• Mon, 19 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

دہلی میں ای رکشوں کی تعداد ڈھائی لاکھ تک محدود کرنے کی تجویز

Updated: October 19, 2026, 5:08 PM IST | New Delhi

دہلی کے محکمہ ٹرانسپورٹ نے دارالحکومت میں ای رکشوں کی تعداد ڈھائی لاکھ تک محدود کرنے، لازمی تعمیلی سرٹیفکیٹ متعارف کرانے اور اسکیم کے نوٹیفکیشن کے بعد سڑکوں پر چلنے والے غیر رجسٹرڈ ای رکشوں کو ضبط کرکے تلف کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔

E Rickshaw.Photo:INN
ای رکشا۔ تصویر:آئی این این

دہلی کے محکمہ ٹرانسپورٹ نے دارالحکومت میں ای رکشوں کی تعداد ڈھائی لاکھ تک محدود کرنے، لازمی تعمیلی سرٹیفکیٹ متعارف کرانے اور اسکیم کے نوٹیفکیشن کے بعد سڑکوں پر چلنے والے غیر رجسٹرڈ ای رکشوں کو ضبط کرکے تلف کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔ محکمہ نے ۱۸؍ اکتوبر کو جاری کردہ سرکلر کے ذریعے مسودہ دہلی ای رکشہ (رجسٹریشن و آپریشن) اسکیم ۲۰۲۶ء عوامی مشاورت کے لیے جاری کردیا ہے۔ اس کے تحت متعلقہ فریقوں اور عوام سے اشاعت کے  ۳۰؍ دن کے اندر تجاویز اور اعتراضات طلب کیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے:پریہ درشن کی۹۹؍ویں فلم میں ٹائیگر ہنٹر بنیں گے اکشے کمار، کامیڈی کے ساتھ تھرلر بھی

یہ تجاویز ابھی نافذ نہیں ہوئی ہیں۔ اسکیم سرکاری گزٹ میں اشاعت کے بعد نافذ العمل ہوگی اور ابتدائی طور پر پانچ سال تک مؤثر رہے گی، تاہم اس مدت سے پہلے اس میں ترمیم، توسیع یا اسے واپس لیا جاسکتا ہے۔ مسودے کے مطابق، پہلے سے رجسٹرڈ ای رکشوں کو نوٹیفکیشن جاری ہونے کی تاریخ سے ۹۰؍ دن کے اندر، یا محکمہ کی جانب سے مقرر کردہ توسیعی مدت کے دوران، ای رکشا تعمیلی سرٹیفکیٹ (ای سی سی) حاصل کرنا ہوگا۔

یہ بھی پڑھئے:بابراعظم کی ون ڈے ٹیم میں جگہ خطرے میں؟ شعیب اختر کا بڑا بیان

ای رکشوں کی تعداد کی حد اس مدت کے ختم ہونے کے بعد نافذ ہوگی، تاکہ پہلے سے رجسٹرڈ گاڑیوں کو سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کا عمل مکمل کرنے کا موقع مل سکے۔ اس کے بعد نئے سرٹیفکیٹ جاری کرنے پر پابندیاں عائد ہوں گی۔ ہر درست ای سی سی رکھنے والی گاڑی کو مقررہ حد میں شمار کیا جائے گا، جس پر حکومت نظرثانی بھی کرسکے گی۔
ڈجیٹل طریقے سے جاری ہونے والا ہر سرٹیفکیٹ دو سال تک کارآمد ہوگا، بشرطیکہ اسے اس سے پہلے معطل یا منسوخ نہ کردیا جائے۔ ہر سرٹیفکیٹ کے ذریعے ایک گاڑی کو ایک مجاز ڈرائیور سے منسلک کیا جائے گا۔ ایک ہی ڈرائیونگ لائسنس کو بیک وقت ایک سے زیادہ کارآمد سرٹیفکیٹ کے ساتھ منسلک کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔نوٹیفکیشن کے بعد سڑکوں پر چلتے ہوئے پائے جانے والے غیر رجسٹرڈ ای رکشوں کو فوری طور پر ضبط کرلیا جائے گا۔
مسودے میں کہا گیا ہے کہ  کسی بھی غیر رجسٹرڈ ای رکشے کو ضبط کیے جانے کے بعد کسی بھی صورت میں واپس نہیں کیا جائے گا۔  ایسے ای رکشوں کو مقررہ رہنمایانہ  خطوط کے مطابق توڑ کر تلف کیا جائے گا اور ان کی نیلامی کی جائے گی، جبکہ ان کی بیٹریاں تلف کرنے کے لیے رجسٹرڈ ری سائیکلنگ اداروں کو نیلام کی جائیں گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK