• Mon, 19 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

روہت شرما نے ناکام رہنے کے باوجود اندور ون ڈے میں خاص ریکارڈبنایا

Updated: January 18, 2026, 9:52 PM IST | Indore

روہت شرما نے نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرا ون ڈے کھیل کر ایک ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔ وہ ہندوستان میں ۱۰۰؍ ون ڈے میچ کھیلنے والے بلے بازوں کے کلب میں شامل ہو گئے ہیں۔ اس فہرست میں سب سے اوپر سچن تینڈولکر کا نام ہے۔ روہت یہ کارنامہ انجام دینے والے چھٹے بلے باز ہیں۔

Rohit Sharma.Photo:PTI
روہت شرما۔ تصویر:پی ٹی آئی

 روہت شرما نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے میچ میں بلے سے خاص کارکردگی نہیں دکھا سکے۔ تاہم، اندور کے ہولکر اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں انہوں نے ایک خاص سنچری کا ریکارڈ اپنے نام کر لیا اور سچن تنیڈولکرکے کلب میں شامل ہو گئے۔ دراصل، روہت نے ہندوستان میں ون ڈے میچ کھیلنے کی سنچری مکمل کی۔ یہ ہندوستان میں ان کا ۱۰۰؍واں ون ڈے مقابلہ تھا۔ ہندوستانی  سرزمین پر سب سے زیادہ ون ڈے کھیلنے کا ریکارڈ سچن تینڈولکر کے نام ہے۔ روہت شرما ہندوستان  میں ۱۰۰؍ ون ڈے کھیلنے والے پانچویں بلے باز بنے ہیں۔
 اس میچ میں اترنے سے پہلے تک روہت شرما  ہندوستان  میں ۹۹؍ ون ڈے میچ کھیل چکے تھے۔ اندور میں وہ ہندوستان  کی سرزمین پر اپنا ۱۰۰؍واں ون ڈے کھیلنے اترے۔ تاہم، اس خاص میچ میں وہ بلے سے کمال نہیں دکھا سکے۔ اب تک  ہندوستان  میں کل ۱۲۰۶؍ کھلاڑیوں نے ون ڈے میچ کھیلے ہیں، لیکن روہت دنیا کے صرف چھٹے کرکٹر ہیں جنہوں نے  سرزمین ہندوستان پر  کم از کم ۱۰۰؍ ون ڈے میچ مکمل کیے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے:عامر خان نے بتایا فٹنیس کا راز: غذا اور ۸؍ گھنٹے کی نیند سب سے ضروری

ہندوستان  میں سب سے زیادہ ون ڈے کھیلنے کا ریکارڈ مایہ ناز سچن  کے نام ہے۔ تینڈولکر نے۱۹۹۰ء سے۲۰۱۱ء تک  ملک میں ۱۶۴؍ ون ڈے میچ کھیلے۔ ان کے بعد فہرست میں ایم ایس دھونی ہیں، جنہوں نے  ۱۳۰؍ ون ڈے کھیلے ہیں۔ وراٹ کوہلی (۱۳۰)، محمد اظہرالدین (۱۱۳) اور یوراج سنگھ (۱۱۱) تین دیگر کرکٹر ہیں جو اس فہرست میں شامل ہیں۔
 ۳۳۸؍رنز کے تعاقب میں ہندوستان کو روہت شرما سے ایک بڑی اننگز کی امید تھی، لیکن وہ صرف۱۱؍ رنز ہی بنا سکے۔ انہوں نے دو چوکے لگا کر اچھی شروعات کی، لیکن پچھلے دو مقابلوں کی طرح اس بار بھی شروعات کو بڑی اننگز میں تبدیل نہیں کر پائے۔ ان کی اننگز صرف۱۳؍ گیندوں کی رہی۔ جیکری فوکس نے روہت کا وکٹ لیا۔ روہت کرسچین کلارک کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

یہ بھی پڑھئے:آسٹریلین اوپن: ترکی کی زینب سونمیز کا تاریخی کارنامہ

 تین میچوں میں صرف ۶۱؍رن 
روہت شرما کا اس ون ڈے سیریز میں بلہ خاموش رہا۔ شائقین کو امید تھی کہ ہٹ مین کے بلے سے رنز کی بارش ہوگی، لیکن ایسا نہیں ہوا۔ تاہم، تینوں ہی مقابلوں میں روہت کو اچھی شروعات ملی، مگر وہ بڑی اننگز نہیں کھیل سکے۔ پہلے مقابلے میں روہت شرما نے ۲۶؍ رنز کی اننگز کھیلی تھی، جس میں ہندوستان  کو جیت ملی تھی۔ دوسرے میچ میں روہت نے ۲۴؍ رنز بنائے، یہ مقابلہ  ہندوستان  ہار گیا تھا۔ اب تیسرے مقابلے میں وہ صرف ۱۱؍ رنز ہی بنا سکے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK