Inquilab Logo

وزیراعظم مودی نے یوپی کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی جم کر تعریف کی

Updated: June 27, 2020, 10:58 AM IST | Lucknow

دیگر ریاستوں سے لوٹنے والےمہاجر مزدوروں کیلئے شروع کی گئی ’آتم نربھر اترپردیش روزگار یوجنا‘ کا افتتاح کرتے ہوئے کہا:چیلنجز کو مواقع میں تبدیل کرنا کوئی یوپی سے سیکھے۔

Prime Minister Narendra Modi Photo: INN
وزیر اعظم نریندر مودی۔ تصویر: آئی این این

کورونا بحران میں چیلنجز کو بخوابی انداز میں مواقع میں تبدیل کرنے کے لئے یوگی حکومت کی تعریف کرتےہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو کہا کہ دنیا کے کئی ممالک سے بھی بڑی آبادی والے اترپردیش نےکورونا وائر س سے پیداہونے والے حالات سے جس اچھے ڈھنگ سےمقابلہ کیا ہے وہ بےمثال ہے۔دیگر ریاستوں کو بھی اس سے ترغیب لینے کی ضرورت ہے۔ وزیر اعظم نے’’آتم نربھر اترپردیش روزکار ابھیان‘ کی شروعات کر تےہوئے کہا کہ پوری دنیا کے لئے دہشت بنےکورونا وائرس کی ویکسین تیار ہونے تک لوگوں کو۲؍،۲؍ گز کی دوری اور فیس ماسک کا استعمال کرنا چاہے۔ یہی اس جان لیوا وائرس سے بچے رہنے کی واحد ترکیب ہے۔انہوں نے کہا کہ جب دیگر ریاستیں کورونا وائر سےمقابلے میں پریشان ہیں یوپی نے اپنی ترقی کے لئےاتنی بڑی اسکیم شروع کردی ہے۔ ایک طرح سےمصیبت سے پیدا ہونے والےہرموقع کایو پی حکومت پورا فائدہ اٹھارہی ہے۔ دنیا کے۴؍ترقی یافتہ ممالک اسپین،فرانس، اٹلی اور برطانیہ کی کل آبادی اترپردیش کے برابر ہے جہاں جدید ٹیکنالوجی سمیت دیگر ضروری وسائل کی بہتات ہے۔اس کے باوجود ان ۴؍ ممالک میں کورونا وائرس سے ایک لاکھ ۳۰؍ہزارسے زیادہ افراد جاں بحق ہوئے ہیں ۔ جبکہ اترپردیش میں یہ تعداد محض ۴۰۰؍ہے۔
 مودی نےکہا کہ ایسا صرف وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی ہنر مند قیادت اور عوامی نمائندوں اور افسران کی محنت سے ممکن ہوسکا ہے۔یوگی نےکورونا کی سنگینی کا اندازہ لگاتےہوئے نہ صرف اسپتالوں کو جدید آلات سے لیس کیا بلکہ محض ڈھائی مہینے میں مریضوں کیلئے ایک لاکھ بستروں کا نظم کیا۔انہوں نے کہا کہ یوگی حکومت کورونا سے مقابلے کیلئے عوامی شراکت داری کو یقینی بناتےہوئے ۶۰؍ہزار کمیٹیوں کی تشکیل کی ہے۔ قرنطینہ مراکز اور آئیسولیشن سنٹر کےانتظامات کئے گئے ہیں ۔اس کے ساتھ ہی دیگر ریاستوں میں روزگار گنوا کر مصیبت کا شکار مہاجر مزدوروں کے گھرلوٹنے کا نظم کیا اور ۳۵؍لاکھ سے زیادہ مہاجر مزدوروں کو ٹرینوں اور بسوں کے ذریعہ ان کے مقام تک پہنچایا۔وزیر اعظم نے کہا کہ یوگی حکومت نے ان مزدوروں کی اسکل میپنگ کرا کر ان کے لئے روزگار کا انتظام کیا ہےوہیں ۱۵؍کروڑ سے زیادہ غریب کنبوں کیلئےمفت میں راشن کا نظم کیا گیا ہے۔ یوگی حکومت کے وزیراور افسران مصیبت کو مواقع میں بدلنے کے لئے سخت محنت کررہے ہیں جو پورے ملک کے لئے ایک مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ۲۰۱۷ءسے قبل اگر کوئی اور حکومت ہوتی تو اس بحران سے نجات پانااس کے لئے ممکن نہ ہوتا۔ ایسے حالت میں اسپتالوں کو رونا رویا جاتا لیکن موجودہ حکومت ملک ہی نہیں بلکہ دنیا کے کئی ممالک کے لئے ایک مثال قائم کرچکی ہے۔
 مودی نے کہا کہ ریاست میں بجلی، پانی ،سڑک جیسی بنیادی سہولیات میں قابل ذکر بہتری آئی ہے۔ نئی سڑکوں اور ایکسپریس وے کے تعمیر میں یوپی آگے چل رہا ہے۔ سب سے بڑی بات یہ ہے کہ آج اترپردیش میں مانگ ہے۔قانون کی حکمرانی قائم ہے۔برسوں سے پوروانچل میں انسیفلائٹس بیماری وبا کی طرح قہر برپا کرتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ یوگی حکومت کی کوششوں سے اس بیماری میں مبتلا ہونے والے مریضوں کی تعداد تو کم ہوئی ہی ہے شرح اموات میں بھی ۹۰؍فیصدکی کمی واقع ہوئی ہے۔ صرف ۳؍سال میں یوپی میں غریبوں کے لئے ۳۰؍لاکھ سےزیادہ پکے مکانات بنائے گئے ہیں ۔جبکہ اس دوران یوپی نے اپنی محنت سے خود کو کھلے میں قضائے حاجت سے پاک قراردیا ہے۔ صرف ۳؍سال میں شفاف طریقے سےیوپی نے ۳؍لاکھ نوجوانوں کو سرکاری نوکریاں دی ہیں ۔مودی نے کہا کہ بودھ سرکٹ کے اہم کشی نگر ائیر پورٹ کو انٹر نیشنل ائیرپورٹ قرار دیاگیاہے۔ اس سے پوروانچل میں ہائی وے رابطہ مزید پختہ ہوگا اور ملک و بیرون ملک میں مہاتما بدھ پریقین رکھنے والے کروڑوں عقیدت مند اب آسانی سے اترپردیش آسکیں گے۔وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ہمارے مویشی پروری کا کام کرنے والوں کیلئےمتعدد نئے اقدام کئے گئے ہیں ۔۲؍ دن پہلے مویشی پروری اور ڈیری سیکٹر کیلئے ۱۵؍ہزار کروڑ روپے کا ایک خصوصی انفراسٹرکچر فند بنایا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK