• Tue, 17 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

پرینکا چوپڑا کا ہارورڈ میں انکشاف: ہالی ووڈ میں کام پانا آسان نہیں تھا

Updated: February 17, 2026, 6:09 PM IST | Los Angeles

بالی ووڈ سے ہالی ووڈ تک کا سفر طے کرنے والی پرینکا چوپڑا نے ہارورڈ انڈیا کانفرنس میں اپنی جدوجہد بیان کی۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ میں کریئر کی شروعات آسان نہیں تھی اور انہیں گھنٹوں انتظار اور پیشہ ورانہ چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ صرف کریئر نہیں بلکہ ایک ’’میراث‘‘ بنانا چاہتی تھیں۔

Priyanka Chopra giving a speech at Harvard University. Photo: X
پرینکا چوپڑا ہارورڈ یونیورسٹی میں تقریر کرتے ہوئے۔ تصویر: ایکس

بالی ووڈ کی ’’دیسی گرل‘‘ سے عالمی آئیکون تک کا سفر طے کرنے والی پرینکا چوپڑا نے حال ہی میں سالانہ ہارورڈ انڈیا کانفرس میں خطاب کرتے ہوئے اپنے کریئر کے مشکل ترین مراحل کو یاد کیا۔ اداکارہ نے بتایا کہ مغرب میں قدم جمانا ان کے لیے ہرگز آسان نہیں تھا، حالانکہ وہ ہندوستان میں ایک مستحکم مقام حاصل کر چکی تھیں۔ اپنے خطاب میں پرینکا نے کہا کہ ہندی فلم انڈسٹری میں برسوں کام کرنے کے بعد جب انہوں نے امریکہ میں نئی شروعات کی تو انہیں دوبارہ ابتدائی سطح سے جدوجہد کرنی پڑی۔ انہوں نے پرانے انٹرویو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایک وقت تھا جب وہ بار بار یہ کہتی تھیں، ’’مجھے کریئر نہیں، میراث چاہیے۔‘‘ آج وہ اس جملے کو یاد کر کے سوچتی ہیں کہ اس وقت ان کے ذہن میں ’’میراث‘‘ کا مطلب کیا تھا۔

یہ بھی پڑھئے: ’’تمباڑ ۲‘‘ میں طاقتور منفی کردار کی تلاش، اکشے کھنہ اور نوازا لدین کے نام زیرغور

انہوں نے کہا کہ زندگی کے مختلف مراحل میں کامیابی کی تعریف بدلتی رہتی ہے۔ امریکہ میں شروعات کرتے وقت وہ ایک نئے ماحول میں خود کو ثابت کرنے کی کوشش کر رہی تھیں۔ ان کے مطابق، اس دور میں انہیں کئی پیشہ ورانہ اور ذاتی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا۔ پرینکا نے انکشاف کیا کہ ہندوستان میں بھی ایک وقت ایسا آیا جب حالات ان کے حق میں نہیں تھے۔ وہ مختلف مسائل سے نمٹ رہی تھیں اور اپنے کیریئر کو بچانے کی کوشش کر رہی تھیں۔ اسی پس منظر میں انہوں نے مغرب کا رخ کیا تاکہ خود کو ایک اور موقع دے سکیں۔ ان کے بقول، ہر صبح بیدار ہو کر چھوٹے کردار ادا کرنا اور محدود مواقع قبول کرنا آسان نہیں تھا، مگر ان کا مقصد طویل مدتی کامیابی حاصل کرنا تھا۔ اداکارہ نے بتایا کہ ہالی ووڈ میں انہیں بعض اوقات ۱۵؍ گھنٹے تک انتظار کرنا پڑتا تھا اور پھر بھی اس دن ان کا شاٹ نہیں لیا جاتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں اپنے کریئر کے دوران انہوں نے ایسی صورتحال کا سامنا کم ہی کیا تھا۔ اس کے باوجود وہ ہر صبح اسی عزم کے ساتھ کام پر جاتی تھیں کیونکہ وہ ایک طویل مدتی وژن رکھتی تھیں۔

یہ بھی پڑھئے: عامر خان فرحان اختر اور رنویر سنگھ کے درمیان ثالثی کا کرداراداکریں گے

ہارورڈ انڈیا کانفرنس میں پرینکا دیگر نمایاں شخصیات کے ساتھ مقرر کے طور پر شریک تھیں، جن میں سیاستداں ششی تھرور بھی شامل تھے۔ تقریب کے دوران ششی تھرور نے پرینکا کے ساتھ اپنی ملاقات کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں اور ان کی عالمی کامیابی کو سراہا۔ انہوں نے لکھا کہ پرینکا نے نہ صرف عالمی سطح پر اپنی پہچان بنائی بلکہ ہندوستان کا نام بھی روشن کیا ہے۔ پرینکا چوپڑا نے اپنے خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ کامیابی فوری نہیں ملتی بلکہ مسلسل محنت، صبر اور وژن کا تقاضا کرتی ہے۔ ان کے مطابق، انہوں نے ہر مشکل کو ایک سیکھنے کے موقع کے طور پر لیا اور اپنی منزل کی طرف قدم بڑھاتی رہیں۔ آج پرینکا نہ صرف ہالی ووڈ میں فعال ہیں بلکہ عالمی برانڈز، فلمی پروجیکٹس اور سماجی سرگرمیوں میں بھی نمایاں کردار ادا کر رہی ہیں۔ ان کا سفر نوجوانوں کے لیے ایک مثال بن چکا ہے کہ اگر مقصد واضح ہو تو مشکلات راستہ نہیں روک سکتیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK