• Mon, 26 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

صدر جمہوریہ کے خطاب میں آئین کی اہمیت، جمہوری نظام میں ووٹروں کے کردار، ملک کی تہذیب وثقافت پر زور

Updated: January 26, 2026, 10:13 AM IST | Agency | New Delhi

یوم جمہوریہ پر عوام کے نام خطاب میں دروپدی مرمو نے ملک کی ترقی کو تمام شہریوں کی مشترکہ ذمہ داری قراردیا،ملک کی معاشی پیش رفت کی پزیرائی کی۔

President Draupadi Murmu addressing the nation on Republic Day. Picture: INN
صدر جمہوریہ دروپدی مرمو یوم جمہوریہ پر عوام سے خطاب کرتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این
صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے ۷۷؍ویں یومِ جمہوریہ کے موقع پر قوم سے خطاب میں کہا کہ دنیا بھر میں  تنازعات کے بیچ ہندوستان امن کا پیغام عام کررہاہے  جو انسانیت کے مستقبل کے تحفظ کیلئے ضروری ہے۔  اپنے عوامی خطاب میں  انہوں  نے آپریشن سیندور، خواتین کو بااختیار بنانے ، ملک کی معاشی ترقی اور وندے ماترم جیسے متعدد امور کا احاطہ کیا۔ صدر مرمو نے کہا کہ عالمی چیلنجوں کے باوجود ہندوستان آج دنیا کی سب سے تیز رفتار ترقی کرنے والی معیشت ہے اور ہم جلد ہی دنیا کی تیسری سب سے بڑی معیشت بننے کی سمت بڑھ رہے ہیں۔ 
انہوں نے کہا کہ عالمی معیار کے انفرااسٹرکچر کی تعمیر میں سرمایہ کاری کے ذریعے ملک اپنی اقتصادی ڈھانچے کو اعلیٰ سطح پر دوبارہ تشکیل دے رہا ہے۔ انہوں نے ہندوستانی آئین کی اہمیت، جمہوری نظام میں ووٹروں کے کردار، ملک کی تہذیب، ثقافت اور روحانی روایات کی طاقت کا ذکر کیا۔ انہوں نے فوج، پولیس، کسانوں، اساتذہ، ڈاکٹروں، نرسوں، نوجوانوں، صفائی کارکنوں، سائنسدانوں، انجینئروں، صنعتکاروں، سماجی کارکنوں اور سرکاری و غیر سرکاری اداروں میں کام کرنے والے ملازمین کے تعاون کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ 
صدرنے خواتین، قبائلیوں، غریبوں اور محروم طبقات کیلئے حکومت کے پروگراموں اور کامیابیوں کا ذکر کیا۔ انہوں نے مختلف مواقع پر سردار ولبھ بھائی پٹیل، مہاکوی سبرامنیا بھارتی، نیتاجی سبھاش چندر بوس، مہاتما گاندھی، برسا منڈا، بنکم چندر چٹرجی، سری نارائن گرو، رابندر ناتھ ٹیگور، بابا صاحب امبیڈکر اور مہارشی اروِندو کو یاد کیا۔  انہوں نے کہا کہ اہم قومی مہمات کو عوامی تحریک کا روپ دیا گیا ہے اور دیہات و شہروں میں مقامی اداروں کو ترقی پسند تبدیلی کا ذریعہ بنایا گیا ہے۔ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر سبھی شہریوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ سماج میں بے پناہ طاقت ہوتی ہے۔ حکومت کی کوششوں کو عوامی حمایت ملنے سے انقلابی تبدیلیاں آتی ہیں۔ صدر مرمو نے کسانوں کو ہندوستانی سماج اور معیشت کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیا اور کہا کہ ان کی نسلوں کی محنت نے ملک کو غذائی اجناس میں خود کفیل بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کسانوں کے مفادات کے تحفظ کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK