• Sat, 07 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

چھتیس گڑھ اور تلنگانہ میں وزیراعظم کی انتخابی ریلیاں،کئی اہم پروجیکٹوں کا افتتاح

Updated: October 04, 2023, 10:15 AM IST | Agency | Raipur/ Hyderabad

ذات پر مبنی سروے کو’ہندوؤں کو آپس میں تقسیم کرنے کی کوشش‘قرار دیتے ہوئے اپوزیشن کو نشانہ بنایا، تلنگانہ میں اپنا موازنہ سردار پٹیل سے کیا، کہا: انہوں نے آزادی دلائی تھی، میں ترقی دلاؤںگا۔

Prime Minister Narendra Modi among BJP workers in Telangana. Photo: PTI
تلنگانہ میں بی جے پی کارکنان کے درمیان وزیراعظم نریندرمودی۔ تصویر:پی ٹی آئی

انتخابی تاریخوں کا ابھی تک اعلان نہیں ہوا ہے لیکن وزیراعظم مودی پوری طرح سے انتخابی رنگ میں رنگ چکے ہیں۔ وہ روزانہ کہیں نہ کہیں انتخابی ریلی کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔ ان ریلیوں میں کسی نہ کسی پروجیکٹ کاسنگ بنیاد رکھ کروہ جہاں یہ ثابت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ وہ ملک کی ترقی چاہتے ہیں، وہیں اس موقع کا استعمال اپنے سیاسی حریفوں بالخصوص کانگریس پر تنقید کیلئے بھی کرتے ہیں۔ راجستھان اور مدھیہ پردیش میں ریلیوں کے ایک دن بعد منگل کو انہوں نے چھتیس گڑھ اور تلنگانہ میں انتخابی ریلیاں کیں اور کئی اہم پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھا۔ چھتیس گڑھ میں ذات کی بنیاد پر ہونے والی مردم شماری کے حوالے سے انہوں نےاپوزیشن کونشانہ بنایا اور اسے ہندوؤں کو آپس میں تقسیم کرنے کی کوشش قرار  دیا جبکہ تلنگانہ میں اپنا موازنہ سردار پٹیل سے کیا۔ انہوں نے کہا کہ گجرات کے ایک بیٹے نے آپ کو آزادی دلائی تھی تو دوسرا بیٹا آپ کو ترقی دلائے گا۔
بہار کی ذات پات کی مردم شماری کے منظر عام پر آنے کے بعد وزیر اعظم مودی نے کانگریس کے اس بیان پر کہ’’جس کی جتنی آبادی، اس کی اتنی حصے داری‘‘کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ وہ ہندوؤں اور غریبوں کو تقسیم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔  انہوں نے چھتیس گڑھ کے جگدل پور میں بی جے پی کی ’پریورتن ریلی‘ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سب سے بڑی ذات غریبوں کی ہے اور اگر اس کا بھلاہوگا تو ملک کا بھلا ہو گا۔ کسی کا نام لئے بغیر انہوں نے کانگریس پر ایک ملک کے ساتھ خفیہ معاہدہ کرنے کا الزام لگایا اور اس پر سنگین الزامات بھی لگائے اور کہا کہ انہیں ہندوستان کے بارے میں برا بھلا کہنا اچھا لگتا ہے، ہندوستان سے ان کی محبت کم ہوتی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے وسائل پر غریبوں کا پہلا حق ہے خواہ وہ دلت ہوں، پسماندہ ہوں یا عام طبقہ۔غریبوں کی زندگی میں تبدیلی آنی چاہئے۔ انہوں نے سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کہا تھا کہ ملک کے وسائل پر اقلیتوں کا پہلا حق ہے، اب وہ کانگریس کے نئے مطالبے کے بارے میں کیا سوچ رہے ہوں گے۔
کانگریس پر اقلیتوں کے حقوق کو سلب کرنے کا الزام لگاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج کانگریس کو کانگریس والے نہیں چلا رہے، کانگریس کے سینئر لیڈروں کے منہ پر مہر لگی ہوئی ہے، کانگریس کو آؤٹ سورس کر دیا گیا ہے، پردے کے پیچھے کھیل کھیلا جارہا ہے اور مخالفوں سے ہاتھ ملا لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے ملک کو غریبی دی ہے اور سماج کو ذاتوں میں بانٹنے کا کام کیا ہے۔ انہوں نے کانگریس کی سازش سے ہوشیار رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی حقیقی معنوں میں سماجی انصاف کیلئے وقف ہے۔
جگدل پور اور بسترمیں۲۷؍ہزار کروڑ روپوں کی لاگت کے متعدد ترقیاتی پروجیکٹوں کا انہوں نے  سنگ بنیاد رکھا اور انہیں قوم کے نام وقف کیا۔ ان پروجیکٹوں میں بستر ضلع میں ۲۳؍ ہزار ۸۰۰؍ کروڑ روپوں سے زیادہ کے ناگر نار میں این ایم ڈی سی اسٹیل لمیٹڈ کا اسٹیل پلانٹ کے ساتھ متعدد ریلوے اور سڑک پروجیکٹ بھی شامل ہیں۔ انہوں نےایک ٹرین سروس کو بھی ہری جھنڈی دکھا کر اسے روانہ کیا۔
اس کے بعد وہ تلنگانہ کیلئے روانہ ہوگئے اورنظام آباد میں ایک ریلی سے خطاب کیا۔ یکم اکتوبر کو بھی تلنگانہ کا ایک دورہ کر چکے تھے جہاں محبوب نگر میں انہوں نے روڈ شو کیا تھا۔ اس موقع پر انہوں نے اپنا موازنہ سردار پٹیل سے کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھی گجرات کے ایک سپوت تھے اور میرا بھی تعلق گجرات سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک گجراتی کا وعدہ ہے کہ ریاست کو ترقی کی بلندیوں پر پہنچانا ہے۔
وزیراعظم مودی سہ پہر۳؍ بجے چھتیس گڑھ سے نظام آباد پہنچے اور بجلی،ریل اور صحت جیسے اہم شعبوں میں تقریباً ۸؍ ہزار کروڑ روپوں کے مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کو قوم کے نام کیا۔انہوں نے این ٹی پی سی کے تلنگانہ سوپر تھرمل پاور پروجیکٹ کے پہلے مرحلے کے۸۰۰؍ میگاواٹ یونٹ کو قوم کے نام کیا۔یہ تلنگانہ کو کم قیمت پر بجلی فراہم کرے گا اور ریاست کی اقتصادی ترقی کو فروغ دے گا۔یہ ملک کے سب سے زیادہ ماحولیات سے مطابقت رکھنے والے پاور اسٹیشنوں میں سے ایک ہوگا۔تلنگانہ کے ریل انفراسٹرکچر کو فروغ ملے گا۔ وزیر اعظم نے منوہرآباد اور سدی پیٹ کو جوڑنے والی نئی ریلوے لائن کے بشمول ریل پروجیکٹوں کو قوم کے نام کیا۔ مودی نے سدی پیٹ۔سکندرآباد۔ سدی پیٹ ٹرین کو بھی ہری جھنڈی دکھائی۔
وزیراعظم مودی نے تلنگانہ میں کانگریس کے ساتھ ہی بی آر ایس کو بھی نشانہ بنایا اور وزیراعلیٰ کے سی آر پرجم کر تنقید کی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK