کل سے خواتین کے اجتماع سے آغاز عمل میں آئے گا۔ الگ الگ عناوین پر علماء اورمبلغین خطاب کریں گے۔ شرکاء سےکم سے کم سامان لانے کی اپیل۔
آزادمیدان میں سنی اجتماع کی تیاریوں کا ایک منظر۔ تصویر: انقلاب
سنّی دعوتِ اسلامی کے۳۳؍ویں سالانہ اجتماع کی تیاریاں زوروں پر ہیں اور جمعہ ۱۲؍دسمبر (کل)کو خواتین کے اجتماع سے اس کا آغاز عمل میںآئے گا۔ الگ الگ عناوین عقیدۂ توحید، خواتین کا علمی ذوق، خواتین کا اصل زیور اعلیٰ کردار اورحیا، داعیٔ امن رسول اکرمؐ ، اعجاز قرآن کریم، جوانوں کی اخلاقی وروحانی تربیت، دینی معلومات اورآرٹیفیشیل انٹلی جنس وغیرہ پر علماء اور مبلغین کے خطابات ہوں گے۔
ہرسا ل کی طرح امسال بھی تمام انتظامات اس انداز میں کئے جارہے ہیں کہ شرکائے اجتماع کو سہولت ہو اور وہ یکسوئی کے ساتھ علماء اور مبلغین کے خطابات سماعت کرسکیں۔
شرکائے اجتماع کی کثرت کے پیش نظرہر طر ح کے انتظامات پرتوجہ مرکوز کی جارہی ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ وسیع وعریض میدا ن پرپنڈال، حفاظتی نقطۂ نظر سے مرد وخواتین پرمشتمل ۲؍ہزار سے زائد رضاکار، ۵؍ الگ الگ گیٹ، ۴۰؍ ڈور فریم میٹل ڈٹیکٹر اور۸۰؍ہینڈ فریم میٹل ڈٹیکٹر، ۶۴؍سی سی ٹی وی کیمرے اور۵؍بیگ اسکینر نصب کئے جائیں گے۔اسی طرح ۸۰؍بیت الخلاء، ۱۲۵؍ استنجاخانہ، وضو کیلئے ۳۵۰؍نل، حوض اور کھانے پینے کیلئے فوڈ اسٹال کے علاوہ ۳۳؍اجتماع وین ہوں گی۔
منتظمین کی جانب سےشرکائے اجتماع سے ابھی سے یہ اپیل کی جارہی ہے کہ جب وہ سہ روزہ سنّی اجتماع کے ۲؍دن مردوں کیلئے مخصوص سنیچر اور اتوار کو اجتماع گاہ تشریف لائیں توسامان بقدر ِضرورت کم سے کم ہو تاکہ انہیں اوران کے ذریعے دوسروں کومزید آسانی ہو۔ اس کے علاوہ خاص طور پرچھری ، چاقو، ماچس اور دیگر ممنوعہ چیزیں ہرگز نہ لائیں۔ یہ تفصیلات اجتماع کے منتظمین میں شامل مولانا مظہر حسین علیمی اورعامر رئیس نے نمائندۂ انقلاب کے استفسار پر بتائیں۔ ان حضرات نے یہ بھی کہا کہ شرکائے اجتماع کی سہولت کی خاطر بہت سے لوگ لوجہ اللہ خدمت کیلئے حاضر ہورہے ہیں۔کوشش کی جارہی ہے کہ جمعرات تک تمام کام پورے کرلئےجائیں۔