Inquilab Logo

پونے میں گورنر کوشیاری کے خلاف احتجاج

Updated: December 03, 2022, 10:56 AM IST | pune

شیواجی کے متعلق متنازع بیان کے معاملے پر بھرت سنگھ کوشیاری کے خلاف ناراضگی برقرار، جمعہ کو پونے دورے پر مظاہرین نے انہیں سیاہ جھنڈیاں دکھائیں اور نعرے لگائے ، این سی پی اور سوراجیہ سنستھا کے کارکنوں کو حراست میں لیا گیا

In Baudhan, Swarajya Sanstha workers can be seen displaying black flags and being stopped by the police.
باودھن میں سوراجیہ سنستھا کے کارکنان کالے جھنڈے دکھاتے ہوئے اور پولیس انہیں روکتے ہوئے دیکھی جاسکتی ہے۔

ریاست کے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری کو پونے دورے پر شدید احتجاج کا سامنا کرنا پڑا۔ یہاں جمعہ کے روز  نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی ) اور دیگر تنظیموں کے کارکنوں نے انہیں سیاہ جھنڈیاں دکھائیں اور ان کے خلاف نعرے بازی کی۔ پونے پولیس نے سوراجیہ سنستھا، این پی سی کے لیڈروں اور کارکنوں کو احتجاج کی پاداش میں کچھ گھنٹوں کے لئے تحویل میں لینے کے بعد چھوڑدیا۔
گورنر کے کس بیان پر ہنگامہ مچا ہوا ہے؟
 خیال رہے کہ گورنر بھگت سنگھ کوشیاری نے چھترپتی شیواجی مہاراج کے متعلق متنازع بیان دیا تھا۔ انہوں نے اورنگ آباد میں ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی میں منعقدہ پروگرام میں طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’شیواجی مہاراج پرانے وقت کے آئیڈیل تھے۔‘‘اس بیان پر سیاسی حلقوں سے لے کر عوامی حلقوں تک میں ناراضگی پائی جارہی ہے۔ 
راج بھون کے آس پاس سخت پہرہ
یہی وجہ ہے کہ جمعہ کو جب گورنر کوشیاری پونے پہنچے تو این سی پی و دیگر تنظیموں کے کارکنوں نے ان کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ راج بھون کے باہر اس دوران حالات بے قابو ہوگئے اور احتجاج کے سبب ٹریفک بھی متاثر ہوگیا۔ بگڑتے حالات کے پیش نظر  پولیس نے فوراً مظاہرین کو اپنی تحویل میں لیا۔ جنہیں کچھ گھنٹوں کے بعد رہا کردیا گیا۔ این سی پی کی ترجمان روپالی ٹھومبرے پاٹل کو کو بھی پولیس نے تحویل میں لیا اور کچھ وقت کے بعد چھوڑدیا۔ این سی پی کے شہر صدر پرشانت جگتاپ درجنوں ورکروں کے ساتھ یہاں موجود تھے۔ این سی پی لیڈروں اور کارکنوں نے’’گورنر واپس جاؤ‘‘ کے نعرے بلند کئے اور انہیں سیاہ جھنڈیاں دکھائیں۔ پرشانت جگتاپ نے کہا کہ ’’ہم گورنر کو ’شیواجی کون ہوتا؟‘ کتاب دیں گے، اس کتاب کے ذریعہ گورنر کو درست معلومات ملے گی۔‘‘
سوراجیہ سنستھا نے  ’’گورنر واپس جاؤ‘‘کا نعرہ دیا
 سوراجیہ سنستھا کے کارکنوں کے ذریعہ بھی گورنر کوشیاری کو کالی جھنڈیاں  دکھائی  گئیں۔ اس دوران ’’مظاہرین نے ’’گورنر ہٹاؤ، وقار بچاؤ، شیواجی مہاراج کی جئے‘‘کے نعرے بلند کئے۔ پاشن علاقے میں ابھیمان شری سوائٹی کے پاس سنبھاجی راجے کی تنظیم سوراجیہ سنستھا کے کارکنوں نے احتجاج کیا۔ مظاہرین نے گورنر کے قافلے کو سیاہ جھنڈیاں دکھائیں۔ پولیس نے مظاہرین کو تحویل میں لیا۔ تفصیلات کے مطابق گورنر کوشیاری ۲؍دسمبر کو پونے پہنچے۔ یہاں وہ کئی تقریبات میں شرکت کریں گے۔ احتجاج اور ناراضگی کے پیش نظر پولیس نے سبھی پروگرام کیلئے  سخت سیکوریٹی  کا انتظام کیا ۔
این سی پی کے وفد کی گورنر سے ملاقات
 احتجاج کے بعد پونے این سی پی کے ایک وفد نے گورنر سے ملاقات کی ہے۔ وفد کی جانب سے گورنر کو تین کتابوں کا تحفہ دیا گیا۔ یہ کتابیں شیواجی مہاراج کی حیات و کارناموں کے متعلق ہے۔ این سی پی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ملاقات کے دوران گورنر نے اپنے بیان پر صفائی دی اور افسوس کا اظہار کیا۔

pune Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK