• Wed, 12 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ڈاکٹر سمپدا کے اہل خانہ کو انصاف دلانے کیلئے احتجاج

Updated: November 12, 2025, 1:48 PM IST | Saeed Ahmed Khan

۴؍تنظیموں کی جانب سے آزاد میدان پر مظاہرہ۔ انصاف ملنے تک آواز بلند کرنے کا عہد۔

Women protesting at Azad Maidan. Photo: Inqilaq
آزادمیدان پر خواتین احتجاج کررہی ہیں۔ تصویر: انقلاب
ستارا کی ڈاکٹر سمپدا خودکشی معاملے میں  اکھل بھارتیہ جن وادی مہیلا سنگھٹن (اے آئی ڈی ڈبلیو اے )، ڈیموکریٹک یوتھ فیڈریشن آف انڈیا (ڈی وائی ایف آئی) ، اسٹوڈنٹس فیڈریشن آف انڈیا (ایس ایف آئی)  اور کام کاجی سمنوے سمیتی (سیٹو) کے اشتراک سے منگل کی شام کو آزاد میدان پر زبردست احتجاج کیا گیا۔اس دوران مظاہرین پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھےجن پر’ ڈاکٹر سمپدا منڈے کو انصاف دو، خاطیوں کو سزادو، صحیح تفتیش کرو اور جتنے بھی قصور وار ہیں، ان کے چہرے بے نقاب کرو ‘ جیسے نعرے تحریر تھے۔
اس موقع جن وادی مہیلا آندولن کی رکن سگندھی فرانسس نے کہا کہ ڈاکٹر سمپدا منڈے  کے اہل خانہ کو انصاف ملنا  ہی چاہئے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس معاملے میں مہاراشٹر ویمن کمیشن کی سربراہ کا رول اور  ان کی بیان بازی شرمناک ہے، ان کو فوراً  ان کے عہدے سے ہٹایا جائے۔ اسی طرح اس معاملے میں فرنویس حکومت کا رول بھی بہت خراب اور جانبدارانہ ہے ، وہ بھی عہدے پر رہنے کا حق کھو چکے ہیں۔سگندھی فرانسس نے یہ بھی کہا کہ یہ جھوٹ ہے کہ ڈاکٹر سمپدا نے خودکشی کی ہے ، ان کا قتل کیا گیا ہے اور اس میں کئی لوگ شامل ہیں۔پرمیلا مانجلکر نے کہا کہ ڈاکٹر سمپدا کے تعلق سے آواز بلند کرنا ہماری ذمہ داری ہے ، یہ ایک ڈاکٹر کا ہی نہیں بلکہ تمام خواتین اور خاص طور پر ایسی خواتین اور پڑھ لکھ کر آگے بڑھنے والی بیٹیوں کا مسئلہ ہے۔ سوال یہ ہے کہ ڈاکٹر سمپدا کو کیوں نشانہ بنایا گیا ، کون اس کے خاطی ہیں اور کس لابی نے یہ جرم کیا ہے، انہیں سامنے لانے اور قرار واقعی سزا دینے کی ضرورت ہے۔
ڈی وائی ایف آئی کی رکن ایس شندے نے کہا کہ ڈاکٹر سمپدا کو انصاف ملے اور آئندہ پھر کسی کے ساتھ  ایسا کوئی واقعہ پیش نہ آئے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ انصاف دلانے تک ہم سب یہ طے کرلیں کہ ہمیں مستقل آواز بلند کرنی ہے ۔
’ سیٹو‘ کی رکن منداکنی یادو نے کہا کہ  ڈاکٹر سمپدا کو انصاف دلانے کی ہم سب کی ذمہ داری ہے ۔ اسی لئے ہم سب آزاد میدان پر جمع ہوئے ہیں مگر یہ آخری موقع نہیں ہے بلکہ ہم سب وقفے وقفے سے صدائے احتجاج بلند کرتے رہیں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK