آئی آئی ٹی دہلی کے تقسیمِ اسناد پروگرام میں وزیر اعظم مودی نے شرکت کی ۔
EPAPER
Updated: August 09, 2026, 10:23 AM IST | New Delhi
آئی آئی ٹی دہلی کے تقسیمِ اسناد پروگرام میں وزیر اعظم مودی نے شرکت کی ۔
آئی آئی ٹی دہلی کی ۵۷؍ ویں تقسیم اسناد تقریب میں وزیر اعظم مودی نے ملک کے نوجوانوں اور خاص طور پر جین زی کے سامنے آنے والے چیلنجز اور مواقع پر کھل کر بات کی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا تیزی سے بدل رہی ہے اور اس تبدیلی کے پیچھے سب سے بڑی طاقت ٹیکنالوجی کی رفتار ہے۔ پی ایم مودی نے طلبہ سے کہا کہ آنے والے ۲۰؍ سے ۳۰؍سال کی دنیا کیسی ہوگی، یہ کوئی یقینی طور پر نہیں بتا سکتا۔ لیکن تبدیلی کے اس دور میں چیلنجز بھی آئیں گے اور نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ وزیراعظم نے طلبہ سے کہا کہ جو نئے چیلنجز کے نئے حل تلاش کرنے کا حوصلہ رکھے گا اس کے لئے مشکلات ہی مواقع میں بدل جائیں گی۔ پی ایم مودی نے یہ بھی کہا کہ جین زی اور نوجوانوں کو صرف سوالوں کے جواب تلاش کرنے تک محدود نہیں رہنا چا ہئے، بلکہ ان سوالوں کو پہچاننا چاہئے جنہیں دنیا نے سوال ماننا ہی چھوڑ دیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: بنارسی بُنائی کے تحفظ پر صدر مرمو نے شاہ محمد انصاری کو سنت کبیر ہینڈلوم ایوارڈ دیا
وزیر اعظم مودی نے طلبہ کو ان کے کالج کے پہلے دن سے لے کرکنووکیشن تک کا سفر یاد دلایا۔ انہوں نے کہا کہ ہر طالب علم کے ذہن میں اب مستقبل کی اپنی تصویر ہوگی۔ کوئی پہلی تنخواہ کا انتظار کر رہا ہوگا، کوئی نئے شہر میں نئی شروعات کی تیاری کر رہا ہوگا، کوئی اسٹارٹ اَپ کا خواب دیکھ رہا ہوگا اور کسی نے اگلے مسابقتی امتحان کو اپنا ہدف بنایا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ راستے اور خواب اگرچہ الگ ہوں لیکن سب کے اندر آگے بڑھنے کی خواہش ایک جیسی ہے۔
پی ایم مودی نے طلبہ سے کہا کہ آئی آئی ٹی دہلی کی ڈگری صرف اس بات کا ثبوت نہیں ہے کہ انہوں نے امتحان پاس کیا، یا شاندار پلیسمنٹ حاصل کی، یہ ڈگری یہ بتاتی ہے کہ وہ مشکل مسائل کا حل تلاش کرنا جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی آئی ٹی تک پہنچنا آسان نہیں تھا اور یہاں کی پڑھائی بھی آسان نہیں تھی۔ ایک ایک مضمون، پروجیکٹ، مڈ-سیم اور اینڈ-سیم کے چھوٹے چھوٹے پڑاؤ نے طلبہ کو اس مقام تک پہنچایا ہے۔ پی ایم نے مزید کہا کہ زندگی میں کوئی طے شدہ نصاب نہیں ہوتا۔ کوئی یہ نہیں بتاتا کہ اصل سوال کیا ہے۔ کئی بار مسئلے کو خود پہچاننا پڑتا ہے اور حل نکالنا پڑتا ہے۔