قانون کامسودہ تیار کرنے کیلئے بنائی گئی کمیٹی نے اپنی ویب سائٹ پر ۳۷؍ سوال پوچھے۔
EPAPER
Updated: October 19, 2026, 9:50 AM IST | Inquilab News Network | Mumbai
قانون کامسودہ تیار کرنے کیلئے بنائی گئی کمیٹی نے اپنی ویب سائٹ پر ۳۷؍ سوال پوچھے۔
مہاراشٹر میں یونیفارم سول کوڈ کے نفاذ کی تیاریاں تیز ہوگئی ہیں۔ اس سلسلے میں قانون کا مسودہ تیار کرنےکیلئے ریاستی حکومت کی تشکیل کردہ کمیٹی نے اپنی ویب سائٹ کا آغاز کر دیا ہے جس کے ذریعے شہریوں سے رائے طلب کی جارہی ہے۔ اس ویب سائٹ پر۳۷؍سوالات پوچھے گئے ہیں جو شادی، طلاق، وراثت اور جانشینی جیسے موضوعات کا احاطہ کرتے ہیں،اس میں لیو ان ریلیشن شپ اور حلالہ سے متعلق سوالات بھی شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: گجرات: نوراتری کے دوران ایک تنازع میں۲۱؍ سالہ مسلم نوجوان جاں بحق
قابل ذکر ہے کہ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے بی جے پی اور این ڈی اے کی حکمرانی والی ریاستوں میں یونیفارم سول کوڈکے نفاذ کیلئے ۲۰۲۹ء کی حتمی تاریخ مقرر کررکھی ہے۔ گجرات، آسام اور مدھیہ پردیش کی ریاستی اسمبلیوں نے اس سال یونیفارم سول کوڈ کے بل کو منظوری دی ہے۔گجرات اور آسام کے بل کو رواں ماہ کے اوائل میں صدر دروپدی مرمو کی منظوری حاصل ہو چکی ہے۔ چھتیس گڑھ اور راجستھان نے بھی مسودہ تیار کرنے والی کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں۔اس سے قبل بامبے ہائی کورٹ کے جج جسٹس آر سی چوان مہاراشٹر میںیوسی سی کا مسودہ تیار کرنے کیلئے بنائی گئی کمیٹی سے استعفیٰ دے چکے ہیں۔ انہوں نے شکایت کی ہے کہ اراکین کی تجاویز پر غور نہیں کیا گیا اور ویب سائٹ پر اپ لوڈ کرنے کیلئے سوالنامہ پہلے ہی جاری کیا جاچکاہے۔