نیا ضلع بنایا جائے گا، مانگاؤں کو ضلعی ہیڈکوارٹر بنانے کا وعدہ کیا۔ ضلع کی تقسیم پر بحث تیز۔
EPAPER
Updated: November 25, 2026, 2:28 PM IST | Siraj Shaikh | Alibag
نیا ضلع بنایا جائے گا، مانگاؤں کو ضلعی ہیڈکوارٹر بنانے کا وعدہ کیا۔ ضلع کی تقسیم پر بحث تیز۔
مہاراشٹر کے کوکن خطے میں واقع ضلع رائے گڑھ کی تقسیم کر کے ایک نیا ضلع بنانے کی دیرینہ مانگ نے ایک بار پھر زور پکڑ لیا ہے۔ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (اجیت پوار)کے ریاستی صدر اور رائے گڑھ سے رکن پارلیمان سنیل تٹکرے نے ضلع رائے گڑھ کی تقسیم کر کے نیا ضلع تشکیل دینے کا واضح اشارہ دیا ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اگر نیا ضلع وجود میں آتا ہے تو مانگاؤں کو اس کا صدر مقام بنایا جائے گا۔
گزشتہ دنوں مانگاؤں میں منعقدہ پارٹی کے ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے سنیل تٹکرے نے ضلع کی تقسیم کے دیرینہ مطالبے پراظہارِ خیال کیا۔ انہوں نے مقامی شہریوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انتظامی سہولیات کی فراہمی کیلئے رائے گڑھ کی تقسیم ناگزیر ہے اور مانگاؤں کو ضلع کا درجہ ملنے کے روشن امکانات ہیں۔ انہوں نے مانگاؤں کے عوام کو باقاعدہ وعدہ دیا کہ نئے ضلع کے قیام کی صورت میں اس کا ہیڈکوارٹرز مانگاؤں ہی میں قائم کیا جائے گا۔اس موقع پر تٹکرے نے اپنے سیاسی مخالفین پر بھی کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مخالفین محض خبروں میں رہنے اور ٹی آر پی حاصل کرنے کیلئے ان کا نام لیتے ہیں جبکہ وہ خود ایسی سیاست نہیں کرتے۔
یہ بھی پڑھئے: ناگپور: ’یومِ آئین‘ پر ابھیجیت دپکے کا ’جمہوریت بچاؤ‘ ریلی نکالنے کا اعلان
ویسے بھی رائے گڑھ ضلع میں حکمراں اتحاد ’مہایوتی‘ کی حلیف جماعتوں یعنی شیو سینا (شندے ) اور این سی پی (اجیت پوار) کے درمیان سیاسی رسہ کشی جاری ہے۔ ایسے حالات میں سنیل تٹکرے کے اس بیان کو انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔سیاسی مبصرین کے مطابق ضلع میں شیو سینا کے وزیر بھرت گوگاولے اور اراکین اسمبلی مہندر دلوی اور مہندر تھوروے کے بڑھتے اثر و رسوخ کے پیش نظر سنیل تٹکرے نے نئے ضلع کا کارڈ کھیل کر اپنے سیاسی گڑھ کو مضبوط کرنے کی حکمت عملی اپنائی ہے۔ واضح رہے کہ ضلع رائے گڑھ رقبے کے لحاظ سے کافی وسیع ہے اور اس کا موجودہ صدر مقام علی باغ میں واقع ہے جس کی وجہ سے جنوبی رائے گڑھ کے مانگاؤں، مہاڈ، پولادپور اور شری وردھن وغیرہ کے مکینوں کو سرکاری کام کاج کیلئے طویل سفر طے کرنا پڑتا ہے۔ اسی وجہ سے گزشتہ کئی برسوں سے ضلع کی تقسیم کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔تاہم ریاستی حکومت کی جانب سے تاحال ضلع رائے گڑھ کی تقسیم کے حوالے سے کوئی باضابطہ فیصلہ یا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا ہے۔
سنیل تٹکرے کے تازہ بیان کے بعد اب پورے کوکن خطے میں یہ بحث چھڑ گئی ہے کہ رائے گڑھ کی تقسیم کب عمل میں آئے گی اور مجوزہ نئے ضلع میں کن کن تحصیلوں کو شامل کیا جائے گا۔