مطالبات پورے نہ ہونے پر۲۲؍جولائی کواجتماعی چھٹی کااعلان کیا۔
EPAPER
Updated: July 12, 2024, 10:33 AM IST | Saadat Khan | Mumbai
مطالبات پورے نہ ہونے پر۲۲؍جولائی کواجتماعی چھٹی کااعلان کیا۔
میونسپل اسپتالوں کے ریسیڈنٹ ڈاکٹروں نے اپنے مطالبات کیلئے جمعرات کو احتجاج کیا۔ انہوں نے ۲۲؍ جولائی کو اجتماعی چھٹی کا اعلان بھی کیا۔ جمعرات کو علامتی احتجاج کے دوران نائر کے ڈاکٹروں نے’ ہمیں انصاف چاہئے، بی ایم سی نے ہمیں دھوکہ دیا ہے، ہماری مانگیں پوری کی جائیں، ہر مرتبہ احتجا ج کے بعد ہی کیوں مانگ پوری کی جاتی ہے، ہمیں ہمارا محنتانہ دیا جائے‘ اس طرح کے نعروں کے ساتھ ڈاکٹروں نے اپنے مطالبات جلد ازجلد پورے کرنے کی اپیل کی۔ جمعرات ہی کوکے ای ایم اسپتال کے ریسیڈنٹ ڈاکٹروں اور ممبئی میونسپل کارپوریشن کے مختلف کالجوں میں ریسیڈنٹ میڈیکل افسروں نے سیاہ فیتہ باندھ کر اپنی ناراضگی کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ مہاراشٹر اسوسی ایشن آف ریسیڈنٹ ڈاکٹر (مارڈ) کی ڈاکٹر نیلم آندھراڈے نے شہری انتظامیہ کو ایک خط دیا ہے جس میں ریسیڈنٹ ڈاکٹروں کے مطالبات ۲۲؍ جولائی تک تسلیم نہ کئے جانے کی صورت میں اجتماعی چھٹی کا انتباہ دیا ہے۔ اگر مطالبات پورے نہیں کئے گئے تو ۳؍ تاساڑھے ۳؍ ہزار ریسیڈنٹ ڈاکٹر ۲۲؍ جولائی کو کام نہیں کریں گے۔
نائر میں مارڈ کے تمام عہدیداروں اور ریسیڈنٹ میڈیکل آفیسروں نے ریسیڈنٹ ڈاکٹروںکےتئیں بی ایم سی کے طرز عمل پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ’’ اگر شہری انتظامیہ نے جلد ازجلد ہمارے مطالبات پورے نہیں کئے تو مجبوراً ہمیں سخت قدم اُٹھانا پڑےگا۔‘‘