ ٹیسٹ اسرو اور کئی دیگر اداروں نے مشترکہ طور پر کیا۔ ان ادروںمیں ہندوستانی فضائیہ، ڈی آر ڈی او، ہندوستانی بحریہ اور ہندوستانی کوسٹ گارڈ شامل تھے۔زیر دفاع راجناتھ سنگھ نے ایک پروگرام میں کہاکہ ہم مسلسل زمین کی سطح سے آگے خلاء کی نئی سرحدوں کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ ہم نے چاند سے مریخ تک اپنی موجودگی کا احساس دلایا ہے۔انہوں نے اس کامیابی کو صرف ایک تکنیکی کارنامہ نہیں بلکہ آتم نر بھر بھارت میں ایک نیا باب قرار دیا۔ کہا ہندوستان فخر کے ساتھ دنیا کی صف اول کی خلائی طاقتوں میں اونچے مقام پر ہے۔