• Tue, 17 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اسکولی اشیاء کی خریداری حکومت کے پورٹل سے کرنے کی تجویز!

Updated: February 17, 2026, 3:02 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

میونسپل طلبہ میں تقسیم کی جانے والی ۲۷؍ اشیاء کی خریداری میں بدعنوانی کو روکنے کیلئے ممبئی بی جے پی کے صدر نے ممبئی کی میئر اور میونسپل کمشنر کو مکتوب دیا ،اشیاء مینوفیکچرر سے خریدنے کا مشورہ۔

BMC Provides 27 Items Including Books, Copies, Uniforms And Bags Free Of Cost To Students Studying In Municipal Schools.Photo:INN
بی ایم سی کی جانب سے میونسپل اسکولوں میں زیر تعلیم طلبہ کو کتابیں ، کاپیاں، یونیفارم اور بیگ سمیت ۲۷؍ اشیاء مفت فراہم کی جاتی ہیں- تصویر:آئی این این

برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) کی جانب سے میونسپل اسکولوں کے طلبہ کو مفت میں تقسیم کی جانے والی ۲۹؍ اشیاء میں بدعنوانی کو روکنے کیلئے ممبئی بی جے پی کے صدر و رکن اسمبلی امیت ساٹم نے ایک تجویز پیش کی ہے۔ انہوں نے مشورہ دیا ہے کہ ان اشیاء کومرکزی حکومت کے ’گورنمنٹ ای۔مارکیٹ پلیس(جی ای ایم)‘ پورٹل کے ذریعے مینوفیکچررز سے براہ راست خریدنا چاہیے۔ اس سے ٹھیکیداروں کی من مانی اور بدعنوانی پر روک لگائی جاسکے گی۔ امیت ساٹم نے یہ تجویز ممبئی کی مئیر ریتو تاوڑے اور میونسپل کمشنر بھوشن گگرانی کو مکتوب بھیج کر کی ہے۔ 
  امیت ساٹم نے میونسپل کارپوریشن کے خریداری کے نظام میں بنیادی تبدیلی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے جینڈر بجٹ کے تحت اسکولی اشیاء کی خریداری اور سامان کی تقسیم کیلئے مرکزی حکومت کے جی ای ایم پورٹل کو فوراً اپنانے کا مطالبہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ بی جے پی کی جانب سے طویل عرصے سے یہ دعویٰ کیا جارہا ہے کہ طلبہ اور شہریوں کو متعدد اسکیموں کے تحت مختلف اشیا ء خرید کر دینے میں بڑے پیمانے پر بدعنوانی کی جاتی رہی ہے۔ اب چونکہ بی ایم سی میں بی جےپی ۸۹؍ کارپوریٹروں کے ساتھ سب سے بڑی پارٹی بن کر اقتدار میں آئی ہے اسی لئے پارٹی کے لیڈروں کی جانب سے یہ دعویٰ کیا جارہا ہےکہ شہری خزانہ کا غلط استعمال نہیں ہونے دیاجائے گا ۔ اسی دعوے کی پہلی کڑی کے طور پر بی جےپی کے ممبئی صدر نے یہ مکتوب دیا ہے۔
 ممبئی کی میئر ریتو تاوڑے اور کمشنر بھوشن گگرانی کو لکھے اپنے خط میں ایم ایل اے امیت ساٹم نے بتایا ہے کہ کئی برسوں سے میونسپل کارپوریشن ۲۷ ؍مختلف اشیاء، یونیفارم سے لے کر اسٹیشنری ، جوتے اور موزے تک، اسکولی طلبہ کو مفت فراہم کر رہی ہے۔ فی الحال یہ اشیاء ٹھیکیداروں کے ذریعے خریدی جاتی ہیں۔ متعدد عوامی نمائندوں کے ذریعے ان اشیاء کے معیار پر بھی کئی مرتبہ سوال اٹھائے گئے ہیں اوریہ بھی کہ اس میں میونسپل افسران اور ٹھیکیداروں کی ملی بھگت کے ذریعے کم قیمت کے ٹینڈر کو منظور کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے:فرانسیسی صدر میکرون سے ملنے کا منتظر ہوں:مودی

رکن اسمبلی امیت ساٹم نے مزید کہا ہے کہ یہ دیکھا گیا ہے کہ ۲۷؍ اشیاء کو سپلائی کرنے والے یہ ٹھیکیدار اکثر مینوفیکچررز سے سستے دامو ںمیں  خرید کر میونسپل کارپوریشن کو مہنگی قیمت پر فروخت کرتے ہیں۔
انہوںنے بدعنوانی سے پاک انتظامیہ فراہم کرنے کے بی جے پی کے عزم کو دہرایا اور مطالبہ کیا کہ ان۲۷؍اشیاء کو براہ راست مرکزی حکومت کے جی ای ایم پورٹل سے خریدا جائے۔بی جے پی کے ممبئی صدر کے بقول اسکول کی اشیاء تقسیم کرنے کے بجائے میونسپل کارپوریشن کو ان اشیاءکی قیمت طلبہ کے کھاتے میں منتقل کرنے والی ڈائریکٹ بینیفٹ ٹرانسفر(ڈی بی ٹی) پر بھی غور کرنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھئے:سشمیتا سے پہلے ’میں ہوں نا‘ میں دوسری اداکارہ کو موقع دیا جانے والا تھا

 ایم ایل اے امیت ساٹم نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ اب سے جینڈر بجٹ کے تحت خواتین میں تقسیم کئے جانے والے تمام سامان بشمول اسکول کی اشیاء، سلائی مشین ، گیہوں پیسنے والی چکی وغیرہ بھی پورٹل سے خریدی جائیں۔ اس سے میونسپل کارپوریشن کے فنڈز کی کافی بچت ہوگی، خریداری میں شفافیت آئے گی اور بدعنوانی کو روکنے میں مدد ملے گی۔امیت ساٹم نے امید ظاہر کی ہے کہ اگر سیدھے مینوفیکچررز سے اشیاء کی خریداری کی جاتی ہے تو میونسپل کارپوریشن کو مہنگی قیمت پر سامان فراہم نہیں کیا جائے گا۔ اس سے شہری خزا نے کی بچت بھی ہوگی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK