قیادت بھیونڈی کے رکن پارلیمنٹ سریش مہاترے نے کی ،سپریہ سلے اورانڈیا اتحاد کے دیگر اراکین کی شرکت۔
پارلیمنٹ کے احاطے میںہوئے احتجاج کا منظر۔ تصویر:آئی این این
نئی ممبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو ڈی بی پاٹل کے نام منسوب کرنے کے مطالبہ کے ساتھ بدھ کو پارلیمنٹ کے احاطے میں انڈیا اتحاد کے کچھ اراکین پارلیمان نے احتجاج کیا۔ اس احتجاج کی قیادت بھیونڈی کے رکن پارلیمان سریش مہاترے نے کی ۔ مظاہرین میں این سی پی (شردچندر پوار) کی سینئر لیڈر سپریا سلے سمیت انڈیا اتحاد کے کئی اراکین پارلیمنٹ شامل تھے۔ سبھی اراکین نے ڈی بی پاٹل کے حق میں نعرے لگائے اور ہاتھوں میں مطالباتی بینر تھام کر مرکزی حکومت کے رویے پر سخت ناراضگی ظاہر کی۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ گزشتہ۱۱؍ سال سے نوی ممبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو ڈی بی پاٹل کا نام دینے کی مانگ مقامی عوام اور بھومی پتر مسلسل اٹھا رہے ہیں، مگر مرکزی حکومت اس حساس مسئلے کو دانستہ طور پر نظر انداز کر رہی ہے۔ ان کے مطابق ڈی بی پاٹل نے نہ صرف کوکن خطے بلکہ ریاست کی سیاست میں بھی نمایاں خدمات انجام دی ہیں، اس لیے ہوائی اڈے کو ان کا نام دینا عوام کے جذبات کا احترام کرنا ہوگا۔اس موقع پر سریش مہاترے نے سخت لہجے میں کہا ’’جب تک ہوائی اڈے کو ڈی بی پاٹل کا نام نہیں دیا جاتا، ہماری جدوجہد رکنے والی نہیں ۔ ہم ایوان کے اندر بھی آواز اٹھائیں گے اور باہر بھی۔ یہ جدوجہد عوام کی عزت اور شناخت کی جنگ ہے۔‘‘
انڈیا اتحاد کے اراکین نے واضح کیا کہ اگر حکومت نے جلد فیصلہ نہ کیا تو تحریک مزید تیز کی جائے گی۔ ادھر مقامی سطح پر بھی اس احتجاج کو بڑی حمایت مل رہی ہے اور عوام نئے فیصلے کی انتظار میں حکومت کی نیت پر سوال اٹھا رہے ہیں۔واضح ہوکہ گزشتہ ہفتہ سریش مہاترے نے پارلیمنٹ کے اندر بھی اس پر آواز اٹھائی تھی۔