• Sat, 31 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اِنڈیا اتحاد کی مہاریلی کی تیاریاں عروج پر

Updated: October 31, 2026, 9:46 AM IST | Inquilab News Network | New Delhi

کل ،اتوار کی اس ریلی کو کامیاب بنانے کیلئے کانگریس نے پوری طاقت جھونک دی ،عوام سےشرکت کی اپیل،سول سوسائٹی تنظیموں، طلبہ اور صحافیوں کو دعوت نامے۔

Preparations are in full swing at Ramlila Maidan; workers can be seen laying out a red carpet. Photo: PTI
رام لیلا میدان پر تیاریاں زوروں پر ہیں، مزدورریڈ کارپیٹ اتارتے ہوئے دیکھے جاسکتے ہیں۔ تصویر: پی ٹی آئی

یکم نومبر کو دہلی کے تاریخی رام لیلا میدان میں گیانیش کمارکی برطرفی اورایس آئی آر کی منسوخی کیلئے اپوزیشن اتحاد کی مہا ریلی ہونے جارہی ہےجس میں تقریباً ۱۰؍ لاکھ لوگوں کی شرکت متوقع ہے۔ایسے میں کانگریس نے اس ریلی کو تاریخی بنانے کیلئے پوری طاقت جھونک دی ہے۔اس میں نہ صرف اپوزیشن پارٹیوں اور اس کے کارکنان شرکت کریں گے بلکہ عام لوگوں ،سول سوسائٹی کی تنظیموں،طلبہ اور صحافیوں کو بھی بڑے پیمانے پر شرکت کی دعوت دی جارہی ہے۔کانگریس کے متعدد لیڈروں نے جمعہ کو اس سلسلے میں اپیل جاری کرکے عام لوگوں سے  اس ریلی میں بڑے پیمانے پر شرکت کی اپیل کی ہے۔کانگریس کے سینئر لیڈر دگ وجے سنگھ نے اپیل کی کہ کانگریس پارٹی اور قائد حزب اختلاف راہل گاندھی جمہوریت اور ووٹ کے حق کے تحفظ کے  لئےایک بڑی جنگ لڑ رہے ہیں۔ ایسے میں ضرورت ہے کہ ان کے ہاتھ مضبوط کئے جائیں۔ہماری اپیل ہے کہ زیادہ سے زیادہ لوگ یکم نومبر کو رام لیلا میدان پہنچیں۔ 

واضح رہے کہ رام لیلا میدان میں ریلی کیلئے تیاریاں زوروں پر ہیں۔ منڈپ لگایا جارہا ہے۔ ساتھ ہی اسٹیج بھی تیار کیا جارہا ہے۔ اس کا جائزہ لینے کے لئے گزشتہ ۲؍ دن میں تمام اہم کانگریس لیڈر یہاں کا دورہ کرچکے ہیں۔ کانگریس کے ساتھ ساتھ اپوزیشن کی دیگر پارٹیوں نےبھی اس سلسلے میں اپیلیں جاری کی ہیں۔  کانگریس کے جنرل سیکریٹری کے سی وینو گوپال نے اپیل کی کہ ’’ بڑی تعداد میں دہلی پہنچیں اور اس میگا ریلی کو کامیاب بنائیں اور جمہوریت کے تحفظ میں اپنا حصہ ڈالیں۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: اے یو اسمال فنانس بینک میں ممکنہ ڈیٹا لیک کی تحقیقات شروع، صارفین کی معلومات غیرمحفوظ

اسی طرح ہریانہ کے سابق وزیر اعلیٰ بھوپیند ر ہڈا نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یہ نہ صرف ووٹ کے حق کے تحفظ کی لڑائی ہے بلکہ آئین کے تحفظ کے  لئےبھی ہے۔ یکم نومبر کو دہلی کے رام لیلا میدان میں ایک بڑی ریلی نکالی جائے گی۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ملک بچانے کی لڑائی میں حصہ لیں اور بڑی تعداد میں رام لیلا میدان پہنچیں۔ہماچل پردیش کےو زیر اعلیٰ سکھوندر سکھو نے اپنی اپیل میں کہا کہ ’’ہمارا ووٹ صرف ایک حق نہیں ہے بلکہ ہماری آواز، ہماری طاقت اور ہمارے مستقبل کی بنیاد ہے۔اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ ہمارا مستقبل محفوظ ہے،  راہل گاندھی نے یکم نومبر کو رام لیلا میدان میں ایک میگا ریلی کا اعلان کیا ہے۔میں آپ سب سے اپیل کرتا ہوں کہ یکم نومبر کو دہلی آئیں اور جمہوریت کو بچانے کے لیے آواز بلند کریں۔‘‘

دریں اثناءکانگریس جنرل سیکریٹری اور رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی نے خود رام لیلا میدان پہنچ کرتیاریوں کا جائزہ لیا۔ انہوںنے کام کاج دیکھ رہے کانگریس لیڈروں اور کارکنوں کے ساتھ چھوٹی سی میٹنگ بھی کی اور انہیں ہدایات جاری کیں کہ کس طرح سےبھیڑ کو سنبھالنا ہے اور کیسے انہیں آنے اور جانے کا راستہ بھی دینا ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے اسٹیج کے تعلق سےبھی کچھ ہدایات جاری کیں۔  

’’امیت شاہ لوگوں کو دہلی آنے سے روک رہے ہیں‘‘

نئی دہلی (ایجنسی):راہل گاندھی نے جمعہ کو میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے یہ دعویٰ کیا کہ امیت شاہ لوگوں کو دہلی آنے سے روکنے کی کوشش کر رہے ہیںلیکن ہمیں یقین ہے کہ بی جے پی کی یہ کوشش کامیاب نہیں ہو گی۔ راہل کے مطابق ہمیں یقین ہے کہ بی جے پی بری طرح ناکام ہو گی اور رام لیلا میدان کی ہماری ریلی میں ۱۰؍لاکھ سے زائد لوگ آئیں گے۔راہل گاندھی نے یکم نومبر کو ہونے والے مارچ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ تمام اپوزیشن جماعتیں رام لیلا میدان تک مارچ کریں گی اور اسکے بعد وہاں جلسہ ہو گا ۔ اس  مارچ میںاور پھر جلسے میںہر وہ شخص شامل ہو سکتا ہے جو اس مہم کا حصہ بننا چاہتا ہے، خواہ اس کا تعلق کسی سیاسی جماعت سے ہو یا وہ غیر سیاسی ہو۔راہل گاندھی نے اپوزیشن کے احتجاج کو ایک متحدہ تحریک قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ مختلف یا الگ الگ احتجاج نہیں ہیں بلکہ ایک ہی احتجاج ہے اور تمام اپوزیشن جماعتیں اس میں متحد ہوکر حصہ لے رہی ہیں۔ 

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK