Inquilab Logo Happiest Places to Work

ممبئی کو ٹی بی سے پاک بنانےکیلئے عوام کی شرکت ضروری ہے :گورنر

Updated: May 27, 2026, 12:11 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

گورنر جشنو دیو ورما نے منگل کو کہا ہے کہ ممبئی کو ٹی بی سے پاک بنانے کیلئے عوام کی شرکت ضروری ہے۔

Governor Jishnu Dev Verma Distributing Kits Among TB Patients.Photo:INN
گورنر جشنو دیو ورما ٹی بی کے مریضوں میں کٹ تقسیم کرتے ہوئے۔تصویر:آئی این این
گورنر جشنو دیو ورما نے منگل کو کہا ہے کہ ممبئی کو ٹی بی سے پاک بنانے کیلئے عوام کی شرکت ضروری ہے ۔’ٹی بی فری انڈیا‘ مہم کو ممبئی کے کونے کونے تک پھیلانے کے مقصد سے برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن( بی ایم سی ) کے زیر اہتمام ’ٹی بی فری ممبئی‘ مہم کا آغاز منگل ۲۶؍ مئی کو گورنر جشنو دیو ورما کی موجودگی میں سائن کے لوکمانیہ تلک اسپتال میں کیا گیا۔ اس موقع پر گورنر نے قومی سطح پر تپ دق کے خاتمے کے پروگرام میں حصہ لینے والے رضاکار تنظیموں کو بھی اعزاز سے نوازا۔اس موقع پر گورنر نے ’ٹی بی فری ممبئی‘مہم پر ایک معلوماتی کتابچہ کا بھی اجراء کیا ۔
 
 
اس موقع پر گورنر نےکہاکہ ممبئی شہر اور آس پاس کے علاقوں کی آبادی آج تقریباً۲؍ کروڑ تک پہنچ گئی ہے۔ آبادی زیادہ ہونے کی وجہ سے ٹی بی جیسی بیماریوں کے پھیلنے کا خطرہ زیادہ ہے۔ اس بات کو ذہن میں رکھتے ہوئے مہاراشٹر لوک بھون کی پہل پر ’ٹی بی فری ممبئی‘ مہم شروع کی گئی ہے، جس میں عوام کی شرکت انتہائی ضروری ہے۔
 
 
گورنر نے کہا کہ اگر ممبئی ٹی بی سے پاک ہونے میں کامیاب ہو جاتا ہے تو یہ نہ صرف ہندوستان بلکہ پوری دنیا کیلئے ایک مثال قائم کرے گا اور ممبئی کی عالمی امیج کو مزید مضبوط کرے گا۔انہوں نے بتایا کہ اس مہم کے مختلف مراحل میں یونیورسٹیوں اور کالجوں کے طلبہ، ریڈ کراس سوسائٹی، این سی سی، مائی یووا بھارت کے رضاکار، اسکاؤٹس اور گائیڈ، رضاکارانہ تنظیمیں اور مختلف سماجی تنظیمیں شامل ہوں گی۔گورنر نے کہا کہ ٹی بی کو بروقت علاج سے مکمل طور پر ٹھیک کیا جا سکتا ہے، حکومت مفت ٹیسٹ اور علاج کی سہولیات فراہم کرتی ہے۔ اس معلومات کو عوام تک پہنچانا ضروری ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK