انہوں نے سچن تینڈولکر کے ہمراہ گلی کرکٹ کھیلی۔ الیکٹرک رکشا خود چلائی جس کی پچھلی سیٹ پر شہزادہ کیتھرین سوار تھیں.
EPAPER
Updated: November 18, 2026, 3:24 PM IST | Agency | Mumbai
انہوں نے سچن تینڈولکر کے ہمراہ گلی کرکٹ کھیلی۔ الیکٹرک رکشا خود چلائی جس کی پچھلی سیٹ پر شہزادہ کیتھرین سوار تھیں.
برطانیہ کے شاہی جوڑے پرنس آف ویلز شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ شہزادی کیتھرین ہندوستان کے۳؍روزہ دورے پر ہیں۔ اس دوران انہوں نے ممبئی میں ماسٹر بلاسٹر سچن تینڈولکر کے ساتھ گلی کرکٹ کھیلی۔ ان کے اس دورے کا بنیادی مقصد ۲۰۲۶ء ارتھ شاٹ ایوارڈ‘ کی تقریب میں شرکت کرنا اور ماحولیاتی اختراعات سے متعلق مختلف پروگراموں میں حصہ لینا ہے۔
اہم پروگرام شہزادہ ولیم کے قائم کردہ ’ارتھ شاٹ ایوارڈ‘ سے متعلق تھا جس کے تحت آب و ہوا کو درپیش سب سے بڑے چیلنجوں کے بہترین حل پیش کرنے والوں کو۱۰؍ لاکھ پاؤنڈ کے۵؍ انعامات دیئے جاتے ہیں۔ پیر کو ۲۰۲۶ء ارتھ شاٹ امپیکٹ اسمبلی میں شہزادہ ولیم نے کہاکہ ’’ہندی میں ایک محاورہ ہے: رنگ برنگی دنیا یعنی رنگوں سے بھری دنیا۔ شاید ہمیں مستقبل کو اسی طرح دیکھنا چاہئے، صرف سفید اور سیاہ کے طور پر نہیں اور نہ ہی لوگوں اور کرۂ ارض، خوشحالی یا فطرت کے درمیان جھوٹے انتخاب کے طور پر بلکہ اس کے تمام رنگوں میں۔ ایک ایسی دنیا جس میں حل کہیں سے بھی سامنے آسکتے ہیں اور ترقی کا فائدہ ہم سب کو ملتا ہے۔‘‘انہوں نے یہ بھی کہاکہ ’’ہندوستان ہمیں رنگوں، پیچیدگیوں اور امکانات سے بھری ایک الگ تصویر دکھاتا ہے۔ یہ وہ ملک ہے جس نے مقررہ وقت سے۵؍ سال پہلے ہی اپنی مجموعی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت کا۵۰؍ فیصد غیر حیاتیاتی ایندھن کے ذرائع سے حاصل کرنے کا ہدف پورا کر لیا ہے اور صرف ایک دہائی سے کچھ زیادہ عرصے میں اس کی شمسی توانائی کی صلاحیت ۵۰؍ گنا سے زیادہ بڑھ گئی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: چیک جمہوریہ میں سرکاری میڈیا اداروں کی فنڈنگ کے طریقہ کار میں تبدیلی کےاقدام پرمظاہرہ
ایوارڈ کے بارے میں شہزادہ ولیم نے کہاکہ ’’۶؍سال پہلے ہم نے اپنے کرۂ ارض کو بہتری کی راہ پر لانے کیلئے ۱۰؍سالہ مشن طے کیا تھا۔ اس کے بعد سے ارتھ شاٹ ایوارڈ نے دکھایا ہے کہ جب جرأت مندانہ خیالات کو تعاون ملتا ہے اور آگے بڑھنے کا موقع دیا جاتا ہے تو کیا کچھ ممکن ہوتا ہے۔ ۔‘‘ انہوں نے یہ بھی کہاکہ ’’ہمارے۲۰۲۶ء ارتھ شاٹ کے حتمی امیدواروں میں ہندوستان کے ۲؍غیر معمولی حل بھی شامل ہیں۔ ’مہیلا ہاؤسنگ ٹرسٹ‘ ٹھنڈی چھتوں اور سستے بیمہ جیسے عملی حل کے ذریعے کم آمدنی والی خواتین کو شدید گرمی کا سامنا کرنے کیلئے بااختیار بنا رہا ہے۔’مہندرا لاسٹ مائل موبیلٹی‘ ملک بھر کے بڑے شہروں میں رہنے والے لوگوںکیلئے ہوا کو صاف ستھرا بناتے ہوئے الیکٹرک رکشوں کو ایک سستا متبادل بنا رہی ہے۔‘‘
اس موقع پر شہزادہ ولیم نےالیکٹرک رکشا خود چلائی جس میں پچھلی سیٹ پر شہزادی کیتھرین سوار تھیں۔