Inquilab Logo Happiest Places to Work

رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں نجی بینکوں کو شاندار منافع

Updated: July 20, 2026, 11:21 AM IST | Mumbai

آئی سی آئی سی آئی، کوٹک، ایکسس اور یس بینک نے دو ہندسی نمو ریکارڈ کی مگر ایچ ڈی ایف سی بینک پیچھے رہ گیا، خالص منافع صرف ۵؍فیصد بڑھا۔

Banks have recorded substantial profits in the first quarter of the current financial year. Photo: INN
بینکوں نے رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں خاطر خواہ منافع ریکارڈکیا ہے۔ تصویر: آئی این این

ملک کے نجی شعبے کے تین بڑے بینکوں، آئی سی آئی سی آئی بینک، ایکسس بینک اور کوٹک مہندرا بینک نے اپریل تا جون سہ ماہی کیلئے  اپنے خالص منافع میں نمایاں اضافہ درج کیا ہےجو تجزیہ کاروں کے اندازوں سے بھی بہتر رہا۔ ان بینکوں کے منافع میں  دو ہندسی  اضافہ  ریکارڈ کیاگیا جو  بنیادی طور پر قرضوں کی شرح میں  صحتمند  اضافہ کی بدولت ہوا۔  البتہ اس معاملہ میں  ایچ ڈی ایف سی بینک دیگر بینکوں سے پچھڑتا ہوا نظر آیا۔

یس بینک نے سب سے زیادہ منافع کمایا

یس بینک نے منافع میں نجی بینکوں میں سب سے زیادہ  یعنی ۳۴؍ فیصد اضافہ درج کیا۔ بینک کا خالص منافع بڑھ کرایک ہزار ۷۱؍ کروڑ روپے ہو گیا۔اس کی بڑی وجہ  سود سے ہونےوالی خالص  آمدنی میں۱۸؍فیصد اضافہ  ہے ۔دوسری طرف ایچ ڈی ایف سی بینک کی کارکردگی توقعات سے کم رہی۔ بینک کے خالص منافع میں صرف ۵؍  فیصد اضافہ ہوا ہے۔  سنیچر کو ان پانچوں نجی بینکوں کے ساتھ ساتھ آئی ڈی بی آئی بینک نے بھی رواں مالی سال کی  پہلی سہ ماہی کے نتائج جاری کئے ۔ آئی ڈی بی آئی کے منافع میں بھی۵؍ فیصد اضافہ ہوا۔

یہ بھی پڑھئے: اسکائی روٹ ایرواسپیس کا وِکرم-۱ خلاء میں پہنچنے والا پہلا نجی اوربیٹل راکٹ بن گیا

سرکاری شعبہ کے بینکوں کی کارکردگی

سرکاری شعبے کے بینکوں میں پنجاب نیشنل بینک (پی این بی) نے گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً ۳؍گنا زیادہ  یعنی۵؍ ہزار ۲۵۳؍ کروڑ روپے کا خالص منافع درج کیا۔ اس کی بڑی وجہ یہ رہی کہ گزشتہ سال اسی مدت میں ۵؍ہزار ۸۳؍ کروڑ روپے کے ٹیکس پروویژن نے منافع کو متاثر کیا تھا۔   البتہ پی این بی کی خالص سودی آمدنی میں صرف۲؍ فیصد اضافہ ہوا ہے۔ 

’’نیٹ انٹرسٹ مارجن ‘‘پر دباؤ

بینکوںکے منافع بخش ہونے یا نہ ہونے کا اہم پیمانہ سمجھے جانے والے ’’نیٹ انٹرسٹ مارجن‘(این آئی ایم) پر دباؤ برقرار رہاکیونکہ گزشتہ سال ریزرو بینک آف انڈیا کی جانب سے ریپو ریٹ میں مجموعی طور پر۱۲۵؍ بیسس پوائنٹس کی کمی کے اثرات اب بھی بینکوں پر موجود ہیں۔

ایچ ڈی ایف سی بینک کی کارکردگی

ملک  میں نجی  شعبہ کے سب سے بڑے بینک ایچ ڈی ایف سی بینک کا خالص منافع پہلی سہ ماہی میں۵؍ فیصد بڑھ کر۱۹؍ہزار ۶۰؍ کروڑ روپے ہو گیا جبکہ خالص سودی آمدنی تقریباً۷؍ فیصد اضافے کے ساتھ ۳۳؍ ہزار ۵۳۴؍کروڑ روپے رہی۔مارچ میں جز وقتی چیئرمین اتنو چکرورتی کے اچانک استعفے کے بعد خبروں میں رہنے والے  اس بینک کا نیٹ انٹرسٹ مارجن مزید کم ہو کر ۳ء۲۶؍ فیصد پر آ گیا ہے۔

این پی اے کا کیا حال رہا؟

اثاثوں کے معیار کے لحاظ سے جون کے آخر تک مجموعی این پی اے (نان پرفارمنگ اسیٹس)کا تناسب بڑھ کر۱ء۱۷؍فیصد اور خالص این پی اے کا تناسب ۰ء۴۱؍ فیصد ہو گیا جو مارچ کے مقابلے میں بالترتیب۲؍ اور ۳؍ بیسس پوائنٹس زیادہ ہے۔این پی اے تناسب سے مراد بینک کے ایسے قرضوں کا تناسب ہے جن کی واپسی نہیں ہو رہی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ۵؍ ممالک پر امریکی ٹیریف کے حق میں ۶۰؍ سینیٹرز!

کوٹک اور ایکسس بینک

کوٹک مہندرا بینک کا خالص منافع۲۶؍ فیصد بڑھ کر۴؍ ہزار ۱۲۳؍ کروڑ روپے ہو گیا، جو مارکیٹ کی توقعات سے بہتر رہا۔ ایکسس بینک نے بھی مارکیٹ کے اندازوں سے بہتر نتائج پیش کئے۔ اس کا خالص منافع ۲۳؍ فیصد بڑھ کر۷؍ہزار ۱۱۴؍ کروڑ روپے ہو گیا جس کی بڑی وجہ پروویژنز میں نمایاں کمی رہی۔ اگرچہ قرضوں  کی فراہمی میں ۱۹؍فیصد اضافہ ہوا تاہم خالص سودی آمدنی صرف۸؍فیصد بڑھ کر۱۴؍ہزار ۶۴۶؍ کروڑ روپے رہی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK