Inquilab Logo

جنسی استحصال کے ملزم جے ڈی ایس لیڈر کےمعاملے پر پرینکا گاندھی کا وزیراعظم مودی سے سوال

Updated: April 30, 2024, 12:14 PM IST | Agency | New Delhi

کانگریس نے ایک بار پھر وزیراعظم مودی کو اپنے نشانے پر لیا ہے۔ بی جے پی کی اتحاد ی پارٹی جنتادل سیکولر کے رکن پارلیمان اور سابق وزیراعظم دیوے گوڑا کے پوتے کے سیکس اسکینڈل معاملے میں نام سامنے آنے پر پرینکا گاندھی نے وزیراعظم سے سوال کیا ہے کہ کیا اب بھی آپ خاموش رہیں گے؟

Priyanka often baffles the Prime Minister with her questions these days. Photo: INN
پرینکا آج کل اپنے سوالوں سے وزیراعظم کو اکثر لاجواب کردیتی ہیں۔ تصویر : آئی این این

کانگریس نے ایک بار پھر وزیراعظم مودی کو اپنے نشانے پر لیا ہے۔ بی جے پی کی اتحاد ی پارٹی جنتادل سیکولر کے رکن پارلیمان اور سابق وزیراعظم دیوے گوڑا کے پوتے کے سیکس اسکینڈل معاملے میں نام سامنے آنے پر پرینکا گاندھی نے وزیراعظم سے سوال کیا ہے کہ کیا اب بھی آپ خاموش رہیں گے؟ کانگریس ترجمان سپریہ شرینیت نے بھی کہا کہ مودی کو دیوےگوڑا کے پوتے کے ساتھ اسٹیج شیئر کرنے کا جواب دینا چاہئے۔ 
  خیال رہے کہ لوک سبھا انتخاب کے درمیان ہاسن سے این ڈی اے امیدوار پرجول ریونّا سےمتعلق سیکس اسکینڈل معاملے نے طول پکڑ لیا ہے اور اب جے ڈی ایس ہی کے لیڈران بھی ان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ اس درمیان کانگریس جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی نےاس کے بہانے وزیر اعظم مودی کو اپنی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم سے ایک تلخ سوال بھی کیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ لکھ کر سوال کیا ہے کہ ’’جس لیڈر کے کندھے پر ہاتھ رکھ کر وزیر اعظم تصویر کھنچواتے ہیں۔ جس لیڈر کے حق میں انتخابی تشہیر کرنے۱۰؍ دن قبل وزیر اعظم خود جاتے ہیں۔ اسٹیج پرجس کی تعریف کرتے ہیں، وہ آج ملک سے فرار ہے۔ ‘‘انہوں نے مزید لکھا کہ ’’اس کے بہیمانہ جرم کے بارے میں سن کر ہی دل دہل جاتا ہے۔ ایک دو نہیں بلکہ سیکڑوں خواتین کی زندگی جس نے تہس نہس کر ڈالی۔ ‘‘ اس کے بعد وہ آگے لکھتی ہیں کہ’’ مودی جی کیا اب بھی آپ خاموش رہیں گے؟‘‘
  پرینکا گاندھی ہی کی طرح پارٹی کی ترجمان سپریہ شرینیت نے بھی وزیراعظم مودی کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔ انہوں نے اس واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے خواتین کی توہین قرار دیا اور بی جے پی کونشانے پر لیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم مودی کو دیوےگوڑا کے پوتے کے ساتھ اسٹیج شیئر کرنے کا عوامی سطح پر جواب دینا چاہئے۔ خیال رہے کہ کرناٹک کی ہاسن سیٹ سے لوک سبھا کے امیدوار ریونا پر جنسی استحصال کاسنگین الزام ہے۔ 
 کانگریس کی ترجمان سپریہ شرینیت نے یہاں پارٹی ہیڈکوارٹرز میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ’’پراجول ریونا ہاسن سیٹ سے ایم پی ہیں اور وہ دیوے گوڈا کے پوتے اور’مودی پریوار‘ کا حصہ ہیں۔ پرجوال ریونا نے سیکڑوں خواتین کی زندگیاں برباد کر دیں اور پیر کو ملک چھوڑ کر بھاگ گیا۔ ‘‘
 کانگریس کی ترجمان نے کہا کہ ’’پراجول کی ہزاروں فحش ویڈیوز وائرل ہیں، جن میں وہ ہر عمر کی خواتین کا جنسی استحصال کر رہاہے۔ ان خواتین میں پارٹی کارکن، گھر کے اندر کام کرنے والی خواتین، اراکین پارلیمان اور ضلع پنچایت کی خواتین شامل ہیں۔ ‘‘ انہوں نے افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ مودی، پراجول کی ان حرکتوں سے واقف تھے، اس کے باوجود انہوں نے انہیں اپنا مشترکہ امیدوار بنایا، اس کے ساتھ اسٹیج شیئر کیا، اس کی تعریف کی، اس کی پیٹھ پر تھپکی دی اور اس کیلئے عوام سے ووٹ مانگے۔ 
 سپریہ شرینیت نے دعویٰ کیا کہ مودی، اس کے بارے میں سب کچھ جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ’’دسمبر۲۰۲۳ء میں بی جے پی لیڈر دیوراج گوڑا نےمودی اور امیت شاہ کو خط لکھ کر پراجول کے پین ڈرائیو اور جنسی استحصال کے بارے میں آگاہ کیا تھا اور جب امیت شاہ نے کرناٹک کا دورہ کیا تھا، تب بھی انہیں امیدوار بنانے سے انکار کر دیا تھا۔ سابق رکن اسمبلی پریتم گوڑا سمیت بی جے پی کارکنوں نے پراجول کو ٹکٹ دینے سےمنع کیا لیکن سب کچھ جاننے ہوئے بھی مودی نےانہیں امیدوار بنایا جب کرناٹک ویمن کمیشن نے اس معاملے کا نوٹس لیا اور جب ایس آئی ٹی تشکیل دی گئی تو وہ ملک سے فرار ہو گیا۔ ‘‘
 کانگریس کی ترجمان نے اس معاملے میں مودی سے جواب دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے اس درندےکو اپنا مشترکہ امیدوار کیوں بنایا اور مودی ہر بار خواتین کے خلاف جرائم کرنے والوں کے ساتھ کیوں کھڑے ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صرف مودی ہی نہیں، اسمرتی ایرانی اور خواتین کمیشن کی چیئرپرسن ریکھا شرما بھی اس معاملے پر خاموش ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK