Inquilab Logo

رائے گڑھ ضلع میں مظاہروں اور احتجاجی ریلیوں پر پابندی

Updated: June 27, 2022, 11:46 AM IST | Siraj Shaikh | Murud

موجودہ حالات کے سبب ضلع میں امن و امان خراب ہونے کے اندیشے کے پیش نظر دفعہ ۱۴۴؍ نافذ، یہ حکم ضلع کے تمام تعلقوں میں۸؍ جولائی تک نافذ العمل

The sit-ins and demonstrations that were already going on in Raigarh will have to end after the new order A. District Collector Mahendra Kalyankar.Picture:INN
رائے گڑھ میں جو د ھرنے اور مظاہرے پہلے سے جاری تھے، نئے حکم کے بعد انہیںا ب ختم کرنا پڑے گا،ضلع کلکٹر مہندر کلیانکر (انسیٹ میں)۔ تصویر: آئی این این

رائے گڑھ ضلع کلکٹر ڈاکٹر مہندر کلیانکر نے دفعہ ۱۴۴؍ضابطہ فوجداری کے تحت ضلع کے حدود میںاحتجاجی مظاہرے، ریلیاں، مورچے اور دیگر  اجتماعی سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔یہ حکم ۸؍ جولائی ۲۰۲۲، تک نافذالعمل رہے گا۔ضلع انتظامیہ نے اس معاملے میں حکم کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ دیا ہے۔ضلع کلکٹر کے ذریعے جاری کئے گئے نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ ضلع میں امن و امان کی صورت حال کے پیش نظر دفعہ ۱۴۴؍ نافذ کردیا گیا ہے اوریہ ضلع کے علی باغ، مروڈ جنجیرہ، پین، شریوردھن، مہسلہ، روہا،مان گائوں ، تلہ، مہاڈ، کرجت، کھالاپور، کھوپولی،پولادپور، ارن اور سدھاگڑھ پالی تعلقوں میں نافذ رہے گا۔ موجودہ حالات  کے پیش نظر یہ حکم امتناعی نافذ کیا گیا ہے۔  اطلاعات کے مطابق  بی جے پی کی  ترجمان نپورشرما اور نوین جندل کی طرف سےنبی کریم  ؐکے بارے میں کئے گئے اشتعال انگیز تبصروں کے خلاف مسلم تنظیموں کی طر ف سے جمہوری طریقوںسے مظاہرے کئے گئے ۔ فوج  میںبھرتی کے لئے لائی گئی ’ اگنی پتھ ‘اسکیم کو لے کر ملک بھر کے نوجوانوں میں پائے جانے والے کنفیوژن کی وجہ سے مختلف جگہوں پر مظاہرے ہو رہے ہیں اور اس پس منظر میں رائے گڑھ ضلع پولیس کی حد میں اگنی پتھ اسکیم کے خلاف ضلع کے نوجوانوں کی طرف سے احتجاج کا قوی امکان ہے۔
 ادھر مہاراشٹر میں موجودہ مہاوکاس اگھاڑی حکومت میں جاری بغاوت اور بحران کا اثر ریاست بھر میں دیکھنے کو مل رہا ہے۔باغی لیڈروں کے خلاف شیوسینا کارکنان کی  توڑ پھوڑ اور ادھو ٹھاکرے کے حق میںنکالی جانے والی ریلیوںکے پیش نظرکئی جگہ حالات بگڑنے کا اندیشہ ہے۔ مہاراشٹر کے دیگر علاقوں کے ساتھ رائے گڑھ ضلع میں بھی یہی صورتحال نظر آرہی  ہےجس سے پارٹی کے کچھ کارکنوں میں سیاسی صورتحال پر عدم اطمینان پیدا ہوا ہے۔  اس کے علاوہ علی باغ پولیس تھانے کی حدود میں، اندو بائی جےرام تیکھنڈے، ساکن یوکرول، تعلقہ کرجت، ۲۴؍مارچ ۲۰۲۲ءسے ضلع کلکٹر رائے گڑھ کے دفتر کے سامنے بھوک ہڑتال پر ہیں کیونکہ انہیں ابھی تک منظور شدہ ہاؤسنگ اسکیم کا فائدہ نہیں ملا ہے۔ ان تمام مظاہروں کو دیکھتے ہوئے امن و امان کی صورت حال  انتظامی سطح پر قابو میںرکھنا از حد ضروری سمجھا جارہا ہے۔ حالات کے خراب ہونے کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا۔ ضلع کی صورت حال اورکورونا کے پھیلائو کے پیش نظررائے گڑھ ضلع میں مہاراشٹر پولیس ایکٹ ۱۹۵۱(اے) کے سیکشن ۳۷(۱) کے تحت  ۸ جولائی ۲۰۲۲ءکی شب۱۲؍ بجے تک دفعہ ۱۴۴؍ کا نفاذ رہے گا۔  اس حکم امتناعی کے تحت کئی چیزوں پرپابندیاں عائد کی گئی ہیں جن میں ہتھیار، لاٹھی، تلوار، نیزہ، بندوق، لاٹھی  یا کوئی ایسی چیز جو جسم کو نقصان پہنچانے کے لیے استعمال ہوتی  ہیں ، شامل ہیں۔ آتشیں اسلحہ یا کوئی دھماکہ خیز مواد کوساتھ لے جانا، پتھر یا دیگر نقصان دہ اشیاء چھوڑنے یا پھینکنے کا سامان رکھنا، جمع کرنا یا بنانا، عوامی طور پر جارحانہ اعلان کرنا ، کوئی بھی ہجوم جس میں پانچ یا اس سے زیادہ افراد ہوں بغیر پیشگی اجازت کے رائے گڑھ ضلع پولیس کی حدود میں بلا وجہ گھومنا یا جلوس نکالنا منع ہوگا۔تاہم یہ حکم ایسے سرکاری اہلکاروں پر نافذ نہیں ہے کہ وہ اپنے اعلیٰ افسران کے حکم کے مطابق یا اپنے فرائض کی انجام دہی کے لیے ہتھیاروں کو مناسب طریقے سے لے جائیں یا رکھیں۔  
 اس نوٹیفکیشن کا اطلاق ، جنازوں یا سرکاری تقریبات پر نہیں ہوگا۔تاہم متعلقہ تحصیلدار اور ایگزیکٹیو مجسٹریٹ کو اس دوران تقریبات، مجالس، جلوس وغیرہ کی منظوری دینے کی اجازت دے دی گئی ہے۔تحصیلدار اور ایگزیکٹیو مجسٹریٹ کو احتیاط برتنے کے احکامات دیئے گئے ہیں۔اپنے اپنے علاقوں میں امن و امان قائم رکھنے کے لئے کہا گیا ہے، نوٹیفیکیشن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ امن وامان کی صورت حال خراب ہونے پر متعلقہ انتظامیہ کو ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK